یہاں درختوں سے ڈھکی پہاڑی ڈھلوانیں، گھنے جنگلات، پتھریلے راستے اور دور تک پھیلی وادیاں سیاحوں کو ایک منفرد تجربہ فراہم کرتی ہیں۔
EPAPER
Updated: November 19, 2026, 1:07 PM IST | Mohammad Habib | Mumbai
یہاں درختوں سے ڈھکی پہاڑی ڈھلوانیں، گھنے جنگلات، پتھریلے راستے اور دور تک پھیلی وادیاں سیاحوں کو ایک منفرد تجربہ فراہم کرتی ہیں۔
مہاراشٹر کے ضلع امراوتی میں واقع میل گھاٹ وائلڈ لائف سینکچری قدرت کے ان حسین خطوں میں شامل ہے جہاں گھنے جنگلات، بلند و بالا پہاڑیاں، گہری وادیاں، بہتے ہوئے ندی نالے اور جنگلی حیات کا ایک وسیع سلسلہ دیکھنے کو ملتا ہے۔ سطح سمندر سے بلند ست پوڑہ پہاڑی سلسلے کے جنگلات میں پھیلا یہ علاقہ قدرتی حسن کے ساتھ جنگلی جانوروں اور نایاب پرندوں کی پناہ گاہ بھی ہے۔میل گھاٹ محض ایک جنگلی حیات کی پناہ گاہ نہیں بلکہ ہندوستان میں شیروں کےتحفظ کی کوششوں کا بھی ایک اہم حصہ ہے۔ یہاں موجود جنگلاتی ماحول میںبنگال ٹائیگر کے علاوہ تیندوے، ریچھ، گور، ہرن اور مختلف اقسام کے پرندے پائے جاتے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ اسے مہاراشٹر کے اہم جنگلی سیاحتی مقامات میں شمار کیا جاتا ہے۔
یہ مقام کیسا ہے؟
میل گھاٹ مہاراشٹر کے شمالی حصے میں واقع ست پوڑہ پہاڑی سلسلے کا ایک اہم جنگلاتی علاقہ ہے۔ یہ امراوتی ضلع کے شمالی حصے میں مدھیہ پردیش کی سرحد کے قریب پھیلا ہوا ہے۔ اس علاقے کا بیشتر حصہ پہاڑی اور جنگلاتی ہے۔ یہاں کی قدرتی ساخت میں گہری وادیاں، دشوار گزار پہاڑی راستے اور گھنے درخت نمایاں ہیں۔
نام کے معنی
میل گھاٹ کا لفظ دو الفاظ سے مل کر بنا ہے۔ مراٹھی زبان میں ’میل‘سےمراد پہاڑی سلسلے یا بلندیاں اور ’گھاٹ‘ سے مراد پہاڑی درّے یا وادیوں کی جانب اترنے والے راستےہیں۔ اس خطے کی جغرافیائی ساخت بھی اس نام کی مناسبت کو ظاہر کرتی ہے۔
یہ بھی پڑھئے: ناگزرا وائلڈ لائف سینکچری: جنگلی جانوروں اور پرندوں کو دیکھنے کا عمدہ مقام
جنگلی حیات کی رنگا رنگ دنیا
میل گھاٹ کو۷۴۔۱۹۷۳ءمیںہندوستان کے منصوبۂ تحفظِ شیر یعنی ٹائیگر پروجیکٹ کے تحت ملک کے ابتدائی ٹائیگر ریزرو میں شامل کیاگیا تھا۔ اس طرح یہ ملک میں شیروں کے تحفظ کے لیے قائم کیے گئے اولین محفوظ علاقوں میں سے ایک بن گیا۔ میل گھاٹ ٹائیگر ریزرو کا بنیادی مقصد شیروں اور ان کے قدرتی مسکن کا تحفظ، جنگلاتی ماحول کی بقا اور دیگر جنگلی جانوروں کی افزائش کو یقینی بنانا ہے۔
اس علاقے میں قبائلی آبادی بھی صدیوں سے آباد ہے۔ کورکو اور گونڈ قبائل یہاں کی نمایاں مقامی برادریوںمیں شامل ہیں۔ ان کی روایات، طرز زندگی اور جنگلات سے وابستہ معاشرت اس خطے کی ثقافتی شناخت کا اہم حصہ ہیں۔
جغرافیائی ساخت
اس خطے کی جغرافیائی ساخت بھی خاص اہمیت رکھتی ہے۔ تاپتی ندی اس کے شمال مشرقی حصےکی حد بناتی ہے، جب کہ کھانڈو، کھاپرا، سپنا، گڈگا اور ڈولر ندیاں اس کے آبی نظام کا حصہ ہیں۔ ان ندیوں اور ان سےوابستہ آبی ذخائر کی وجہ سے جنگلی جانوروں کو پانی اور جنگلاتی حیات کو ضروری وسائل میسرآتے ہیں۔میل گھاٹ کے جنگلات صرف جانوروں کے لیے ہی نہیں بلکہ نباتاتی تنوع کے اعتبار سے بھی اہم ہیں۔ یہاں مختلف جڑی بوٹیاں، جنگلی پھول، جھاڑیاں اور گھاس کی کئی اقسام پائی جاتی ہیں۔ بارش کے بعد جنگلات میں قدرتی پھول کھلنے لگتے ہیں اور پورا علاقہ ایک دلکش منظر پیش کرتا ہے۔
کیسے پہنچیں؟
ممبئی سے میل گھاٹ جانے کیلئےکئی ذرائع استعمال کیے جاسکتے ہیں۔ البتہ میل گھاٹ ایک وسیع جنگلاتی خطہ ہے، اس لیے پہلے یہ طے کرنا ضروری ہے کہ آپ سیمادوہ، کولکاس، چکھلدرہ یا شاھنور میں سے کس مقام پر جانا چاہتے ہیں۔
ریل کے ذریعے: ممبئی سے امراوتی کے قریب واقع بڈنیرا جنکشن کے لیے ٹرینیں دستیاب ہیں۔ بڈنیرا سے امراوتی اور وہاں سے پرت واڑا پہنچا جاسکتا ہے۔ پرت واڑا میل گھاٹ کے مختلف مقامات تک پہنچنے کے لیے ایک اہم راستہ ہے۔
سڑک کے ذریعے: نجی گاڑی سے جانے والے سیاح ناسک، دھولیہ، اکولہ اور امراوتی کے راستے کا انتخاب کرسکتے ہیں۔