Inquilab Logo Happiest Places to Work

لفنگے: دوستی اور نوجوانوں کے مسائل پیش کرنے والی کہانی پر مبنی سیریز

Updated: July 06, 2025, 10:47 AM IST | Mohammed Habib | Mumbai

دوستی کے ذریعے نوجوانوں اور متوسط طبقے کے خاندانوں کی امیدوں اور امنگوں سےبھری اپنی سادہ کہانی کے لیے یہ سیریز دیکھنے لائق ہے۔

Harsh Beniwal, Gagan Arora, Anood Singh Dhaka can be seen in a scene from the web series `Lafangey`. Photo: INN.
ویب سیریز’لفنگے ‘ کے ایک منظرمیں ہرش بینیوال، گگن اروڑا، انود سنگھ ڈھاکہ کو دیکھا جاسکتاہے۔ تصویر: آئی این این۔

لفنگے(Lafangey)
اسٹریمنگ ایپ: ایم ایکس پلیئر(۶؍ایپی سوڈ)
اسٹار کاسٹ: ہرش بینیوال، گگن اروڑا، انود سنگھ ڈھاکہ، برکھا سنگھ، سلونی گوڑ، رنجن راج، نوین اوہلیان، نیلو ڈوگرا، ساحل سنگھ
ڈائریکٹر: پریم مستری، ابھیشیک یادو
رائٹر: ابھیشیک یادو، دھننجے دکشت، ابھیجیت سنگھ، انکت یادو
پروڈیوسر: ابھیشیک یادو، پریم مستری
موسیقار: سمرن ہورا
سنیماٹوگرافی: جیرن پال
ایڈیٹر: آکاش بندھو
کاسٹنگ: یش ناگرکوٹی
پروڈکشن ڈیزائن: اشونی شریواستو
آرٹ ڈائریکٹر: افروز حیدر، کلدیپ جاٹوا، ترشنا ساورکر
کاسٹیوم: یشیکا ککڑ
میک اپ: امیت کچھاوا
ریٹنگ:***
ایک پرانی کہاوت ہے کہ ’’خواب نہیں دیکھیں گے تو پورے کیسے ہوں گے۔ ‘‘ یہ درست ہے کہ خواب دیکھنا ضروری ہے لیکن یہ ضروری نہیں کہ خوابوں کی تکمیل ہی آخری منزل ہو۔ کچھ ادھورے خواب ایسے تجربات دیتےہیں، جن سے رشتوں اور زندگی کی نئی تعریفیں بنتی ہیں۔ بچپن کے تین دوستوں کی کہانی سے بنی ویب سیریز’لفنگے‘کا مزاج بھی کچھ ایسا ہی ہے۔ پریم مستری اور ابھیشیک یادو کی ہدایت کاری میں بننے والی اس سیریز میں نہ صرف دوستی کی مٹھاس ہے بلکہ نچلے متوسط طبقے کے خاندانوں کے نوجوانوں کے خوابوں، عزائم، رشتوں، سماجی دباؤ اور بے روزگاری بھی ہے۔ 
سیریز کی کہانی
کہانی نوئیڈا میں رہنے والے بچپن کے ۳؍ دوستوں، چیتنیہ (انود سنگھ ڈھاکہ)، کملیش (ہرش بینیوال) اور روہن (گگن اروڑہ) کی ہے۔ چیتنیہ، جو اسکول میں ٹاپر تھا، سرکاری ملازمت حاصل کرنےکی پوری کوشش کر رہا ہے۔ اسی لیے وہ ہر سرکاری بھرتی کا امتحان دیتا ہے تاکہ نوکری ملنے کے بعد وہ اپنے والد کے سر سے قرض کابوجھ کم کر سکے اور اپنی بہن (سلونی گوڑ) اور ماں کو اچھی زندگی دے سکے۔ دوسری جانب کملیش کو باڈی بلڈنگ کرکے اداکار بننے کا جنون ہے، لیکن اس کے والد، جو کرانےکی دکان چلاتے ہیں، چاہتے ہیں کہ وہ اداکاری چھوڑ کر کاروبار پر توجہ دے۔ روہن، جو اپنے بھائی اور بھابھی کے ساتھ رہتا ہے، بھی ایک ایسی نوکری کی تلاش میں ہے جو اسےاپنی کالج کے وقت کی گرل فرینڈ ایشیتا (برکھا سنگھ) کے ساتھ لیو ان ریلیشن شپ میں رہنے کے لیے مالی مدد دے سکے۔ کہانی بدلتی ہے، سرکاری ملازمت میں مسلسل گھوٹالوں اور تاخیر کی وجہ سے، چیتنیہ سٹے بازی کی دلدل میں پھنسنے پر مجبور ہوتا ہے، جو اسےبچانے کے بجائے اسے پستی کی راہ پر لے جاتی ہے۔ روہن کو کسی طرح سیلز بوائے کی نوکری مل جاتی ہے اور وہ ایشیتا کے ساتھ لیو ان ریلیشن شپ میں رہنے لگتا ہے، جو اس سے زیادہ کماتی ہے۔ لیکن بہت جلد دونوں مالیاتی ایڈجسٹمنٹ اور رومانوی توقعات کے چکر میں پھنس جاتے ہیں۔ وہیں، اداکار بننے کی کوشش کر رہے کملیش کو اپنے والد کی قربانیوں کے بارے میں معلوم ہوتا ہے، جن کے بارے میں وہ ہمیشہ منفی سوچتا ہے۔ اپنے کیریئر اور زندگی میں کچھ بڑا اور مختلف کرنے کا خواب دیکھنے والے ان تینوں نوجوانوں کے خواب پورے ہوتےہیں یا نہیں، یہ جاننے کیلئے آپ کو یہ ویب سیریز دیکھنا ہوگی۔ 
ہدایت کاری
ہدایت کار پریم مستری اور ابھیشیک یادو کی یہ سیریز نوجوانوں سےجڑے مسائل پر بہت سادگی سے بات کرتی ہے۔ متوسط طبقے کے چیلنجز اور روزمرہ کی جدوجہد ماحول کے پس منظر کے ساتھ ترتیب دی گئی ہے۔ اگرچہ کہانی کو نقطہ پر آنے میں کچھ وقت لگتا ہے لیکن جیسے جیسےایپی سوڈآگے بڑھتےہیں، ناظرین کرداروں سے جڑتے جاتے ہیں۔ تنگ گلیوں اور نچلے متوسط طبقے کے گھروں کی سیٹ ڈیزائننگ کہانی کو قابل اعتماد بناتی ہے۔ 
اس ویب سیریز کی ایک اور خصوصیت یہ ہے کہ میلو ڈراما کسی بھی جدوجہد یا رشتوں کی کشمکش میں حاوی نہیں ہوتا۔ اگر ایڈیٹنگ تھوڑی تیز ہوتی تو مزہ دوبالا ہو سکتا تھا۔ کچھ تسلسل دہرائے جانے والے لگتے ہیں، لیکن پھر پری کلائمیکس اور کلائمیکس آپ کے چہرے پرمسکراہٹ لاتے ہیں۔ دوستی کے بندھن میں بندھی اس کہانی کے ذریعے ہدایت کار جوڑی نے ان تمام مسائل کے بارے میں بات کی ہے جن سے آج کے زیادہ تر نوجوان گزرتے ہیں۔ 
اداکاری
اداکاروں کی فطری اور سادہ اداکاری اس ویب سیریز کو مضبوط کرتی ہے۔ چیتنیہ کے کردار میں انود سنگھ ڈھاکہ نے بے روزگاری کےساتھ جدوجہد کرنے والے ہونہار نوجوان کے کردار کو بہت خوبصورتی سےپیش کیا ہے۔ کملیش کے کردار میں ہرش بینیوال، تفریح کے لمحات فراہم کرنے کا انتظام کرتے ہیں۔ 
نتیجہ
نوجوانوں اور متوسط طبقے کے خاندانوں کی امیدوں اور امنگوں کی اپنی سادہ کہانی کے لیے یہ سیریز دیکھنے کے لائق ہے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK