Inquilab Logo

ہندوستانی کمپنی لاوا کا بلیز کَرو۵؍جی کم قیمت میں اچھا فون

Updated: May 20, 2024, 12:58 PM IST | Mohammed Habib | Mumbai

اس کا بنیادی فون ۱۸؍ہزارروپے میں دستیاب ہےجس میں۸؍جی بی ریم اور ۱۲۸؍جی بی اسٹوریج ہے،۱۹؍ہزار میں ۲۵۶؍جی بی اسٹوریج دستیاب۔

In the picture Lava Blaze is held in hand. Photo: INN
تصویر میںلاوا بلیز ہاتھ میں پکڑا ہوا ہے۔ تصویر : آئی این این

ہندوستانی برانڈ’لاوا‘نے اس ماہ کے شروع میں بلیز کرو ۵؍جی اسمارٹ فون لانچ کیا تھا۔ ’لاوا‘اپنی کھوئی ہوئی ’چمک‘ دوبارہ حاصل کرنےکی پوری کوشش کر رہا ہے اور ایسا لگتا ہے کہ کمپنی میں ایسا کرنے کی صلاحیت موجود ہے۔ ۲۰؍ہزار روپے سے کم کے زمرے میں، خم دار امولیڈڈسپلے اور پریمیم ڈیزائن اس فون کو دیگر سے ممتاز کرتا ہے۔ لیکن’لاوا‘کےلیے اصل چیلنج شائومی، ریئل می، ویوو اور اوپوجیسے چینی برانڈہیں۔ ان کے بیچ کیا یہ فن عوام کا دل جیس سکے گا۔ 
قیمت:لاوا بلیز کرو ۵؍جی اسمارٹ فون کے دو ویریئنٹس لانچ کیے گئےہیں۔ ۸؍جی بی ریم اور ۱۲۸؍جی بی اسٹوریج والےمتبادل کی قیمت ۱۷؍ہزار ۹۹۹؍روپےہے۔ جبکہ ۸؍جی بی ریم اور ۲۵۶؍ جی بی اسٹوریج والےماڈل کی قیمت۱۸؍ہزار ۹۹۹؍ روپے ہے۔ 
 ڈیزائن: فون کے ڈیزائن میں ’دل جیتنے‘کی صلاحیت موجود ہےاوریہ ڈیوائس کو ایک پریمیم اور پرکشش شکل دیتا ہے۔ اس کی پشت پرکانچ ہے، جس میں میٹ فنش اور کورننگ گوریلا گلاس۳؍کا تحفظ ہے۔ کمپنی کا دعویٰ ہے کہ یہ فون گرنے کی صورت میں خود کو ٹوٹنے سے بچا سکتا ہے۔ فون کے دائیں جانب پاور بٹن اور والیوم راکر ہے۔ ان کی پوزیشننگ کافی اچھی ہے۔ فون کا بایاں حصہ خالی ہے۔ ٹائپ سی پورٹ، سم ٹرے، مائیکروفون نیچے دستیاب ہیں۔ اوپر اور نیچے دو اسٹیریو اسپیکرہیں۔ یہ ڈولبی ایٹموس کو سپورٹ کرتا ہے۔ اس کےچاروں کونے مڑے ہوئے ہیں۔ فون ہاتھ میں پکڑنےپرآسانی سے پھسلتا نہیں ہے۔ ۱۸۹؍گرام وزن اسے ہلکے وزن والے ڈیوائس کے زمرے میں رکھتا ہے۔ 
بکس میں کیا ہے: اس فون میں ۳ء۵؍ ایم ایم ہیڈ فون جیک نہیں ہے۔ اس کمی کو پورا کرنے کے لیے، باکس میں یو ایس بی ٹائپ سی کنیکٹر فراہم کیا گیا ہے۔ ایک اور چیز جو غائب ہے وہ ہے ایس ڈی کارڈ داخل کرنے کا اختیار۔ اس کی کمی ۱۲۸؍جی بی ویرینٹ میں محسوس کی جا سکتی ہے۔ باکس میں ۳۳؍ واٹ کاچارجر، سی ٹائپ ڈیٹا کیبل، سم ایجیکٹر ٹول اور ٹی پی یو کور بھی دستیاب ہے۔ 
اسپیسی فکیشن:۶ء۶۷؍انچ کا فل ایچ ڈی پلس امولیڈ ڈسپلے ہے۔ اس کا ریزولوشن۱۰۸۰x۲۴۰۰؍پکسلز اور ریفریش ریٹ ۱۲۰؍ ہرٹز ہے۔ اس فون میں میڈیا ٹیک کا ڈائمنسٹی ۷۰۵۰؍پروسیسرہے۔ کنیکٹیویٹی کیلئے۵؍ جی، ۴؍جی، بلوٹوتھ ۵ء۲؍، ایف ایم ریڈیو، وائی فائی، او ٹی جی سپورٹ، نیز ایکسلرومیٹر، ایمبیئنٹ لائٹ سینسر، میگنیٹومیٹر اور پراکسیمٹی سنسر شامل ہیں۔ 
سافٹ ویئر: یہ اسمارٹ فون اینڈرائیڈ۱۳؍ آپریٹنگ سسٹم پر مبنی یو آئی پر چلتا ہے۔ اینڈرائیڈ۱۴؍کےدور میں یہ قدرے پرانا ہے، لیکن اسٹاک اینڈرائیڈ کا تجربہ پیش کرتا ہے۔ آپ اسے یوں بھی سمجھ سکتے ہیں کہ دوسرے اسمارٹ فونزمیں، اینڈرائڈ پر مبنی ان کا کسٹم آپریٹنگ سسٹم اینڈرائیڈکام کرتا ہے، جبکہ اس فون میں گوگل کا خالص اینڈرائیڈ کام کرتا ہے۔ جس کی وجہ سے غیر ضروری اشتہارات اور پش نوٹیفیکیشن نہیں آتے۔ بلوٹ ویئر کی کوئی پریشانی نہیں۔ لاوا کےایپس بھی بہت کم انسٹال کئے ہوئے آتے ہیں۔ کمپنی نے۳؍سال کے لیے۲؍ اینڈرائیڈ اپ گریڈ اور سیکیورٹی اپ ڈیٹ فراہم کرنے کا وعدہ کیا ہے۔ اس کا مطلب ہے کہ اس فون میں اینڈرائیڈ ۱۴؍ اور اس کے بعدآنے والےاو ایس بھی آئیں گے۔ 
بیٹری:اس میں ۵؍ہزار ایم اے ایچ بیٹری استعمال کی گئی ہے جو ایک دن چلتی ہے۔ جبکہ آپ تقریباً۴۰؍منٹ گیمنگ، دن میں چند گھنٹے سوشل میڈیا استعمال کرتے ہیں، تقریباً ایک گھنٹےکروم پر نیوز ویب سائٹس دیکھتے ہیں اور او ٹی ٹی پر ویب سیریزکے۲؍ ایپی سوڈ دیکھتے ہیں۔ اگر آپ بہت زیادہ گیمنگ کرتے ہیں اور انٹرنیٹ استعمال کرتے ہیں، تو آپ کو دن کے اختتام سے پہلے اپنے فون کو چارج کرنے کی ضرورت پڑ سکتی ہے۔ 
کیمرہ : فون کے پچھلے حصے میں ۳؍کیمرے ہیں۔ مرکزی کیمرہ ۶۴؍میگا پکسلز کے ساتھ۸؍ میگا پکسل الٹرا وائیڈ کیمرہ اور ایل ای ڈی فلیش کے ساتھ۲؍ میگا پکسل میکرو کیمرہ ہے۔ اس کے علاوہ سیلفی کیلئے ۳۲؍میگا پکسل کا کیمرہ دیا گیا ہے۔ 

چپ سیٹ     میڈیا ٹیک ڈائمنسٹی ۷۰۵۰؍پلس
 ریم             ۸؍ جی بی،۱۲؍جی بی
اسٹوریج       ۱۲۸؍ اور ۲۵۶؍ جی بی
ریزولیوشن    ۱۰۸۰x۲۴۰۰؍پکسل  
بیٹری          ۵۰۰۰؍ایم اے ایچ
چارجنگ       ۳۳؍ واٹ فاسٹ چارجنگ
ڈسپلے         ۶ء۶۷؍انچ 
کیمرے       ۶۴؍،۸؍ اور۲؍میگا پکسل،سیلفی کیلئے۳۲؍

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK