آئی فون ۱۶؍ اور سیمسنگ ایس ۲۵؍ سے مقابلہ کرنے والا یہ فون اپنی چند منفرد خصوصیات کے سبب صارفین کی توجہ حاصل کرسکتا ہے۔
EPAPER
Updated: July 14, 2025, 11:42 AM IST | Mohammed Habib | Mumbai
آئی فون ۱۶؍ اور سیمسنگ ایس ۲۵؍ سے مقابلہ کرنے والا یہ فون اپنی چند منفرد خصوصیات کے سبب صارفین کی توجہ حاصل کرسکتا ہے۔
’نتھنگ‘کمپنی نے اپنی نئی تخلیق’فون۳‘کےساتھ فلیگ شپ اسمارٹ فونز کی دوڑ میں قدم رکھ دیا۔ لندن میں منعقدہ ایک تقریب میں اس فون کی رونمائی کی گئی، جو براہِ راست ایپل اور سیمسنگ جیسے دیو ہیکل برانڈز کے میدان میں اترا ہے۔ جس قیمت پر یہ پیش کیا گیا ہے یعنی ۷۹؍ہزار ۹۹۹؍روپےوہ براہِ راست ایپل کےآئی فون ۱۶؍ اور سیمسنگ کےگیلکسی ایس ۲۵؍جیسے ماڈلز کو ٹکر دیتی ہے۔
ڈیزائن
فون۳؍کاڈیزائن نتھنگ کےمخصوص شفاف اندازکے ڈیزائن کو برقرار رکھتا ہے۔ پیچھے کی جانب شیشہ ہلکی سی بے ترتیبی کے ساتھ ایک ہنرمندانہ ہم آہنگی پیش کرتا ہے۔ پیچھے کا حصہ تین کالموں پر مشتمل ہے جن میں مختلف جیومیٹرک ڈیزائن عناصر موجود ہیں، اور اوپری دائیں کونے پر ایک نیا پیری اسکوپ لینس دیا گیا ہے جو بصری بغاوت کی علامت محسوس ہوتا ہے۔ فون کا وزن۲۱۸؍گرام ہےجو کہ آئی فون ۱۶؍ کے۱۷۰؍گرام سےکہیں زیادہ اور ون پلس ۱۳؍کے۲۱۰؍گرام سے تھوڑا زیادہ ہے۔ اس کا۹۲ء۸۹؍فیصد اسکرین ٹو باڈی ریشو اسے زیادہ کشادہ اور بے رکاوٹ ڈسپلے کا حامل بناتا ہے۔ کنارے ہلکے خم دار ہیں، جس سے دیر تک استعمال میں بھی کوئی تکلیف محسوس نہیں ہوتی۔
ڈسپلے
اس میں ۶ء۶۷؍انچ کی امولیڈاسکرین دی گئی ہے، جس کا ریزولیوشن۲۸۰۰x۱۲۶۰ پکسلز ہے اور پکسل ڈینسٹی ۴۶۰؍ پی پی آئی ہے۔ اسکرین کی خاص بات اس کی ۴۵۰۰؍نٹس کی پیک برائٹنیس ہے، جوایچ ڈی آرویڈیوز میں ایک متاثر کن تجربہ فراہم کرتی ہے۔ عام دن کی دھوپ میں بھی اسے آسانی سے دیکھا جاسکتاہے۔ ۱۲۰؍ ہرٹزریفریش ریٹ، ایچ ڈی آر ۱۰؍پلس سپورٹ اور۲۱۶۰؍ہرٹز پی ڈبلیو ایم ڈمنگ جیسے فیچرز اسے ایک مکمل پریمیئم ڈسپلے کا درجہ دیتے ہیں۔ او ٹی ٹی پلیٹ فارمزپر فل ایچ ڈی ویڈیوز دیکھنے کے لیے وائڈ وائن ایل ون سپورٹ بھی دستیاب ہے۔
ہارڈویئر
فون۳؍میں اسنیپ ڈریگون۸؍ایس جنریشن ۴؍چپ سیٹ استعمال کی گئی ہے، جو کہ فلیگ شپ نہیں بلکہ فلیگ شپ کے قریب ہے۔ اس قیمت پر صارفین اسنیپ ڈریگون۸؍ ایلیٹ کی توقع رکھتے تھے، لیکن ممکن ہے نتھنگ نے اس کے بجائے متوازن قیمت کو ترجیح دی ہو۔ اس میں ۲۵۶؍ جی بی اسٹوریج والے ماڈل میں ۱۲؍ جی بی ریم اور ۵۱۲؍جی بی اسٹوریج ماڈل میں ۱۶؍ جی بی ریم دی گئی ہے۔
سافٹ ویئر
یہ فون نتھنگ او ایس ۳ء۵؍پر چلتا ہے جو اینڈرائڈ ۱۵؍پرمبنی ہے۔ اس کے انٹرفیس میں روانی ہے، اور اس کامشہور ڈاٹ انجن بھی موجود ہے جو نتھنگ کو باقی اسمارٹ فونز سے ممتاز بناتا ہے۔
کمپنی کی جانب سے۵؍سال تک سسٹم اپڈیٹس اور۷؍سال کی سیکوریٹی پیچز دینے کا وعدہ کیا گیا ہے، جو اس برانڈ کے عزم کو ظاہر کرتا ہے۔ کال کی کوالیٹی عمدہ ہے، ۵؍جی کنیکٹیوٹی مضبوط ہے اور کمزور سگنل والے علاقوں میں بھی یہ بہتر پرفارم کرتا ہے۔
کیمرہ
فون۳؍کی سب سے خاص بات اس کا کیمرہ سیٹ اپ ہے جس میں ۵۰؍ میگا پکسل کےکل۴؍ لینسز دیے گئے ہیں۔ پرائمری کیمرہ بہترین ایکسپوژر، وائیڈ ڈائنامک رینج اور قدرتی کلرز کے ساتھ تصاویرکھینچتا ہے۔ وائٹ بیلنس معتدل ہے، اور دن کی روشنی میں لی گئی تصاویر نہایت شفاف اور دلکش نظر آتی ہیں۔
الٹرا وائیڈ اور دیگر کیمرہ لینسز بھی قابل تعریف ہیں، گو کہ پیچھے کی سطح سے ان کا اُبھرا ہوا ہونا تھوڑا سا عجیب لگتا ہے، لیکن میز پر رکھتے وقت فون لڑکھڑاتا نہیں۔
بیٹری
فون۳؍کی بیٹری کی بات کی جائے تو ہندوستانی ماڈلز میں ۵۵۰۰؍ ایم اے ایچ کی طاقتور بیٹری موجود ہے، جب کہ عالمی ماڈلز میں یہ ۵۱۵۰؍ایم اے ایچ کی ہے۔ اس میں ۶۵؍ واٹ فاسٹ چارجنگ، ۱۵؍ واٹ وائرلیس چارجنگ، ۵؍ واٹ ریورس وائرلیس چارجنگ اور۵ء۷؍ واٹ وائرڈ ریورس چارجنگ کی سہولیات ہیں۔
ڈسپلے ۶۷ء۶؍انچ
پروسیسر اسنیپ ڈریگون ۸؍ایس جنریشن ۴؍
ریم ۱۲؍ اور ۱۶؍ جی بی
اسٹوریج ۲۵۶؍ اور ۵۱۲؍ جی بی
آپریٹنگ سسٹم اینڈرائیڈ ۱۵؍پر مبنی نتھنگ او ایس۳ء۵؍
کیمرے ۵۰؍میگا پکسل کےسیلفی سمیت ۴؍ لینس
بیٹری ۵۵۰۰؍ ایم اے ایچ