Inquilab Logo Happiest Places to Work

چندن قلعہ:ستارا میں ٹریکنگ اور تاریخ کیلئے چھپا ہوا خزانہ

Updated: April 30, 2026, 11:02 AM IST | Mohammed Habeeb | Mumbai

۳۸۰۰؍فٹ یعنی۱۱۵۸؍ میٹر کی بلندی پر ہونے کی وجہ سے یہاں سے سہیادری کی وادیوں اور دیہات کا شاندار نظارہ ملتا ہے۔

A View Of Chandan Fort And Vandan Fort Taken From Afar.Photo:INN
چندن قلعہ اور وندن قلعہ کی دور سے لی گئی- تصویر:آئی این این
چندن قلعہ مہاراشٹر کے ضلع ستارامیں سہیادری پہاڑی سلسلے کی ایک شاخ پر واقع ایک تاریخی قلعہ ہے۔ اسے عام طور پر ’چندن- وندن قلعہ‘ کہا جاتا ہے کیونکہ چندن اور وندن دراصل دو جڑواں قلعے ہیںجو ایک دوسرے کے سامنےتقریباً ۳۸۰۰؍فٹ کی بلندی پر واقع ہیں۔ ٹریکرز اور تاریخ کے شوقینوں کیلئے یہ ایک چھپا ہوا خزانہ ہے۔ 
محل وقوع
چندن قلعہ ستارا شہر سے ۲۶؍کلومیٹر دور بیلماچی گاؤں کے پاس واقع ہے۔۳۸۰۰؍فٹ یعنی۱۱۵۸؍ میٹرکی بلندی پر ہونے کی وجہ سے یہاں سے سہیادری کی وادیوں اور دیہات کا شاندار نظارہ ملتا ہے۔قرون وسطیٰ میں یہ قلعہ ’واچ ٹاور اور تجارتی چوکی‘ کے طور پر استعمال ہوتا تھا اور ستارا جانے والے  راستوں کی حفاظت کرتا تھا۔ 
تاریخی پس منظر
تاریخی مسودات کےمطابق چندن-وندن قلعہ شیلہار خاندان کےبادشاہ بھوج دوم نے۹۲۔۱۱۹۱ءعیسوی میں تعمیر کروایا۔۱۶۷۳ء میں چھترپتی شیواجی مہاراج نے بیجاپور کے عادل شاہ سے ستارا کی مہم کے دوران کلیان گڑھ، سجن گڑھ اور اجنکیاتارا کے ساتھ یہ قلعہ بھی فتح کر لیا تھا۔شیواجی نے قلعے کو مضبوط کروایا اور اسے مراٹھاسلطنت کے دفاع کا اہم مرکز بنا دیا۔۱۶۸۹ءمیں یہ مغل سلطنت کے قبضے میںچلا گیا۔ ۱۷۰۷ء میںچھترپتی شاہو مہاراج نے اسےدوبارہ مراٹھوں کیلئے فتح کرلیا۔ تیسری اینگلو-مراٹھاجنگ کے بعد ۱۸۱۸ء میںانگریزوں نے اس پر قبضہ کر لیا اور اس کا فوجی استعمال ختم ہو گیا۔
قلعے میں دیکھنے لائق مقامات
اگرچہ آج قلعہ کھنڈرات کی شکل میں ہے، لیکن اس کی فصیلیں، برج اور عبادت گاہیں اب بھی موجود ہیں۔ 
داخلی دروازہ: دو برجوں والا صدر دروازہ اب آدھا منہدم ہے۔
پنچ وڈ: داخلی دروازے کے اوپر برگد کے۵؍ درختوں کا جھنڈ ہے جسے ’پنچ وڈ‘کہتے ہیں۔
پرانی مسجد: قلعے میں ایک قدیم مسجد بھی موجود ہے۔
صدر: قلعے کے بیچ ایک بڑا چوکور چبوترا ہے جسے’صدر‘ کہتے ہیں۔ 
شمالی برج: شمال کی طرف ایک سالم برج ہے ۔
گودام: جنوب میں پتھر کے ۳؍کمرے ہیں جن کی چھت نہیں۔ گاؤں والوں کے مطابق یہ اسلحہ ذخیرہ کرنے کی جگہ تھی۔ 
وندن قلعہ: چندن کے مقابلے میں بہتر حالت میں ہے۔ یہاں ایک درگاہ، پانی کا حوض، اور سرکارواڑہ نامی ۳؍کمروں کی عمارت ہے۔ درگاہ کے دروازے پر عربی رسم الخط میں کتبہ بھی ہے۔ 
 
 
 
ٹریکنگ کا تجربہ
دونوں قلعوں کا ٹریک ایک دن میں آسانی سے مکمل ہو جاتا ہے۔ بیلماچی یا ابراہیم پور گاؤں سےایک گھنٹے کی چڑھائی ہے۔ اکتوبر سے فروری تک یہاں جانا بہتر ہے، موسم خوشگوار رہتا ہے۔ 
یہاں کیسے پہنچیں؟
ریل کےذریعہ :ممبئی کے سی ایس ایم ٹی یا دادر سےکئی ٹرینیں ستارا کیلئے جاتی ہیں۔ستارا ریلوے اسٹیشن سےبیلماچی ۲۶؍کلومیٹر دور ہے۔یہاں سے ایم ایس آر ٹی سی کی بس، پرائیویٹ ٹیکسی/جیپ کے ذریعہ آپ بیلماچی پہنچ سکتے ہیں۔ بیلماچی سے چندن قلعہ تک ایک گھنٹے کی چڑھائی ہے ۔ وندن قلعہ کیلئے آدھا گھنٹہ مزید لگے گا۔
بس کےذریعہ :دادر،پریل یا بوریولی سے ستارا کیلئے رات بھر بسیں چلتی ہیںجو آپ کو ستارا بس اسٹینڈ پہنچادیں گی۔ وہاں سے سے بُھینج یا وائی جانے والی لوکل بس لیں، بیلماچی فاٹا پر اتریں۔ وہاں سے گاؤں تک۲؍ کلومیٹر چل کر یا شیئر جیپ سے پہنچ سکتے ہیں۔
 
 
سڑک کےراستے : اگر آپ اپنی کار سے جارہے ہیں تو ممبئی سے پونے بنگلور ہائی وے کے ذریعہ شیرول ناکہ،ستارا،بھینج ہوتے ہوئے بیلماچی پہنچ سکتے ہیں۔ابراہیم پور یا بیلماچی گائوں میں گاڑی کھڑی کرکے ٹریکنگ شروع کرسکتے ہیں۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK