Inquilab Logo Happiest Places to Work

سی ایم ایف فون ۲؍پرو:نتھنگ کا عمدہ خصوصیات کا حامل دوسرا فون

Updated: June 02, 2025, 11:30 AM IST | Mohammed Habib | Mumbai

عمدہ پروسیسرمیں ہلکا سافٹ ویئراس کی صلاحیتوں کو مزید بڑھا دیتا ہے،۵۰؍میگا پکسل پرائمری کیمرے کے ساتھ ۵۰؍میگاپکسل ٹیلی فوٹو لینس ہے۔

Nothing Company`s CMF Phone 2 Pro in different colors. Photo: INN
نتھنگ کمپنی کے سی ایم ایف فون ۲؍پروکے مختلف رنگ۔ تصویر: آئی این این

گزشتہ سال سی ایم ایف نےجب اپنا پہلافون سی ایم ایف فون ون متعارف کرایاتھا، توبجٹ اسمارٹ فونز کی دنیا میں ایک خوشگوار ہلچل سی مچ گئی تھی۔ ایک نئے اور انوکھے ڈیزائن کے ساتھ، جس میں پچھلا کور تبدیل کرنے کی سہولت موجود تھی، یہ فون ۲۰؍ہزار روپے کی قیمت سےنیچے والے زمرے میں کسی تازہ ہوا کے جھونکے کی مانند آیا۔ سادہ سافٹ ویئر، مستحکم کارکردگی اور دیدہ زیب ساخت نے اسے عوام میں مقبول بنایا۔ اب کمپنی نے ایک قدم اور آگے بڑھاتے ہوئےسی ایم ایف فون ۲؍ پروپیش کیاہے۔ جس کے تحت نئے سال کا نیا ماڈل، نئے دعوے، نئے فیچرز۔ 
قیمت
 اس کی قیمت ۱۹؍ہزار ۹۹۹؍روپے سے شروع ہوتی ہےجس میں ۸؍جی بی ریم اور ۱۲۸؍ جی بی اسٹوریج دیا گیا ہے، اور ۲۵۶؍ جی بی اسٹوریج والے ماڈل کی قیمت ۲۰؍ ہزار ۹۹۹؍ روپے ہے۔ 
ڈیزائن
 سی ایم ایف فون ۲؍پروکا ڈیزائن اپنے پیشرو کی روایت کو آگے بڑھاتاہے، لیکن اس بار کچھ نکھرا نکھرا سا محسوس ہوتا ہے۔ فون کی ساخت اب بھی پلاسٹک کی ہے، مگر پیچھے کا حصہ مختلف انداز کے مواد سے تیار کیا گیا ہے تاکہ ایک خاص کشش پیدا کی جا سکے۔ 
 یہ فون ۴؍ مختلف رنگوں میں دستیاب ہے جن میں سفید، سیاہ، نارنجی اور ہلکا سبز رنگ شامل ہیں۔ سفید اور نارنجی رنگ دوہری سطحی بناوٹ رکھتے ہیں، جبکہ ہلکا سبز اور سیاہ یکساں سطح پر مشتمل ہیں۔ نارنجی رنگ چمکدار اور دھاتی جھلک کے ساتھ آتا ہے، جبکہ سفید رنگ میٹ اور ریتیلے احساس والا ہے۔ 
ڈسپلے
 فون کےاسکرین میں ہلکا سا اضافہ کیا گیا ہے، اگرچہ فرق معمولی ہے۔ لیکن اصل فرق دو جگہوں پر ہے۔ اول یہ کہ اب یہ فون ۱۰؍بٹ رنگوں کی تفہیم کے ساتھ آتاہے، جوسی ایم ایف فون ون کے ۸؍بٹ سے بہتر ہے۔ دوم، اس بار روشنی کی زیادہ شدت میسر ہے یعنی اس میں ۳؍ہزار نٹس کی پییک برائٹنیس ہےجو پہلے ماڈل کے ۲؍ہزارنٹس سے کہیں زیادہ ہے۔ مطلب یہ کہ سورج کی روشنی میں بھی آپ کی اسکرین صاف نظر آئے گی۔ 
سافٹ ویئر
 اس فون میں نتھنگ او ایس۲ء۳؍ موجود ہےجو اینڈرائڈ ۱۵؍ پر مبنی ہے۔ اس میں آپ کو وہی سادہ، یک رنگ (کالے اور سفید) والےآئیکون اور نقطہ نما فونٹ والا یوزر انٹرفیس دیکھنے کو ملتا ہے، جس سے نتھنگ برانڈ کی پہچان بنی ہے۔ اس میں ۲۴؍مختلف ویجٹس دستیاب ہیں، جن میں گھڑی، موسم، کیلنڈر، رابطہ نمبر، تصویری البم وغیرہ شامل ہیں — مطلب روزمرہ کی ہر بنیادی ضرورت کا احاطہ۔ 
ہارڈ ویئر
اس فون میں میڈیا ٹیک ڈائمنسٹی ۷۳۰۰؍پروچِپ استعمال کی گئی ہے جو کہ پچھلے ماڈل کے ۷۳۰۰؍چِپ سے قدرے بہتر ہے۔ اس کے ساتھ۸؍جی بی ریم اور ۲۵۶؍ جی بی تک اسٹوریج دی گئی ہے، جسےمائکرو ایس ڈی کارڈ کے ذریعے مزید بڑھایا جا سکتا ہے۔ 
 روزمرہ کے استعمال میں دونوں فونز تقریباً یکساں محسوس ہوتے ہیں، لیکن گیمنگ یا بھاری ایپس میں نیا فون کچھ بہتر ردِعمل دیتا ہے۔ اگرچہ یہ چِپ کوئی ’پاور ہاؤس‘نہیں، مگر سافٹ ویئر کی سادگی کی وجہ سے فون کی کارکردگی رواں اور ہموار رہتی ہے۔ 
کیمرے
 اس فون میں ۳؍کیمروں کا سیٹ اپ دیا گیا ہے، جو کہ اس قیمت میں غیر معمولی بات ہے۔ اس میں ۵۰؍میگا پکسل کاپرائمری کیمرہ، ۵۰؍میگا پکسل کا ٹیلی فوٹو لینس(زوم کیلئے) اور ۸؍میگا پکسل کاالٹرا وائڈ لینس دیا گیا ہے۔ 
بیٹری
 اس میں ہے۵؍ہزار ایم اے ایچ کی طاقتور بیٹری ہے، جو کہ پچھلے ماڈل جتنی ہی ہے۔ استعمال کے دوران یہ فون آسانی سے پورا دن چل سکتا ہے، چاہے آپ ویڈیو دیکھیں، کال کریں یا انٹرنیٹ چلائیں۔ اسکرین آن ٹائم۶؍ گھنٹے کے قریب ہے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK