ممبئی کے کئی مقامات پر موجود اسٹورز میں ایسے کپڑے ملتے ہیں جس میں سلوٹیں نہیں پڑتیںاور داغ بھی نہیں لگتے، ان میں دیگرخصوصیات بھی ہیں۔
گوریگائوں ہائی وے کے قریب واقع اوبرائے مال میں موجود کلر پلس کا عالیشان اسٹور دیکھا جاسکتا ہے۔ تصویر: آئی این این
ہندوستان کے مردانہ ملبوسات کے منظرنامے میں کچھ برانڈز شور و غوغا کے ساتھ ابھرتے ہیں اور کچھ خاموشی سے اپنی پہچان بناتے ہیں۔ کلر پلس انہی خاموش مگر باوقار ناموں میں شامل ہے۔ یہ برانڈ فیشن کی عارضی لہر کے بجائے وقار، سادگی اور دیرپا معیار پر یقین رکھتاہے۔ اس کا مخاطب وہ شہری مرد ہے جو لباس کو نمائش نہیں بلکہ اپنی شخصیت کا تسلسل سمجھتا ہے۔
آغاز اور بنیاد
کلر پلس کاآغاز ۱۹۹۳ءمیںہوا، جب اس نے ہندوستانی مردانہ لباس کی مارکیٹ میں ’اسمارٹ کیژول‘کا ایک نیا تصور متعارف کرایا۔ اس وقت مارکیٹ میں زیادہ تر رسمی(فارمل)لباس کا غلبہ تھا، لیکن کلر پلس نے پریمیم کیژول لباس کے ذریعے اپنی جگہ بنائی۔ اس برانڈ کی بنیاد ویجو مہتانی اور راجن مدلیارنےرکھی۔ وہ چنئی میں قائم گارمنٹ ایکسپورٹ کمپنی ’امبٹور کلودنگ لمیٹڈ‘کے مالکان تھے، جو گیپ اور رالف لارین جیسے بڑے عالمی برانڈز کو کپڑے فراہم کرتی تھی۔کہا جاتا ہے کہ برانڈ کا نام ایک غیر ملکی خریدار کی وجہ سے پڑا جو ہرنمونےمیں ’مزید رنگ‘مانگتا تھا۔۲۰۰۳ءمیں،ملک کے مشہور ٹیکسٹائل گروپریمنڈنے کلر پلس کے اکثریتی حصص خرید لیے، جس کے بعد یہ برانڈ ریمنڈ گروپ کا حصہ بن گیا۔آج کلر پلس کے ہندوستان اور جنوبی ایشیا میں ۱۸۰؍سے زائد اسٹورزہیں۔
کلر پلس کی خصوصیات
کلر پلس کی سب سے اہم خصوصیت اس کی رنگوں پر توجہ، آرامدہ کپڑوں اور جدید تکنیک میں پوشیدہ ہیں۔ برانڈنے ہندوستانی مارکیٹ میں کئی اہم تبدیلیاں اور اختراعات متعارف کرائیں۔
اس برانڈ کی اہم خصوصیات میں ’گولف بال واش‘ نامی تکنیک شامل ہے۔ یہ ایک منفرد پروسیس ہے جس میں کپڑے کو نرمی اور ایک خاص ٹیکٹائل فیل(چھونے پر محسوس ہونے والی بناوٹ) دینے کے لیے اسے گولف بالز کے ساتھ دھویا جاتا ہے۔ اس کے علاوہ اس کے کپڑے کچھ اس طرح بنائے جاتے ہیں کہ ان پرسلوٹیں نہیں پڑتیں اور ہمیشہ نکھرے نکھرے محسوس ہوتے ہیں۔کلر پلس نے سب سے پہلے۱۰۰؍فیصدکاٹن شرٹس اور ٹراؤزر کے لیے’پروسیس ۶۰۳۰‘نامی اندرونی طور پر تیار کردہ ٹیکنالوجی متعارف کرائی، جس سے کپڑے کو آسانی سے پریس کیا جا سکتا تھا اور وہ زیادہ دیر تک شکن سے پاک رہتے ہیں۔اس کے علاوہ اس نے ایسےکپڑے بھی پیش کیے جن پر داغ نہیں لگتے، جو اس وقت مارکیٹ میں ایک بڑی انوویشن تھی۔ اس کے علاوہ اس برانڈ نے ہندوستان میں ’سمارٹ کیژول‘لباس کا شعبہ ایجاد کیا، جو رسمی اور عام لباس کے درمیان ایک بہترین توازن فراہم کرتا ہے۔ ساتھ ہی کلر پلس اعلیٰ قسم کےفیبرکس اور انجینئرنگ تکنیکوں پر زور دیتا ہے، اور اپنے وائبرنٹ اور منفرد رنگوں کے مجموعہ کیلئےمشہور ہے۔
ممبئی میں اسٹور
ممبئی میں کلر پلس کے کئی بڑے اسٹورز اہم مالز اور تجارتی مراکز میںموجود ہیں۔اس کی اہم شاخیں بوریولی کے اسکائی سٹی مال میں، اندھیری ایسٹ میںایس ایم وی روڈ پر،پریل میں ڈاکٹر امبیڈکر روڈ پر، گوریگائوں ہائی وے پر اوبرائے مال میں،ملاڈ کے لنک روڈ پر واقع انفنیٹی مال، بوریولی کے چنداورکر روڈ پر،سائن میں گاندھی مارکیٹ میں، لوئر پریل میں ہائی اسٹریٹ فنکس مال میں،کرلا کے فنکس مارکیٹ سٹی مال میں،قلابہ کے کسرو باغ میں موجود اسٹور ہیں۔ اس کے علاوہ ممبئی میں واقع مختلف مقامات پر ریمنڈ شاپس ،شاپر اسٹاپس، لائف اسٹائل اور جیڈ بلیو کے اسٹورز میں بھی اس کی مصنوعات دستیاب ہیں۔
یہاں کیا ملتا ہے؟
جیسا کہ سب ہی جانتے ہیں یہ بنیادی طور پر مردوں کے ملبوسات کا مرکز ہے جس میں مردوں کیلئے شرٹس، چینوز،ٹی شرٹس اینڈ پولوز اور جینز ملتی ہیں۔