امریکہ میںٹوپی یعنی ہیٹ بنانے سے شروع ہونے اس برانڈ کے تحت آج کھیل کود اور تخلیقی سرگرمیوں سے متعلق ہر طرح کا سامان ملتا ہے۔
EPAPER
Updated: October 06, 2026, 1:10 PM IST | Mohammed Habib | Mumbai
امریکہ میںٹوپی یعنی ہیٹ بنانے سے شروع ہونے اس برانڈ کے تحت آج کھیل کود اور تخلیقی سرگرمیوں سے متعلق ہر طرح کا سامان ملتا ہے۔
اگر آپ کو پہاڑوں پر ٹریکنگ، جنگلوں میں ہائیکنگ، بارش میں سفر، برفانی علاقوں کی سیر یا کھلے آسمان تلے کیمپنگ کا شوق ہے تو ایسے سفر میں صرف خوبصورت لباس کافی نہیں ہوتا بلکہ ایسا لباس اور جوتےبھی درکار ہوتے ہیں جو بدلتے موسم اور دشوار راستوں کا مقابلہ کرسکیں۔ اسی ضرورت کو سامنے رکھتے ہوئے دنیا بھر میں کئی آؤٹ ڈور برانڈز کام کررہے ہیں، لیکن ان میں کولمبیا اسپورٹس ویئر کا نام خاص اہمیت رکھتا ہے۔ یہ امریکی برانڈ اپنے ایسے کپڑوں، جوتوں اور ایکسیسریز کیلئےمشہورہے جو عام فیشن کے ساتھ ساتھ عملی استعمال پر بھی توجہ دیتے ہیں۔
آغاز کیسے ہوا
کولمبیا کی کہانی ۱۹۳۰ءکی دہائی میں شروع ہوتی ہے۔ کمپنی کی تاریخ کے مطابق ۱۹۳۷ءمیںگیرٹ بوائل کے والدین جرمنی سے ہجرت کرکے امریکہ پہنچے اور پورٹ لینڈ، اوریگون میں ایک چھوٹی سی ہیٹ بنانے والی کمپنی خریدی، جس کا نام کولمبیا ہیٹ کمپنی رکھا گیا۔ ۱۹۳۸ءمیںیہ کاروبار باقاعدہ طور پر قائم ہوا۔ بعد میں کمپنی نے صرف ٹوپیوں تک محدود رہنے کے بجائے آؤٹ ڈور مصنوعات کی جانب قدم بڑھایا اور اس کا نام کولمبیا اسپورٹس ویئر کمپنی ہوگیا۔
یہ بھی پڑھئے: چارلس اینڈ کیتھ: سنگاپور کے جوتوں کےچھوٹے کاروبار سے عالمی برانڈ تک کا سفر
کمپنی کی ترقی میں گیرٹ بوائل کا کردار انتہائی اہم رہا۔ ۱۹۷۰ءمیں ان کے شوہر نیل بوائل کے انتقال کے بعد گیرٹ نے کمپنی کی ذمہ داری سنبھالی۔ اس وقت کاروبار مشکل دور سے گزر رہا تھا، لیکن انہوں نے اسے چھوڑنے کے بجائے خود چلانے کا فیصلہ کیا۔ یہی خاتون بعد میں کولمبیا کی شناخت بن گئیں اور ان کی سخت مزاجی اور معیار پر سمجھوتہ نہ کرنے کی عادت نے کمپنی کو نئی سمت دی۔
کولمبیا آج امریکہ کے پیسیفک نارتھ ویسٹ خطے، خصوصاً پورٹ لینڈ، اوریگون سے وابستہ ایک عالمی آؤٹ ڈور برانڈ ہے۔ اس خطے کے جنگلات، پہاڑ، برف اور ساحلی علاقے کمپنی کیلئے مصنوعات آزمانے کا قدرتی میدان بھی فراہم کرتے ہیں۔
برانڈ کا فروغ
کولمبیا کی تاریخ میں ایک دلچسپ موڑ ۱۹۶۰ءکی دہائی میں آیا جب گیرٹ بوائل نے ایک عملی فشنگ ویسٹ تیار کیا۔ یہ ڈیزائن صارفین میں مقبول ہوا اور اس نے کمپنی کو محض ہیٹ بنانے والی کمپنی سے آؤٹ ڈور گیئر کے کاروبار کی طرف بڑھنے میں مدد دی۔ بعد میں ۱۹۹۶ء میں کمپنی نے پرفارمنس فشنگ گیئر(پی ایف جی)کے نام سے اپنی فشنگ مصنوعات کی باقاعدہ لائن متعارف کرائی۔ ۱۹۹۳ء میں کولمبیا نے فٹ ویئر کے شعبے میں قدم رکھا اور بوگا بوٹ کے ذریعے اس میدان میں اپنی موجودگی بنائی۔ اس کے بعد جوتے بھی کمپنی کی اہم مصنوعات میں شامل ہوگئے۔
یہ بھی پڑھئے: پوکو ایم ۸؍ پاور: بڑے اسکرین اور بڑی بیٹری کا حامل ایک عمدہ فون
برانڈ کی مصنوعات
کولمبیا کی کامیابی کی اصل وجہ اس کا لوگو یا فیشن نہیں بلکہ اس سوچ میں ہے کہ لباس کو موسم اور سرگرمی کے مطابق تیار کیا جائے۔ سردی میں گرمی، بارش میں خشکی، ٹریکنگ کے دوران مضبوط گرفت اور لمبے سفر میں آرام یہ وہ ضروریات ہیں جنہیں سامنے رکھ کر اس برانڈ نے اپنی شناخت بنائی ہے۔آج کولمبیا کے پاس جیکٹس، شرٹس، پتلون، فلیس، ہائیکنگ شوز، ٹریکنگ بیگز، کیپس، دستانے، جرابیں اور متعدد آؤٹ ڈور ایکسیسریز موجود ہیں۔ اس کی خاص ٹیکنالوجیز اسے عام اسپورٹس یا فیشن برانڈ سے الگ کرتی ہیں۔
ممبئی و اطراف میں موجودگی
ہندوستان میں کولمبیا کے لیے آفیشل آن لائن اسٹور دستیاب ہے،جہاں مردوں، خواتین اور بچوں کے کپڑوں کے ساتھ جوتے اور ایکسیسریز بھی خریدی جاسکتی ہیں۔اس کے علاوہ کولمبیاکے کئی اسٹور پورے ملک میں پھیلے ہوئے ہیں۔ممبئی میں بھی اس کے کئی اسٹور موجود ہیں جن میں جانتاکروز لنکنگ روڈ پر، گھاٹکوپر کے آر سٹی مال میں،ملاڈ کے انفنیٹی مال میں،لوئر پریل کے پلاڈیم مال میں، نوی ممبئی کے سی ووڈ کے گرانڈ سینٹرل مال میں اس کے اسٹور موجود ہیں جبکہ فورٹ میں بھی اس کا اسٹور کھل رہا ہے۔ہندوستانی اسٹور پر جیکٹس، فٹ ویئر،بیک پیکس اور دیگر آؤٹ ڈور مصنوعات کے الگ الگ سیکشن موجود ہیں۔