• Tue, 27 October, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

نیکسٹ: برطانوی فیشن کی سادگی، معیار اور جدید انداز کا امتزاج

Updated: October 27, 2026, 12:53 PM IST | Mohammed Habib | Mumbai

یہاں مغربی فیشن کے ساتھ ایسے ملبوسات بھی دستیاب ہیں جنہیں روزمرہ زندگی، دفتر، تقریبات اور سفر کے دوران پہنا جا سکتا ہے۔

Exterior view of the Next store located at Infinity Mall in Malad. Photo: INN
ملاڈ کے انفنیٹی مال میں واقع نیکسٹ کے اسٹور کا بیرونی منظر۔ تصویر: آئی این این

فیشن کی دنیا میں کچھ برانڈ ایسےہیں جو بدلتے ہوئے رجحانات کے ساتھ اپنی شناخت بھی برقرار رکھتے ہیں۔ برطانیہ کا معروف فیشن برانڈ نیکسٹ (NEXT) بھی انہی میں شامل ہے۔ اس برانڈ کی خاص بات یہ ہے کہ یہ ضرورت سے زیادہ چمک دمک کے بجائے نفیس ڈیزائن، روزمرہ استعمال کے قابل ملبوسات، مناسب معیار اور جدید طرزِ زندگی کو اہمیت دیتا ہے۔ مردوں، خواتین اور بچوں کے لیے کپڑوں سے لے کر جوتوں، بیگ، لوازمات اور گھریلو استعمال کی اشیا تک، نیکسٹ نے اپنی مصنوعات کا دائرہ وسیع کیا ہے۔

آغاز کیسے ہوا

اس کاروبار کی جڑیں۱۸۶۴ءمیں ملتی ہیں، جب جوزف ہیپ ورتھ نےبرطانیہ کے شہر لیڈز میں مردوں کے ملبوسات کی سلائی اور تیاری کا کاروبار شروع کیا۔ اس ادارے کا نام ’جے ہیپ ورتھ اینڈ سن‘ تھا۔ ابتدا میں یہ کاروبار روایتی مردانہ لباس سے متعلق تھا، لیکن وقت کے ساتھ اس نے اپنی سرگرمیوں کو وسعت دی اور فیشن کی بدلتی ہوئی ضروریات کے مطابق خود کو ڈھالا۔ 

یہ بھی پڑھئے: گیپ: امریکی فیشن کا وہ برانڈ جس نے جینز اور روزمرہ لباس کو عالمی شناخت دی

یہاں کیا کچھ ملتا ہے

نیکسٹ کی مقبولیت کی ایک بڑی وجہ اس کے ملبوسات میں تنوع ہے۔ یہ برانڈ مختلف عمر، پسند اور ضرورت کے مطابق لباس پیش کرتا ہے۔ اس کےکلیکشن میں روایتی مغربی ملبوسات کے ساتھ جدید ڈیزائن بھی شامل ہوتے ہیں، جس کی بدولت خریدار اپنی ضرورت اور موقع کے مطابق لباس منتخب کر سکتے ہیں۔

مردوں کے لیے شرٹس، ٹی شرٹس، پتلون، جینز، شارٹس، سویٹر، جیکٹ،سوٹ اور دیگر ملبوسات دستیاب ہوتے ہیں۔ دفتر جانے والوں کے لیے فارمل شرٹس اور پتلون کے ساتھ ایسے ملبوسات بھی پیش کیے جاتے ہیں جنہیں روزمرہ استعمال میں پہنا جا سکتا ہے۔ دوسری جانب ٹی شرٹس، ڈینم اور آرام دہ پتلون نوجوانوں کی پسند کے مطابق کلیکشن کا حصہ ہیں۔

خواتین کے ملبوسات میں نیکسٹ کی کلیکشن خاصی متنوع ہے۔ اس میں مختلف طرز کے لباس، شرٹس، بلاؤز، ٹاپس، اسکرٹس، پتلون، جینز،جیکٹس اور موسم کے لحاظ سے تیار کیے گئے ملبوسات شامل ہوتےہیں۔ خواتین کے لیے ایسے ڈیزائن بھی پیش کیے جاتے ہیں جنہیں دفتر، روزمرہ سرگرمیوں، تعطیلات یا سماجی تقریبات میں استعمال کیا جا سکتا ہے۔ رنگوں اور ڈیزائنوں کے انتخاب میں سادگی کے ساتھ جدید رجحانات کو بھی جگہ دی جاتی ہے۔

بچوں کے ملبوسات نیکسٹ کی اہم شناخت میں شامل ہیں۔ بچوں کے لیے روزمرہ کپڑے، ٹی شرٹس، شرٹس، پتلون، فراکس، مختلف سیٹ، موسمی لباس اور دیگر ضروری ملبوسات پیش کیے جاتے ہیں۔ والدین کے لیے ایسے کپڑوں کی اہمیت زیادہ ہوتی ہے جو دیکھنے میں اچھے ہوں اور بچوں کے روزمرہ استعمال کے لیے بھی موزوں ہوں۔ اسی شعبے میں نیکسٹ نے بین الاقوامی سطح پر اپنی الگ پہچان قائم کی ہے۔ 

یہ بھی پڑھئے: کویو میں مختلف قسم اور مختلف برانڈس کی مصنوعات ایک چھت کے نیچے دستیاب

جوتے، بیگ اور دیگر لوازمات

نیکسٹ نے اپنے کاروبار کو صرف ملبوسات تک محدود نہیں رکھا۔ اس کی مصنوعات میں جوتے، بیگ، فیشن لوازمات اور گھریلو استعمال کی متعدد اشیا بھی شامل ہیں۔ جوتوں کی کلیکشن میں مختلف مواقع کے لیے رسمی جوتوں، آرام دہ جوتوں اور دیگر طرزکے آپشن مل سکتےہیں۔ اسی طرح بیگ اور دوسرے لوازمات ملبوسات کے ساتھ ہم آہنگ انداز اختیار کرنے میں مدد دیتے ہیں۔

گھریلو اشیا کے شعبے میں نیکسٹ بسترکی چادریں، تکیوں کے غلاف، پردے، کشن، آرائشی اشیا اور گھر کو سجانے کیلئے مصنوعات پیش کرتاہے۔ اس شعبے کا مقصد بھی وہی ہے جو ملبوسات میں دکھائی دیتا ہے، یعنی جدید ڈیزائن کو روزمرہ ضروریات کے ساتھ جوڑنا۔

ممبئی میں موجودگی

ممبئی کے فیشن بازار میں نیکسٹ نےستمبر ۲۰۲۶ءمیںقدم رکھا۔شہر میں اس کا پہلا اسٹور ملاڈ کے انفینٹی مال میں کھولا گیا۔ یہ پیش رفت ان صارفین کے لیے اہم ہے جو بین الاقوامی فیشن برانڈز کے ملبوسات آن لائن کے بجائے اسٹور پر خریدنا پسند کرتے ہیں۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK