• Wed, 21 October, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

گیپ: امریکی فیشن کا وہ برانڈ جس نے جینز اور روزمرہ لباس کو عالمی شناخت دی

Updated: October 20, 2026, 1:16 PM IST | Mohammed Habib | Mumbai

گیپ نےکاروباری مقاصد میں ماحولیات اور سماجی ذمہ داری کو بھی شامل کیا ہے، اس کے بعض ملبوسات میں نامیاتی کپاس اور ری سائیکل شدہ مواد ہوتا ہے۔

Its products can be seen on display at the Gap showroom in Palladium Mall, Lower Parel. Photo: INN
لوئر پریل کے پلاڈیم مال میں موجود گیپ کے شوروم میں سجی ہوئی اس کی مصنوعات دیکھی جاسکتی ہیں۔ تصویر: آئی این این

گیپ (GAP) امریکہ کا ایک معروف فیشن برانڈ ہے، جس کی شناخت جینز، ٹی شرٹس، شرٹس، سویٹ شرٹس، ہُوڈیز اور روزمرہ استعمال کے آرام دہ ملبوسات سے وابستہ ہے۔ اس برانڈ نے سادہ مگر دلکش لباس کو اپنی پہچان بنایا اور ایسے ملبوسات پیش کیے جو مختلف عمر کے افراد اپنی روزمرہ زندگی میں آسانی سے پہن سکتے ہیں۔ اس کی خاص بات یہ ہے کہ یہ بہت زیادہ پیچیدہ ڈیزائنوں کے بجائے سادگی، آرام، ڈینم اور امریکی طرز کے غیر رسمی فیشن پر توجہ دیتا ہے۔

آغاز کیسے ہوا

گیپ کی بنیاد ڈان فشراور ان کی اہلیہ ڈورس فشرنے رکھی۔ اس برانڈ کی ابتدا ایک ایسے خیال سے ہوئی کہ لوگوں کو اپنی پسند کی جینز اور روزمرہ کے ملبوسات تلاش کرنے میں آسانی ہونی چاہیے۔

۱۹۶۹ء میں سان فرانسسکو کے اوشن ایونیو پر گیپ کا پہلا اسٹور کھولاگیا۔ اس وقت دکان میں مردوں کی لیوائس جینز، موسیقی کے ریکارڈ اور ٹیپ فروخت کیے جاتے تھے۔اس طرح ابتدا میں گیپ بنیادی طور پر جینز اور نوجوانوں کی پسند سے متعلق مصنوعات فروخت کرنے والا اسٹور تھا۔ 

یہ بھی پڑھئے: غزہ: فلسطینی کمہار نے والدین کیلئے مٹی سے گنبد نما مکان بنایا، محفوظ چھت دینے کی کوشش

یہاں کیا کچھ ملتا ہے

گیپ کے ملبوسات مردوں، خواتین اور بچوں کے لیے تیار کیے جاتے ہیں۔ اس کی مصنوعات میں جینز، ٹی شرٹس، پولو شرٹس، رسمی اورغیررسمی شرٹس، ٹراؤزرز، شارٹس، سویٹر، کارڈیگن، سویٹ شرٹس، ہُوڈیز، جیکٹس اور ڈریسز شامل ہیں۔ اس کے علاوہ بچوں اور نومولود کے لیے بھی ملبوسات کی الگ رینج موجود ہے۔

جینز اور ڈینم: گیپ کی سب سے نمایاں شناخت ڈینم ہے۔ مختلف کٹ اور فٹنگ میں جینز دستیاب ہوتی ہیں، جن میں سیدھی، سلم اور نسبتاً ڈھیلی فٹنگ والے انداز شامل ہوسکتے ہیں۔ جینز کے ساتھ شرٹس اور ٹی شرٹس کی وسیع رینج بھی اس کے مجموعے کا حصہ ہے۔

ٹی شرٹس اور شرٹس: سادہ رنگوں، دھاری دار ڈیزائنوں اور لوگو والے ٹی شرٹس کے ساتھ روزمرہ اور نیم رسمی استعمال کے شرٹس بھی اس برانڈ کی اہم مصنوعات ہیں۔

ہُوڈیز اور سویٹ شرٹس: گیپ کی لوگو والی ہُوڈیز اور سویٹ شرٹس نوجوانوں میں مقبول رہی ہیں۔ ان میں آرام دہ کپڑے اور سادہ ڈیزائن کو ترجیح دی جاتی ہے۔

خواتین کے ملبوسات: خواتین کے لیے جینز، ٹاپس، شرٹس، اسکرٹس، ڈریسز، سویٹر اور بیرونی لباس کی مختلف اقسام پیش کی جاتی ہیں۔ ان میں سادہ اور روزمرہ استعمال کے ڈیزائنوں کے ساتھ موسم کے مطابق ملبوسات بھی شامل ہوتے ہیں۔

یہ بھی پڑھئے: یوپی میں ایس آئی آر کے بعد بھی ووٹر لسٹ میں بڑے پیمانے پر ڈپلیکیٹ اندراجات موجود

بچوں کے ملبوسات: گیپ کڈز اور بیبی گیپ کے ذریعے بچوں اورنومولود کیلئےلباس پیش کیا جاتا ہے۔ ان میں روزمرہ استعمال، کھیل کود اور مختلف موسموں کے مطابق ملبوسات شامل ہیں۔ مصنوعات اور سائز کی دستیابی ملک اور اسٹور کے لحاظ سے مختلف ہوسکتی ہے۔ 

ہندوستان میں گیپ کی آمد

ہندوستان میں گیپ کی آمد کا اعلان اگست ۲۰۱۴ء میں کیا گیا تھا، جب کمپنی نے اَروِند لائف اسٹائل برانڈزکےساتھ فرنچائز معاہدہ کیا۔ اس کے تحت ۲۰۱۵ء میں ہندوستانی بازار میں گیپ کے اسٹورز کھولنے کا منصوبہ بنایا گیا۔ ابتدائی توسیع میں ممبئی اور دہلی کو اہمیت دی گئی۔ بعد میں جولائی ۲۰۲۲ء میں گیپ انکارپوریٹڈ نے ریلائنس ریٹیل کے ساتھ طویل مدتی فرنچائز شراکت داری کا اعلان کیا۔ اس معاہدے کے تحت ریلائنس ریٹیل ہندوستان میں گیپ کی سرکاری ریٹیل شراکت دار بن گئی۔ کمپنی نے خصوصی برانڈ اسٹورز، دوسرے اسٹورز میں برانڈ کے الگ حصوں اور ڈیجیٹل ذرائع کے ذریعے مصنوعات فروخت کرنے کا منصوبہ پیش کیا۔ 

ممبئی و اطراف میں موجودگی

ممبئی میں گیپ کی موجودگی کاآغاز بھی اس کے ہندوستانی کاروبار کی توسیع کا اہم حصہ رہا ہے۔ لوئر پریل کے فنکس پلاڈیم مال، ملاڈ کے انفنیٹی مال،گوریگائوں کے اوبرائے مال، گھاٹکوپر کے آر سٹی مال اور نوی ممبئی کے نیکسس سی ووڈ مال میں گیپ کے اسٹور موجود ہیں جہاں سے اس کی مصنوعات خریدی جاسکتی ہیں۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK