پنکج ترپاٹھی اور سروین چائولہ کی عمدہ اداکاری کے ساتھ بہترین ہدایت کاری کے ذریعہ ایک اچھی کہانی سے ایسی سیریز بنائی گئی جو آپ کو باندھے رکھتی ہے۔
EPAPER
Updated: June 15, 2025, 10:50 AM IST | Mohammed Habib | Mumbai
پنکج ترپاٹھی اور سروین چائولہ کی عمدہ اداکاری کے ساتھ بہترین ہدایت کاری کے ذریعہ ایک اچھی کہانی سے ایسی سیریز بنائی گئی جو آپ کو باندھے رکھتی ہے۔
کریمنل جسٹس: اے فیملی میٹر
(Criminal Justice: A Family Matter)
اسٹریمنگ ایپ: جیو ہاٹ اسٹار(۸؍ایپی سوڈ)
اسٹار کاسٹ: پنکج ترپاٹھی، محمد ذیشان ایوب، سروین چائولہ، آشا نیگی، خوشبو آترے، شویتا باسو پرساد، میتا وششٹ، برکھا سنگھ
ڈائریکٹر: روہن سپی
رائٹر: سندیپ جین، سمیر مشرا، انوراگ پانڈے، ریا پجاری، راہل وید پرکاش، ورشا رامچندرن، ہرمن وڈالا۔
پروڈیوسر: سمیر گوگاٹے، سمیر نائر، دیپک سیگل
کمپوزر: انیربان سین گپتا
سنیماٹوگرافی: مرزی پگڑی والا
ایڈیٹر: گورو اگروال
ریٹنگ:***
اگرچہ عام آدمی عدالت سے دور رہنے کو ترجیح دیتا ہے لیکن انصاف کی اس راہداری کی کہانیوں کو اگر صحیح طریقے سےپیش کیا جائے تو لوگ انہیں بڑی دلچسپی سےدیکھتے اورسنتے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ قانونی نظام پر مبنی’اِل لیگل‘، ’معاملہ لیگل ہے‘، ’گلٹی مائنڈز‘جیسی ویب سیریز کو او ٹی ٹی پر خوب پسند کیا گیا۔ لیکن ’کرمینل جسٹس‘نے ان سب پربازی ماری۔ پنکج ترپاٹھی کی اداکاری والا یہ کورٹ روم ڈرامہ ان چند کامیاب شوزمیں سےایک ہے جو چوتھے سیزن تک پہنچ چکا ہے۔ اس سے قبل صرف ’گلک‘ہی یہ کارنامہ انجام دے سکا ہے۔ اب اس کے چوتھے سیزن ’کرمینل جسٹس: اے فیملی میٹر‘میں، وکیل مادھو مشرا (پنکج ترپاٹھی) ایک ایسا پیچیدہ ہائی پروفائل کیس لڑتےہیں جو نہ صرف آپ کو آخر تک باندھے رکھتا ہے بلکہ آپ کو جذباتی بھی کر دیتا ہے۔
سیریز کی کہانی
اس کی کہانی ایک معروف سرجن ڈاکٹر راج ناگپال (محمد ذیشان ایوب) اور ان کے خاندان کے گرد گھومتی ہے۔ راج اپنی بیوی انجو (سروین چاولہ)سے الگ ہو گیا ہے، لیکن دونوں ایک دوسرے کے فلیٹ میں رہتےہیں اور اپنی بیٹی ایرا کے ساتھ والدین کا رول ادا کرتےہیں۔ ایرا کو ایسپرجرسنڈروم ہے، لہٰذا نرس روشنی (آشا نیگی) اس کی دیکھ بھال کرتی ہے۔ اس دوران روشنی اور راج بھی ایک دوسرے کی محبت میں گرفتار ہو جاتے ہیں لیکن ایک دن روشنی کا قتل ہو جاتاہے جس کے لیے راج کو مورد الزام ٹھہرایا جاتا ہے۔ ساتھ ہی انجو کو بھی راج کی حمایت کرنےپر گرفتار کیا گیا ہے۔ راج کو بے قصور ثابت کرنے کی ذمہ داری ایک بڑے دفتر کے مالک بن چکےوکیل مادھومشرا (پنکج ترپاٹھی) پر آتی ہے، جب کہ لیکھا آگستیہ (شویتا پرساد باسو) جو پہلی بار سرکاری وکیل کے طور پر ان کے سامنے ہے، اوراس کی پرانی حریف، ایڈوکیٹ مندرا ماتھر (میتا وشیشت)، انجو کے دفاع میں آتی ہیں۔ یہ تینوں تجربہ کار وکیل اپنے دلائل سے ایک دوسرے کو کیسے شکست دیتےہیں ؟ کون صحیح ثابت ہوا اور کون غلط یہ جاننے کے لیے آپ کو سیریز دیکھنا پڑے گی۔
ہدایت کاری
ہرمن وڈالا، راہل وید پرکاش، ورشا رام چندرن اور ریا پجاری کی یہ کہانی ایک اچھی مرڈرمسٹری کےمعیار پر پوری اترتی ہے۔ کہانی میں تہ بہ تہہ نئےانکشافات ہوتے رہتے ہیں، جب کہ سسپنس آخر تک برقرار رہتا ہے۔ اگرچہ یہ اندازہ لگانا مشکل نہیں ہے کہ مادھو مشرا آخرمیں جیت جائیں گے، لیکن کہانی آپ کو آخر تک باندھے رکھتی ہے۔ مرڈر مسٹری کی سنسنی کے ساتھ ساتھ، اس میں والدین کے ایک بیماربیٹی کی پرورش کے بہت سے جذباتی لمحات بھی ہیں۔ جی ہاں، اسکرین پلےشروع میں تھوڑاسا پھیلا ہوا لگتا ہے۔ خاص طور پر ابتدائی تفتیش کے مناظر اور انسپکٹر گوری کے گھریلو پہلو، لیکن عدالت میں پہنچتے ہی کہانی کسی ہوئی معلوم ہونے لگتی ہے۔
مجموعی طور پر، روہن سپی کی ہدایت کاری میں بننے والے اس چوتھےسیزن میں وہ سب کچھ ہے جس کے لیے’کریمنل جسٹس‘جانا جاتا ہے۔ اس کے علاوہ، پنکج ترپاٹھی، سروین چاولہ، محمد ذیشان ایوب، میتاوششٹ، شویتا پرساد باسو جیسے تجربہ کار اداکار کیک پر آئسنگ ثابت ہوتے ہیں۔
اداکاری
پنکج ترپاٹھی نے ایک بار پھر اپنے مانوس انداز میں مادھو مشرا کو اسکرین پر زندہ کر دیا ہے۔ اس کے لطیف ون لائنرز، مذاق میں بڑی بڑی باتیں کہنے کا انداز دلکش ہے۔
میتا وششت اورشویتا پرساد باسو نے اپنی متوازن اداکاری سے سیریزکو مضبوط کیا ہے۔ محمد ذیشان ایوب اور آشا نیگی نے بھی اپنے کرداروں کے ساتھ انصاف کیا ہے۔ لیکن سروین چاولہ نے جنگ جیت لی۔ اس نے جس طرح انجو کے اندر موجود ہنگامہ کو اسکرین پر پیش کیا ہے، وہ حقیقی فاتح ثابت ہوتی ہے۔
نتیجہ
دلچسپ مرڈرمسٹری، بہترین کورٹ روم ڈرامہ کے علاوہ پنکج اورسروین کی عمدہ اداکاری کیلئے اسے دیکھا جاسکتاہے۔
ویب سیریز’کریمنل جسٹس:اے فیملی میٹر ‘ کے ایک منظرمیں پنکج ترپاٹھی کو دیکھا جاسکتاہے۔ تصویر: آئی این این۔