Inquilab Logo Happiest Places to Work

دیگھا:خلیج بنگال کے کنارے واقع ایک دلکش اور پرسکون ساحلی علاقہ

Updated: May 13, 2026, 10:05 AM IST | Mohammed Habeeb | Mumbai

ملک کے مشرقی ساحل پر واقع اس شہر میںسمندر کی لہریں، نمکین ہوائیں، ناریل کے درخت اور مچھلیوں کی خوشبو مل کر ایک الگ ہی دنیا آباد کرتے ہیں۔

A Picturesque View Of Digha Beach Can Be Seen.Photo:INN
دیگھا بیچ کادلکش منظر دیکھاجاسکتاہے- تصویر:آئی این این
ہندوستان کے مشرقی ساحل پر واقع دیگھاایک ایسا تفریحی مقام ہے جہاں سمندر کی لہریں، نمکین ہوائیں، ناریل کے درخت اور مچھلیوں کی خوشبو مل کر ایک الگ ہی دنیا آباد کرتے ہیں۔ مغربی بنگال کا یہ مشہور ساحلی شہر کئی دہائیوں سے سیاحوں کی توجہ کا مرکز رہا ہے۔ کبھی یہ جگہ صرف مقامی لوگوں کی پسندیدہ پناہ گاہ سمجھی جاتی تھی، لیکن وقت کے ساتھ دیگھاپورے مشرقی ہندوستان کے نمایاں سیاحتی مقامات میں شامل ہو گیا۔
کولکاتاسےتقریباً ۱۸۵؍کلومیٹر دور واقع یہ ساحلی شہر ان لوگوں کے لیے خاص کشش رکھتا ہے جو شہر کے شور سے دور چند پرسکون دن گزارنا چاہتے ہیں۔ یہاں سمندر صرف ایک منظر نہیں بلکہ ایک کیفیت بن جاتا ہے۔ صبح سورج کے طلوع سے لے کر شام کے سنہری غروب تک یہاں کا ہر منظر ایک الگ کہانی سناتا ہے۔
پرانا دیگھا بیچ
اولڈ دیکھا سی بیچ اس شہر کی سب سے پرانی اور مشہور جگہوں میں شمار ہوتا ہے۔ یہی وہ ساحل ہے جس نے دیگھا کو شہرت دلائی۔ یہاں سمندر نسبتاً قریب محسوس ہوتا ہے اور پتھروں سے ٹکراتی لہروں کی آواز ایک عجیب سکون پیدا کرتی ہے۔شام کے وقت یہاں کا منظر خاص طور پر دلکش ہو جاتا ہے۔ سورج جب آہستہ آہستہ سمندر میں ڈوبتا ہے تو آسمان نارنجی، سنہری اورہلکے سرخ رنگوں میں ڈھل جاتا ہے۔ ساحل کے کنارے بنی چھوٹی دکانوں پر مقامی کھانے، جھینگے، مچھلیاں اور ناریل پانی سیاحوں کو اپنی طرف کھینچتے ہیں۔یہاں صبح سویرے چہل قدمی کرنا ایک خوشگوار تجربہ ہوتا ہے۔سمندر کی ٹھنڈی ہوا اور دور تک پھیلاہوا پانی انسان کو چند لمحوں کیلئے دنیا کی مصروفیات بھلا دیتا ہے۔
نیا دیگھا 
نیو دیگھا بیچ نسبتاً جدید اور زیادہ منظم ساحلی علاقہ سمجھا جاتا ہے۔ یہاں ساحل زیادہ کشادہ ہے اور سیاحتی سہولتیں بھی بہتر انداز میں موجود ہیں۔خاندانوں اور بچوں کے ساتھ آنے والے سیاح عموماً اسی حصے کو ترجیح دیتےہیں،کیونکہ یہاں تفریحی سرگرمیوں کی کمی نہیں۔گھوڑا سواری، سائیکلنگ، سمندر کے کنارے بیٹھنے کے مقامات اور مقامی بازار اس علاقے کو زندہ دل بناتے ہیں۔رات کے وقت ساحل کے اطراف روشنیاں جل اٹھتی ہیں اور سمندر کا بدلتا ہوا رنگ ایک رومانوی منظر پیش کرتا ہے۔ یہاں کئی ہوٹل اور ریزورٹس بھی موجود ہیں جہاں سمندر کے سامنے بیٹھ کر شام گزارنے کا الگ ہی لطف ہے۔
ایکویریم
دیگھا آنے والے سیاحوں کے لیے یہ ایک اہم مقام ہے۔ یہ مشرقی ہندوستان کے بڑے ایکویریم مراکزمیں شمار کیا جاتا ہے۔ یہاں مختلف اقسام کی سمندری مچھلیاں، رنگ برنگے آبی جانور اور نایاب سمندری مخلوقات دیکھی جا سکتی ہیں۔بچوں کے لیے یہ جگہ خاص طور پر دلچسپ ثابت ہوتی ہے، کیونکہ انہیں سمندر کی پوشیدہ دنیا کو قریب سے دیکھنے کا موقع ملتا ہے۔بعض شیشے کے ٹینکس میں تیرتی رنگین مچھلیاں دیکھ کر ایسا محسوس ہوتا ہے جیسے کوئی خاموش آبی خواب آنکھوں کے سامنے بہہ رہا ہو۔
ادئے پور بیچ
اگر آپ بھیڑ بھاڑ سے دور نسبتاً پرسکون مقام تلاش کر رہے ہیں تو اُدئے پور بیچ بہترین انتخاب ہو سکتا ہے۔ مغربی بنگال اور اڈیشہ کی سرحد کے قریب واقع یہ ساحل اپنی خاموشی اور قدرتی حسن کے لیے مشہور ہے۔یہاں سمندر نسبتاً صاف محسوس ہوتا ہے اور سیاحوں کی بھیڑ کم ہونے کے باعث فضا زیادہ پُرسکون رہتی ہے۔ ساحل کے قریب درختوں کی قطاریں اس مقام کو مزید خوبصورت بنا دیتی ہیں۔ بہت سے لوگ یہاں صرف سورج غروب ہوتے دیکھنے آتے ہیں۔ شام کے وقت سمندر پر پڑتی سنہری روشنی اور دور جاتی کشتیوں کا منظر دل میں دیر تک بس جاتا ہے۔
 
 
امرابتی پارک 
سمندر کے علاوہ اگر آپ کچھ وقت ہریالی میں گزارنا چاہتے ہیں تو امرابتی پارک جا سکتے ہیں۔ یہاں جھیل، کشتی رانی اور سرسبز باغات موجود ہیں۔یہ جگہ خاص طور پر خاندانوں اور بچوں کے لیے اچھی سمجھی جاتی ہے۔ شام کے وقت پارک میں بیٹھ کر ٹھنڈی ہوا محسوس کرنا کافی خوشگوار لگتا ہے۔
 
 
پُڈوچیری میوزیم
دیگھا سے کچھ فاصلے پر واقع شنکرپور ایک نسبتاً کم تجارتی لیکن نہایت خوبصورت ساحلی مقام ہے۔ یہاں ماہی گیروں کی زندگیاں قریب سے دیکھی جا سکتی ہیں۔صبح سویرے جب مچھلیوں سے بھری کشتیاں ساحل کی طرف واپس آتی ہیں تو پورا علاقہ ایک زندہ منظر بن جاتا ہے۔ مچھلیوں کی نیلامی، جال سمیٹتے ماہی گیر اور سمندر کی لہروں کا شور ایک الگ ہی فضا پیدا کرتے ہیں۔یہ مقام ان لوگوں کو پسند آتا ہے جو سیاحتی ہجوم سے ہٹ کر کسی مقام کی اصل روح کو محسوس کرنا چاہتے ہیں۔

 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK