• Thu, 26 November, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

دھاک بہیری قلعہ: سہیہادری کے پہاڑوں میں واقع ایک پُراسرارقلعہ

Updated: November 26, 2026, 12:46 PM IST | Mohammad Habib | Mumbai

دھاک بہیری کو عام طور پر ایک قلعہ کہا جاتا ہے، لیکن اس کی اصل شناخت دھاک قلعہ اور پہاڑی چٹان میں واقع بہیری غار سے ہے۔

The fort can be viewed from a distance. Photo: INN
قلعہ کا دور سے نظارہ کیا جاسکتا ہے۔ تصویر: آئی این این

مہاراشٹر کے مغربی گھاٹ یعنی سہیہادری کے پہاڑی سلسلے میں کئی ایسے تاریخی قلعے موجود ہیں جو اپنی تعمیر، تاریخی اہمیت اور دشوار گزار راستوں کے لیے مشہور ہیں۔ ان میں کچھ قلعے اپنی بلندی اور قدرتی خوبصورتی کے سبب سیاحوں کو اپنی جانب متوجہ کرتےہیں تو بعض ایسے بھی ہیں جہاں پہنچنا بذات خود ایک بڑا کارنامہ سمجھا جاتا ہے۔رائے گڑھ ضلع کے کرجت علاقے میں واقع دھاک بہیری قلعہ بھی ایک ایسا ہی مقام ہے، جہاں تاریخ، مذہبی عقیدت، قدرتی حسن اور مہم جوئی کا غیر معمولی امتزاج دیکھنے کو ملتا ہے۔

یہ مقام کیسا ہے؟

دھاک بہیری کو عام طور پر ایک قلعہ کہا جاتا ہے، لیکن اس کی اصل شناخت دھاک قلعہ، پہاڑی چٹان میں واقع بھیری غار اور اس کے قریب موجود نوکیلی پہاڑی چوٹی کالکرائی پر مشتمل ایک وسیع پہاڑی علاقے سےہے۔یہ مقام اپنی دشوار گزار چڑھائی کے لیے بھی مشہور ہے۔ پہاڑ کے تقریباً عمودی حصے پر چڑھ کر غار تک پہنچنا عام سیاحوں کے لیے آسان نہیں۔ یہی وجہ ہے کہ اسے مہاراشٹر کے مشکل ترین ٹریکنگ مقامات میں شمار کیا جاتا ہے۔

یہ کہاں واقع ہے؟

دھاک بہیری مہاراشٹر کے ضلع رائے گڑھ کی کرجت تحصیل کےپہاڑی علاقے میں واقع ہے۔یہ مقام لوناولا اور کرجت کے درمیان سہیہادری کے پہاڑی سلسلے کا حصہ ہے۔ یہاں پہنچنے کے لیے مختلف راستے موجود ہیں، جن میں کرجت کی جانب سے ساندشی گاؤں اور مالولی کے قریب جمبھیولی گاؤں کی جانب سے آنے والے راستے نمایاں ہیں۔یہ علاقہ سطح سمندر سے تقریباً ۲۷۰۰؍فٹ کی بلندی پر واقع ہے۔ دھاک کا پہاڑی سطح مرتفع، اس کے اطراف میں موجود گہری وادیاں اور بلند چٹانیں اس مقام کو قدرتی اعتبار سے بھی خاص اہمیت عطا کرتی ہیں۔

یہ بھی پڑھئے: میل گھاٹ وائلڈ لائف سینکچری: گھنے جنگلات اور قدرتی حسن کا انمول خزانہ

بھیری غار کیلئے عمودی چڑھائی

دھاک بہیری کی سب سے نمایاں خصوصیت یہاں موجود بھیری غارہے۔ یہ غار پہاڑ کی ایک بلند اور تقریباً عمودی چٹان کو تراش کر بنایا گیا ہے۔ اس کے اندر بھیری دیوتا کا مذہبی مقام موجود ہے، جہاں عقیدت مند حاضری دیتے ہیں۔

غار کا ماحول دیگر عام مندروں سے بالکل مختلف ہے۔ یہاں نہ تو کسی بڑے احاطے کی گہماگہمی ہے اور نہ ہی آسان راستے سے پہنچنے کی سہولت۔ پہاڑ کی دشوار گزار چڑھائی طے کرکے اس مقام تک پہنچنا پڑتا ہے۔ غار کے اندر قدرتی چٹانوں کی ساخت اور پانی جمع کرنے کے لیے بنایا گیا حوض بھی قابل ذکر ہے۔

اس غار کی ایک دلچسپ بات یہ ہے کہ یہاں تقریباً ۱۵؍ سے ۲۰؍افراد کے رات گزارنے کی گنجائش بتائی جاتی ہے۔ غار میں پانی کاحوض موجود ہے اور مقامی لوگوں کی جانب سے کھانا پکانے کے لیے برتن بھی رکھے جانے کی اطلاعات ملتی ہیں۔ تاہم پانی کی دستیابی اور ان سہولتوں کی موجودہ حالت کی تصدیق کیے بغیر ان پر انحصار نہیں کرنا چاہیے۔

 کیسے پہنچیں؟

ممبئی سے دھاک بہیری جانے کے لیے ریل اور سڑک دونوں ذرائع استعمال کیے جاسکتے ہیں۔ ممبئی سے کرجت تک لوکل ٹرین کے ذریعے پہنچنا نسبتاً آسان ہے۔

ریل کے ذریعے: ممبئی کے سی ایس ایم ٹی، دادر، کرلا، تھانے اور دیگر اسٹیشنوں سے کرجت کیلئے لوکل ٹرینیں دستیاب ہیں۔ کرجت پہنچنے کےبعدساندشی گاؤں کی جانب جانے کیلئےمقامی گاڑی یا نجی ٹیکسی حاصل کی جاسکتی ہے۔ آگے کا سفر پیدل طے کرنا پڑتا ہے۔

سڑک کے ذریعے: ممبئی سے کرجت کا فاصلہ تقریباً۶۵؍تا ۸۰؍ کلومیٹرہے، جس کا انحصار روانگی کے مقام اور منتخب راستے پر ہے۔ کرجت سےساندشی گاؤں کی جانب گاڑی کے ذریعے سفر کیا جاسکتا ہے۔دوسرا راستہ مالولی کے قریب جمبھیولی گاؤں کی جانب سے ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK