یہ علاقہ ان مقامات میں شمار ہوتا ہے جہاں جنگلی حیات کے تحفظ کے ساتھ ساتھ قدرتی ماحول اور حیاتیاتی تنوع کو بھی اہمیت دی گئی ہے۔
EPAPER
Updated: November 12, 2026, 1:49 PM IST | Mohammad Habib | Mumbai
یہ علاقہ ان مقامات میں شمار ہوتا ہے جہاں جنگلی حیات کے تحفظ کے ساتھ ساتھ قدرتی ماحول اور حیاتیاتی تنوع کو بھی اہمیت دی گئی ہے۔
مہاراشٹر کے ودربھ علاقے میں واقع ناگزرا وائلڈ لائف سینکچری قدرتی حسن،گھنے جنگلات، خاموش جھیلوں اور جنگلی حیات کی رنگا رنگ دنیا کےلیےمشہور ہے۔ یہاں آنے والے سیاحوں کو نہ صرف شیر، تیندوے اور ریچھ جیسے جنگلی جانوروں کے قدرتی مسکن کو دیکھنے کا موقع ملتا ہے بلکہ جنگل کی فضا، پرندوں کی آوازیں اور درختوں کے درمیان سے گزرتی ہوئی سفاری کی پگڈنڈیاں ایک الگ ہی تجربہ فراہم کرتی ہیں۔ شہری زندگی کے شور و غل سے دور، فطرت کے قریب چند دن گزارنے کے خواہش مند افراد کے لیے ناگزرا ایک قابلِ ذکر مقام ہے۔
یہ مقام کیسا ہے؟
ناگزرا مہاراشٹر کے شمال مشرقی حصے میں بھنڈارا اور گوندیا اضلاع کے جنگلاتی خطے میں واقع ہے۔ یہ علاقہ وسطی ہندوستان کے قدرتی جنگلاتی سلسلے کا ایک اہم حصہ ہے۔ ناگزرا وائلڈ لائف سینکچری تقریباً ۱۵۲؍مربع کلومیٹر رقبے پر پھیلی ہوئی ہے۔ اس کے اطراف میں جنگلات، پہاڑی ڈھلوانیں اور آبی ذخائر موجود ہیں، جو اسے جنگلی جانوروں اور پرندوں کے لیے موزوں مسکن بناتے ہیں۔ یہاں واقع ناگزرا جھیل اس علاقے کی خوب صورتی میں اضافہ کرتی ہے اور جنگلی جانوروں کے لیے پانی کا اہم ذریعہ بھی ہے۔
جنگلات اور قدرتی ماحول
ناگزرا کے جنگلات میں ساگوان کے درخت بڑی تعداد میں پائے جاتے ہیں۔ اس کے علاوہ بانس، دھاؤڑا اور مہوا کے درخت بھی یہاں کی نباتاتی زندگی کا حصہ ہیں۔
یہ بھی پڑھئے: ہری ہریشور بیچ: کوکن میں سمندر، ساحل اور قدرتی حسن کا دلکش امتزاج
جنگلی حیات کی رنگا رنگ دنیا
ناگزرا کا سب سے بڑا دلچسپ پہلو یہاں پائی جانے والی جنگلی حیات ہے۔ یہ علاقہ بنگال ٹائیگر، تیندوے، سست رفتار ریچھ (سلاتھ بیئر)، گور یعنی ہندوستانی جنگلی بھینسے، سانبھر، چیتل، بھونکنے والےہرن اور جنگلی سور جیسے جانوروں کا مسکن ہے۔
پرندوں کی بھی دلکش دنیا موجود
ناگزرا صرف بڑے جنگلی جانوروں کے لیے ہی مشہور نہیں بلکہ پرندوں کی دنیا بھی یہاں خاصی متنوع ہے۔ اس علاقے میں ۱۶۶؍سےزیادہ اقسام کے پرندے پائے جاتے ہیں۔ ان میں مختلف اقسام کےہارن بل، مور، جنگلی مرغ، عقاب، گدھ اور آبی پرندے شامل ہیں۔ صبح کے وقت جنگل میں پرندوں کی آوازیں ایک دلکش ماحول پیدا کرتی ہیں۔ درختوں کی شاخوں پر بیٹھے رنگ برنگے پرندوں کو دیکھنا اور ان کی آوازوں کو سننا فطرت سے محبت کرنے والوں کیلئے ایک یادگار تجربہ ہو سکتا ہے۔
جنگل سفاری سب سے بڑی کشش
ناگزرا کی سیر کا اہم حصہ جنگل سفاری ہے۔ سفاری کے دوران سیاح کھلی جیپ میں تربیت یافتہ ڈرائیور اور متعلقہ عملے کی نگرانی میں جنگل کے مخصوص راستوں سے گزرتے ہیں۔ اس دوران جنگلی جانوروں کو ان کے قدرتی ماحول میں دیکھنے کا موقع ملتا ہے۔
ناگزرا جھیل اور قدرتی مناظر
ناگزرا جھیل اس علاقے کی ایک نمایاں قدرتی کشش ہے۔ یہ جھیل جنگل کے منظر کو مزید دلکش بناتی ہے اور یہاں کے جانوروں کیلئےپانی کا اہم ذریعہ ہے۔ جھیل اور اس کے اطراف کا ماحول پرندوں کے مشاہدے کے لیے بھی اہمیت رکھتا ہے۔
کیسے پہنچیں؟
ممبئی سےناگزرا کا فاصلہ سڑک کے راستے تقریباً ۸۸۵؍ کلومیٹربتایا جاتا ہے۔ممبئی سے ناگپور کی جانب روانہ ہو کر آگے بھنڈارا اور سکولی کے راستے ناگزرا کے علاقے تک پہنچا جا سکتا ہے۔
ریل کے ذریعے: ریل کے ذریعے جانے والے سیاح گوندیا یا ناگپور تک ٹرین سے پہنچ سکتے ہیں۔ گوندیا ناگزرا کے قریب اہم ریلوے اسٹیشنوں میں شمارہوتاہے، جبکہ ناگپور سے بھی سڑک کے ذریعےیہاں پہنچا جا سکتا ہے۔