Inquilab Logo

دونوں:راج شری پروڈکشن کی نئی نسل کی پیش کردہ نئے انداز کی کہانی

Updated: October 07, 2023, 9:36 AM IST | Mohammad Habib | Mumbai

اس فلم کے ذریعہ سورج برجاتیا کے بیٹےاونیش نے بطورہدایتکار، سنی دیول کے بیٹے راجویر اور پونم ڈھلوں کی بیٹی پلوما نےبطور اداکار سفر شروع کیا ہے۔

Rajveer and Pluma in a scene from the movie `Doon`. Photo: INN
فلم’دونوں‘ کےایک منظر میں راجویر اور پلوما۔ تصویر:آئی این این

دونوں (Dono)
اسٹار کاسٹ:راجویر دیول، گریما اگروال، پلوما ڈھلوں ، کنیکا کپور،روہن کھرانا،ویوان مودی،آدتیہ نندا۔
ہدایتکار:اونیش برجاتیا
رائٹر:اونیش برجاتیا اورمنو شرما
پروڈیوسر:اجیت کمار برجاتیا، کمل کمار برجاتیا، سورج برجاتیا، جیوتی دیشپانڈے 
موسیقی: شنکر احسان لوائے،جارج جوزف
سنیماٹوگرافی: چرنتن داس 
ایڈیٹنگ: شویتا وینکٹ 
 اسٹنٹ: عباس علی مغل،ارباز علی مغل
 پروڈکشن ڈیزائن:سری رام ائینگر،سوجیت ساونت
 کاسٹیوم ڈیزائن:ٹیرینس لوبو
 ریٹنگ:  ***

معروف فلمساز سورج برجاتیا خاندانی اقدار اورموسیقی ریز نغموں سےمزین فلموں کیلئےمشہوررہےہیں۔ یہی وجہ ہے کہ جب ان کا جوان بیٹا اونیش برجاتیا اپنی وراثت کو آگے بڑھانے کے لیے’دونوں‘ جیسی فلم لے کر آتا ہے تو فطری طور پر ذہن میں یہ سوال اٹھتا ہے کہ کیا اونیش اپنے والدکی روایت کو آگے بڑھاپائیں گے؟ یا وہ کوئی مختلف قسم کی فلم لےکر آئیں گے، یہاں یہ کہنا ضروری ہے کہ بطور ہدایت کار اونیش جدید ماحول میں نوجوانوں کے رشتوں پر ایک پیچیدہ کہانی کو خوبصورتی سے پیش کرنے میں کامیاب رہے ہیں۔ وہ خاندانی اقدار کے ساتھ ساتھ آج کے نوجوانوں کے رومانوی مخمصہ کو بھی پیش کرتے ہوئے زمانے کے ساتھ قدم بڑھاتے ہوئے نظر آتے ہیں۔
کہانی: فلم ’دونوں ‘کی کہانی دو اجنبیوں کی ہے جو ٹوٹے ہوئے دلوں کے ساتھ ملتےہیں۔ دیو صراف (راجویردیول) اپنی بچپن کی سہیلی علینا (کنیکا کپور) کی ڈیسٹینیشن ویڈنگ کے لیے تھائی لینڈ جانے پرمجبورہے،جس سے وہ بچپن سے محبت کرتا رہا ہے، لیکن ۱۰؍ سال سے علینا سےبات چیت نہیں کرسکا ہے۔ اسی شادی میں میگھنا جوشی (پلوما) بھی آئی ہے،جو دولہا روہن کھرانہ کی دوست ہے اورحال ہی میں اپنے بوائےفرینڈگورو (آدتیہ نندا) سے ۶؍ سال کے تعلقات کے بعد بریک اپ کیا ہے اور اس کا سابق بوائے فرینڈ بھی اس شادی میں موجود ہے۔ وہ شادی میں دولہا کے دوست کے طور پر شرکت کرنے پہنچا ہے۔ دیو اور میگھنا دونوں اس شاندار شادی کی رسومات کے درمیان اپنے رشتے کے نتیجے کی تلاش میں ہیں اور اپنی محبت اور رشتوں کو سمجھنے کی کوشش میں ایک دوسرے کے قریب آتے ہیں۔ کیا یہ دونوں اپنے تعلقات کا کوئی نتیجہ نکالنےکے قابل ہونگے؟ کیا دیو علینا سے اپنی محبت کا اظہار کرسکے گا؟کیا دیو اور میگھنا کی قربت محبت میں بدل سکے گی؟آپ ان تمام سوالوں کے جواب فلم دیکھنے کے بعد حاصل کر پائیں گے۔
ہدایت کاری: اونیش، جو پہلی مرتبہ ہدایت کاری کی باگ ڈور سنبھال رہےہیں ،نےاپنے والد کے نقش قدم پر چلتے ہوئے شادی کے ماحول کو پس منظر کے طور پراستعمال کیا ہے اور اس ڈیسٹینیشن ویڈنگ میں کہانی کو جوانوں کے دیکھنے لائق بنا دیاہے۔ انہوں نے فلم میں معاون کرداروں کے ساتھ مزاح کو بھی برقرار رکھا ہے۔ فلم کا پہلاہاف کرداروں اور کہانی کو ترتیب دینے میں صرف ہوتا ہے، لیکن دوسرے ہاف میں کہانی رفتار پکڑتی ہے۔ تاہم اگر ڈھائی گھنٹے کی طوالت تھوڑی کم ہوتی توک ہانی مزید پر اثرہو سکتی تھی۔ اونیش نے اس فلم کو تھائی لینڈ میں ڈیسٹینیشن ویڈنگ کےرنگ میں پیش کیا ہے، لہٰذا رنگین اور پرکشش سیٹ اور ملبوسات شادی کی رسومات کو آگے بڑھاتے ہیں۔ اونیش نے منو شرما کے ساتھ مل کر کہانی لکھی ہے اور اس بات کا پورا خیال رکھا ہے کہ دو نسلوں کے درمیان کشمکش میں آج کے دور کی سوچ کو پیش کر سکیں۔ کہانی کے ذریعے ایک طرف وہ شادی میں برابری کا پیغام دیتے ہیں تو دوسری طرف یہ کہنا نہیں بھولتے کہ محبت کے لیے کسی کے وجود کو کچلنا درست نہیں۔ موسیقی کی بات کریں تو راج شری کی فلموں سے بلاک بسٹر میوزک کی توقع ہے، لیکن یہاں موسیقی کا پہلو اتنا روشن نہیں ہے۔
موسیقی: شنکر،احسان،لوائےکی موسیقی میں ۸؍گانے ہیں ، جن میں سے ٹائٹل گیت، منموجی، کھماگڈی اور دیگر گانے فلم کی طوالت میں اضافہ کرتے ہیں۔ جارج جوزف کا بیک گراؤنڈ اسکور فلم کےویژول کو متاثر کن بناتا ہے۔ 
اداکاری: اداکاری کی بات کریں تو راجویر اور پلوماکی جوڑی تازگی لئےہوئےہے۔ کہانی میں ان کے کردار فطری اور سادہ نظر آتےہیں۔ راجویر نے ایک ایسے لڑکے کے طور پر بہترین اداکاری کی ہےجو خود کوشکست خوردہ سمجھتا ہے، جب کہ پلوما ایک ایسی لڑکی کے کردار میں پرفیکٹ ہیں جو خود کو کمترسمجھتی ہے۔ ان دونوں نئے چہروں کو ابھی بہت طویل سفرطے کرنا ہے لیکن پہلی فلم کو دیکھتے ہوئے ان کی موجودگی تازہ نظر آتی ہے۔ کنیکا کپور اور روہن کھرانہ بھی راجویر اور پلوما کے متوازی نظر آتے ہیں۔ سپورٹنگ کاسٹ مضبوط ہے۔
نتیجہ:صاف ستھری رومانوی فلموں کے چاہنے والے اور نئے چہروں کے شوقین اس فلم کو دیکھ سکتے ہیں۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK