Inquilab Logo Happiest Places to Work

شاہ رخ خان کی فلم ’’دیوانہ‘‘ کے سیکوئل پر کام جاری ہے: پروڈیوسر گڈو دھنوا کی تصدیق

Updated: May 09, 2025, 10:04 PM IST | Mumbai

شاہ رخ خان کے کریئر کے آغاز والی پہلی فلم ’’دیوانہ‘‘ کے پروڈیوسر گڈو دھنوا نے تصدیق کی ہے کہ ’’دیوانہ ۲‘‘ پر کام جاری ہے۔ انہوں نے فلم ’’بچھو‘‘ کے سیکوئل کی بھی تصدیق کی ہے جس میں بابی دیول اور رانی مکھرجی نے کلیدی کردار نبھائے تھے۔

Deewana was the first and successful film of SRK`s career. Photo: INN
دیوانہ ایس آر کے ، کے کریئر کی پہلی اور کامیاب فلم تھی۔ تصویر: آئی این این

شاہ رخ خان نے ٹی وی سے پردۂ سیمیں پر آنے کے بعد سب سے پہلے عزیز مرزا کی فلم ’’راجو بن گیا جینٹل مین‘‘ سائن کی تھی۔ راجکمارکی فلم ’’دیوانہ‘‘ شاہ رخ خان کے کریئر کی پہلی کامیاب فلم تھی۔ اس فلم میں رشی کپور اور دیویا بھارتی نے بھی اداکاری کی تھی اور یہ باکس آفس پر کامیاب ثابت ہوئی تھی۔ اس وقت یہ سب سے زیادہ کاروبار کرنے والی سال کی دوسری فلم ثابت ہوئی تھی۔ اس فلم کے ذریعے ہی شاہ رخ خان کی شہرت کا آغاز ہوا تھا۔ ۳۴؍سال بعد فلمساز گڈو دھنوا نے فلم کے سیکوئل کی تصدیق کی ہے۔ یاد رہے کہ انہوں ہی نے اس فلم کو پروڈیوس کیا تھا۔ 

یہ بھی پڑھئے: ’’دی کونجیورنگ: لاسٹ رائٹس‘‘ کا ٹریلر ریلیز، ایڈ اور لورین کی شیطانی طاقتوں سے جنگ

نیوز ۱۸؍ سے بات چیت کرتے ہوئے گڈو دھنوا نے کہا کہ ’’جی ہاں! ’’دیوانہ ۲‘‘ بنائی جارہی ہے۔ فی الحال ہم فلم کی اسکرپٹ پر کام کر رہے ہیں۔ فلم کی شوٹنگ کچھ وقت کے بعد شروع ہوگی کیونکہ اس سے پہلے میری ویب سیریز ریلیز ہوگی۔‘‘انہوں نے مزید کہا کہ ’’فلم کی کاسٹ طے کر لی گئی ہے۔ یہ واضح کر دینا چاہئے کہ ابھی یہ طے نہیں کہ شاہ رخ خان بھی فلم میں اداکاری کریں گے یا نہیں۔‘‘دھنوا کے مطابق ’’نہ صرف یہ کہ ۲۰۰۰ء کی فلم’’ دیوانہ‘‘ بلکہ ’’بچھو‘‘کا بھی سیکوئل بنایا جائے گا جس میں بابی دیول اور رانی مکھرجی نے اداکاری کی تھی۔ انہوں نے ’’بچھو‘‘ کے سیکوئل کے تعلق سے کہا کہ ’’میری فلم ’’بچھو‘‘ کو کافی محبت ملی تھی۔ہم ’’بچھو۲‘‘ کے متعلق سوچ رہے ہیں اور اس کی اسکرپٹ پر بھی کام جاری ہے۔‘‘

یہ بھی پڑھئے: بلو سی رانی کی موسیقی میں مکیش نے پہلا گیت گایا تھا

شاہ رخ خان کے علاوہ دلجیت دوسانجھ کو بطور اداکارلانچ کرنے کا سہرا بھی گڈو دھنوا کے سربندھتا ہے جو پنجابی فلموں میںکام کر رہے ہیں۔ انہوں نے شاہ رخ خان کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ’’بطور اداکاران کا ارتقاء اور ترقی غیر معمولی ہے۔ بلاشبہ نہ صرف یہ کہ وہ ایک بہترین اداکار ہیںلیکن ان کے متعلق خاص بات یہ ہے کہ وہ ایک محبت کرنے والے انسان ہیں۔ مجھے یقین ہے کہ ان کی یہی خوبی انہیں کامیابی کی سیڑھی چڑھنے میں مدد فراہم کرے گی۔‘‘

گڈو دھنوا کون ہیں؟
گڈو دھنوا دھرمیندر کے پہلے کزن ہیں۔ ان کی پہلی فلم ’’دیوانہ‘‘ تھی جو ۱۹۹۲ء میں پروڈیوس ہوئی تھی۔ ۱۹۹۴ء کی فلم ’’ایلان‘‘ کے ذریعے انہوں نے ہدایتکاری کے میدان میں قدم رکھا تھا۔ اس فلم میں اکشے کمار نے کلیدی کردار نبھایا تھا۔ علاوہ ازیں گڈو دھنوا کی ہدایتکاری میں بنی دیگر مشہور فلموں میں ’’غنڈہ راج‘‘(۱۹۹۶ء)، ’’ سپاہی‘‘ (۱۹۹۶ء)، ’’ افلاطون‘‘ (۱۹۹۷ء)، ’’ ضدی‘‘ (۱۹۹۷ء) اور ’’سلاخیں‘‘ (۱۹۹۸ء) وغیرہ قابل ذکر ہیں۔ ’’بچھو‘‘ میں بابی دیول نے اداکاری کی ہے۔ ’’رومیو۳‘‘ کے ذریعے وہ دوبارہ ہندی سنیما کے میدان میں قدم رکھ رہے ہیں جس میں ٹھاکر سنگھ اور پلک تیواری نظر آئیں گے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK