• Fri, 12 September, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

زیارت کیلئے اجمیر جانے والے ان مقامات کی بھی سیر کریں

Updated: September 10, 2025, 11:00 AM IST | Inquilab Desk | Mumbai

اجمیر ملک کا ایک بہت ہی مشہور سیاحتی مقام بن گیا ہےجہاں نہ صرف ملک بلکہ بیرون ملک سے بھی لوگ سیر کیلئے آتے ہیں۔

Ajmer`s famous tourist spot is `Anna Sagar Lake`. Photo: INN
اجمیر کے مشہور سیاحی مقام’ انا ساگر جھیل‘ کی ہے۔ تصویر: آئی این این

اجمیر راجستھان کا ایک تاریخی شہر ہے جو اراولی پہاڑی سلسلے کی تاراگڑھ پہاڑی پر واقع ہے۔ مؤرخین کے مطابق یہ شہر ساتویں صدی میں اجے راج سنگھ نامی چوہان بادشاہ نے آباد کیا تھا۔ پہلے اجمیر کو ’اجےمیرو ‘کے نام سے جانا جاتا تھا۔ کہا جاتا ہے کہ چوہان خاندان نے تارا گڑھ قلعہ بنوایا تھا جسے `ہندوستان کا پہلا پہاڑی قلعہ کہا جاتا ہے۔ آج اجمیر ملک کا ایک بہت ہی مشہور سیاحتی مقام بن گیا ہےجہاں نہ صرف ملک بلکہ بیرون ملک سے بھی لوگ سیر کے لئے آتے ہیں۔ آئیے جانتے ہیں کہ یہاں کون کون سی جگہیں گھومنے کے لائق ہیں؟
اجمیر شریف درگا ہ 
 • اجمیر میں واقع معین الدین چشتی ؒ کا مقبرہ یہاں کے بڑے مذہبی مقامات میں سے ایک ہے۔ ہر مذہب اور برادری کے لوگ اس درگاہ پر حاضری دیتے ہیں۔ لوگ یہاں آتے ہیں   اور منت مانگتے ہیں ۔ لوگ یہاں آکر درگاہ پر چادر بھی چڑھاتے ہیں۔
اڈھائی دن کا جھوپڑا
•  یہ ایک مسجد ہے جو ہندوستان کی قدیم ترین مساجد میں سے ایک ہے اور اجمیر کی قدیم ترین یادگار ہے۔ اسے قطب الدین ایبک نے افغان کمانڈر محمد غوری کے حکم پر۱۱۹۲ءمیں تعمیر کروایا تھا ۔ ہر سال ہزاروں افراد یہاں گھومنے آتے ہیں۔
تاراگڑھ قلعہ
 • یہ قلعہ اراولی پہاڑ پر واقع ہے۔ یہ اجمیر کے مشہور سیاحتی مقامات میں سے ایک ہے۔ پہاڑی  پر بنے اس قلعے میں داخل ہونے کے لئے۳؍ بڑے دروازے بنائے گئے ہیں۔ یہ قلعہ سیاحوں کے لئے فن تعمیر کا ایک شاندار اور بہترین نمونہ ہے۔ گھومنے کے لحاظ سے ایک بہترین جگہ ہے۔
پشکر
•  اگر آپ اجمیر گئے اور پشکر نہیں گھومےتو اس کا مطلب ہے کہ آپ نے کچھ بھی نہیں گھوما۔ یہ راجستھان کا ایک مشہور تیرتھ استھان ہے جہاں برہما  کا مندر ہے۔ کہا جاتا ہے کہ پورے ملک میں برہما  کا یہ واحد مندر ہے۔ اس کے علاوہ پشکر جھیل بھی پورے ملک میں مشہور ہے۔ اسے ہندوستان کی ۵؍ مقدس جھیلوں میں سے ایک سمجھا جاتا ہے۔ یہ اجمیر شہر سے۱۴؍ کلومیٹر کے فاصلے پر واقع ہے۔
فائے ساگر جھیل 
 اجمیر کی فائے ساگر جھیل ایک خوبصورت سیاحتی مقام ہے، یہاں سے غروب آفتاب کا ایک شاندار نظارہ دیکھا جا سکتا ہے۔ اس جھیل کا پانی سکون کا احساس دلاتا ہے۔ یہاں آپ کچھ پرسکون لمحات گزار سکتے ہیں اور خوبصورت تصاویر بھی کھینچ  سکتے ہیں۔
انا ساگر جھیل  
 اجمیر کے تمام سیاحتی مقامات میں انا ساگر جھیل کو سب سے پرکشش اور مشہور مقام سمجھا جاتا ہے۔ یہ ایک خوبصورت جھیل ہے جس کا نام پرتھوی راج چوہان کے دادا اناجی تومر کے نام پر رکھا گیا ہے۔ یہ جگہ فطری حسن کیلئے سب سے زیادہ  مشہور ہے۔
دولت باغ 
 اجمیر کے دولت باغ میں گرمیوں کے موسم میں شام کے وقت بہت ہجوم ہوتا ہے۔ دولت باغ انا ساگر جھیل سے متصل ہے اور اس کے بیچوں بیچ ایک خوبصورت باغ ہے جسے جہانگیر نے بنوایا تھا۔ اس باغ کے احاطے کے اندر ایک سنگ مرمر کا منڈپ بھی بنا ہوا ہے جو یہاں کا ایک اہم سیاحتی مقام اور پرکشش مقام ہے۔
میو کالج 
 میو کالج  ملک کا سب سے پرانا پبلک بورڈنگ اسکول ہے جس کی بنیاد رچرڈ بورکے نے۱۸۷۵ء میں رکھی تھی  ۔ یہ کالج خاص طور پر اپنے دلکش فن تعمیر کے لئے جانا جاتا ہے۔
  اکبر پیلس میوزیم 
 اکبر پیلس میوزیم اجمیر میں گھومنے کیلئے ایک اچھی جگہ ہے۔ محل میں ایک سرکاری میوزیم بھی ہے جو مغل اور راجپوت ثقافت کے بہت سے پہلوؤں کو ظاہر کرتا ہے۔ اس میں بھرپور نوادرات، قرون وسطی کے ہتھیار،  مجسمے اور بھرت پور کے مہاراجاؤں کی بہترین  تصاویر موجود ہیں۔ ان کے علاوہ  سرکاری میوزیم اور  اکبری قلعہ بھی  اجمیر کے اہم سیاحتی مقامات میں شامل ہیں۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK