Inquilab Logo

آسام کا جورہاٹ قدرتی حسن سے مالامال تاریخی مقام

Updated: January 31, 2024, 11:09 AM IST | Mohammed Habib | Mumbai

دریائے برہم پتر گزرکر ماجولی جزیرے میں روایتی بانس کے مکانوں میں قیام اورگبن وائلڈ لائف سینکچوری کی سیر ایک دلکش تجربہ ہوتا ہے۔

Majoli Island Photo: INN
ماجولی جزیرہ ۔ تصویر : آئی این این

ہندوستان کی ہر ریاست کی اپنی الگ خصوصیات اورخوبصورتی ہوتی ہے۔ آسام بھی اس سے مختلف نہیں ہے۔ قدرتی حسن میں بھیگے ہوئےآسام میں سفر کا اپنا ہی مزہ ہے۔ یہاں کا ہر شخص آپ کو سکون اورخوشی کا احساس دلاتا ہے۔ جورہاٹ شہر آسام میں واقع ہے، جو ہندوستان میں چائےکےسب سے بڑے باغات کا گھر ہے اور یہاں تک کہ ہندوستان کے چائے کے دارالحکومت کے طور پر بھی جانا جاتا ہے۔ جورہاٹ نہ صرف ایک بہت خوبصورت شہر ہے بلکہ اس کی اپنی تاریخی اہمیت بھی ہے۔ یہ۶؍ صدیوں سے زائد عرصے تک آہوم خاندان کا آخری دارالحکومت تھا اور اسی وجہ سے اس جگہ کی اپنی ایک بھرپور تاریخ اور ثقافت ہے۔ لہٰذا، ہم آپ کو جورہاٹ میں واقع کچھ ایسی جگہوں کے بارے میں بتا رہے ہیں، جہاں آپ کو ضرور جانا چاہیے۔ 
ماجولی جزیرہ
 اگر آپ جورہاٹ میں ہیں تو آپ کو جزیرہ ماجولی ضرور جانا چاہیے۔ ماجولی جزیرے تک پہنچنے کے لیے آپ کو دریائے برہم پترا سے گزرنا پڑتا ہے۔ ماجولی خطے کا سب سے بڑا دریائی جزیرہ ہے۔ کشتی سےسفر کرتے ہوئے آپ کو اردگرد کے قدرتی ماحول کو دیکھنے کا موقع ملےگا۔ جزیرے پر پہنچنے کے بعد آپ بانس سے بنے روایتی کاٹیجز میں قیام کرسکتے ہیں۔ 
گبن وائلڈ لائف سینکچوری
 گبن وائلڈ لائف سینکچوری جورہاٹ سے ۱۵؍کلومیٹر دور واقع ہے۔ یہ جنگلی حیات کی پناہ گاہ ۱۹۱۵ءہیکٹر اراضی پر پھیلی ہوئی ہے۔ اس وائلڈ لائف سینکچوری کی خاصیت یہ ہے کہ یہاں پرائمیٹ کی مختلف اقسام عام طور پر پائی جاتی ہیں جو کہ دیگر جنگلی حیات کی پناہ گاہوں میں کم ہی نظر آتی ہیں۔ یہاں پائے جانے والے کچھ بندروں میں کیپڈ لنگور، ہولاک گبن، سلو لوریس اور ریسس بندر شامل ہیں۔ ساتھ ہی یہاں آپ کو ہاتھی، چیتےبھی ملیں گے۔ اس سینکچوری کا نام ہولوک گبن سے لیا گیا ہے۔ 
کاکوچانگ آبشار
ربر اور کافی کے باغات کے درمیان بہتا ہوا، کاکوچانگ آبشار دیکھنےمیں بہت خوبصورت ہے۔ جورہاٹ میں بوکاکھت سے۱۳؍ کلومیٹرکےفاصلے پر واقع یہ آبشار اپنی خوبصورتی کے لیے بڑی تعداد میں لوگوں کومتوجہ کرتاہے۔ یہاں سے سرسبز چائے کے باغات کا نظارہ دلکش ہے۔ 
ٹوکالائی چائے ریسرچ سینٹر 
 ٹوکالائی چائے ریسرچ سینٹردنیا کے سب سے بڑے اور قدیم ترین چائےکےتحقیقی مراکز میں سے ایک ہے۔ یہ تحقیقی مرکز۱۹۱۱ء میں قائم کیا گیا تھا۔ یہاں چائے کی کاشت اور پروسیسنگ پر مختلف تحقیق کی جاتی ہے۔ مرکز کا مقصد چائے کی غذائیت کو بڑھانا ہے۔ 
شیوساگر
 اگر آپ جورہاٹ میں ہیں تو آپ کو شیو ساگر ضرور جانا چاہیے۔ یہ جگہ قدرتی اور تاریخی اعتبارسےبہت اہم ہے۔ اہوم خاندان کی حکمرانی کے سبب اس خطے میں بہت سارے ایسے مقامات ہیں جنہیں تاریخی ورثہ قرار دیا جاسکتاہے۔ یہاں آپ تائی-آہوم میوزیم اور رنگ گھر منڈپ جیسے تاریخی مقامات دیکھ سکتے ہیں۔ اس کے علاوہ آپ دریا کے کنارے بیٹھ کر قدرتی نظاروں سے لطف اندوزہوسکتے ہیں۔ 
نیمتی گھاٹ 
 اگر آپ برہم پتر کے حیرت انگیز پانی کا تجربہ کرنا چاہتے ہیں تو نیمتی گھاٹ ضرور دیکھیں۔ یہ گھاٹ بندرگاہ کا ایک اہم علاقہ بھی ہے۔ اگرآپ یہاں ہیں تو، مقامی کھانوں اور تازہ پکے ہوئے سمندری کھانےسے لطف اندوز ہونا نہ بھولیں اور دن کے اختتام پر برہم پتر کی گود میں غروب آفتاب کا دلکش نظارہ کریں۔ نیمتی گھاٹ واقعی جورہاٹ میں دیکھنے کے لیے بہترین مقامات میں سے ایک ہے۔ 
جورہاٹ تک کیسے پہنچیں :
سڑک: اگر آپ سڑک کے ذریعے سفر کرتےہیں، تو بہت سی سڑکیں جورہاٹ کو دوسرےشمال مشرقی شہروں سے جوڑتی ہیں اوراین ایچ ۳۷؍اسے ہندوستان کے دیگر مقامات سے جوڑتا ہے۔ 
ٹرین :اگر آپ ٹرین سے سفر کرتے ہیں، تو ماریانی جنکشن ضلع کا اہم ریلوے اسٹیشن ہے۔ یہ ضلع تینوسکیا ریلوے ڈویژن میں آتا ہے اور یہاں سے بہت سی ٹرینیں گزرتی ہیں۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK