ہماچل پردیش کے اس شہر میں دی رج، مال روڈ، جاکھو ہل اسٹیشن اور جانی ویکس میوزیم جیسےمقامات بھی ہیں، ٹوائے ٹرین سب سے دلکش۔
EPAPER
Updated: February 07, 2024, 11:17 AM IST | Mohammed Habib | Mumbai
ہماچل پردیش کے اس شہر میں دی رج، مال روڈ، جاکھو ہل اسٹیشن اور جانی ویکس میوزیم جیسےمقامات بھی ہیں، ٹوائے ٹرین سب سے دلکش۔
شملہ ملک کے خوبصورت ترین مقامات میں سے ایک ہے۔ ہر سال بڑی تعداد میں سیاح یہاں کا رخ کرتے ہیں۔ عام طور پر خوبصورت پہاڑیوں کے علاوہ برف باری کا لطف لینے سیاح یہاں جاتے ہیں ، لیکن یہاں صرف خوبصورت پہاڑیاں ہی نہیں دیگر کئی چیزیں بھی دیکھنے سےتعلق رکھتی ہیں جن میں میوزیم، تھیٹر، نو آبادیاتی لاج سے لے کر چلنے کیلئے انوکھے راستے، چہل پہل والے مال، گوتھک طرز تعمیر کے چرچ اور ہیریٹیج ہوٹل۔ آئیےآج ان چیزوں کا جائزہ لیتے ہیں۔
دی رِ ج: شملہ میں تمام سیاحتی سرگرمیوں کا مرکز قرار دیا جانے والا دی رج شملہ کے اہم سیاحتی مقامات میں سے ایک ہے۔ شملہ کےدیگر تمام اہم مقامات جیسے مال روڈ، اسکینڈل پوائنٹ اور لکڑ بازارسے آسانی سے جڑا ہواہے۔ ہرسال اپریل یا مئی میں منعقد ہونے والے انتہائی اہم سمر فیسٹیول بھی یہیں منعقد کیا جاتا ہے۔ رج کے ساتھ بہت سے دلچسپ مقامات میں سے، کرائسٹ چرچ سب سے زیادہ مقبول ہے۔ بوتیک، بار، ریستوراں ، کیفے اور دکانوں کے مرکز کے سبب رج علاقےکے سماجی مرکز کے طور پر بھی جانا جاتاہے۔ اس جگہ پرسیاح سب سے زیادہ تصاویر کھینچتے ہیں۔ آپ یہاں روزانہ صبح۸؍ بجےسےشام۶؍ بجے تک جا سکتے ہیں۔
مال روڈ: شملہ کامال روڈ تمام سرگرمیوں کا مرکز ہے۔ تمام دلچسپ مقامات جیسےدکانیں ، کیفے، تھیٹر، ریستوراں اور ہر قسم کی تفریح اس سڑک پرموجودہے۔ یہاں کے ریستوراں مختلف قسم کےپکوان پیش کرتےہیں۔ شملہ میں ثقافتی سرگرمیوں کے لیے گیٹی تھیٹر جا سکتے ہیں جو یہیں موجود ہے۔ اگر آپ خریداری کی جگہ تلاش کر رہے ہیں تو مال روڈ پر بہت سی بڑی دکانیں ، شو رومز اور اسٹورہیں۔
جاکھو ہل اسٹیشن: شملہ کا سب سے اونچا مقام، جاکھو پہاڑی شملہ کے مشہور سیاحتی مقامات میں سے ایک سمجھا جاتا ہے۔ خوبصورت الپائن کے درختوں سے ڈھکے ہوئے، سطح سمندرسے۸؍ہزارفٹ کی بلندی پرواقع، جاکھو ہل پر ایک قدیم ہنومان مندر بھی ہے۔ یہاں چوٹی تک پہنچنے کے لیے آپ کو۲ء۵؍ کلومیٹرکاسفر کرنا پڑے گا، بس یہاں بندروں سے ہوشیار رہیں۔ چوٹی پر پہنچنے کے بعد شملہ کی خوبصورتی آپ کا دل خوش کر دے گی۔
جانی ویکس میوزیم:ہماچل پردیش کے پہلے مومی میوزیم کےطور پر مشہور، جانی ویکس میوزیم شملہ کے سیاحتی مقامات میں سرفہرست ہے۔ اس میوزیم میں آپ کو کئی مشہور فلمی ستاروں کے مجسمے دیکھنے کو ملیں گے۔ میوزیم میں سب سے زیادہ پسند کئےجانے والےموم کے مجسموں میں مہاتما گاندھی، اسٹیو جابز، ہیری پوٹر، جیمزبانڈ اور ٹونی اسٹارک کے مجسمے شامل ہیں۔ سب سےاچھی بات یہ ہے کہ آپ اپنی پسندیدہ مشہور شخصیت کے ساتھ تصویر کھنچواسکتے ہیں اور اس لمحے کو یادگار بنا سکتے ہیں۔ یہ میوزیم صبح ۱۰؍بجےسےرات ۱۰؍بجےتک کھلا رہتا ہے اور اس کی فیس بڑوں کے لیے۲۵۰؍روپے اور بچوں کے لیے۵؍ روپے ہے۔
ٹوائے ٹرین: دیودارکے درختوں سےڈھکی پہاڑیوں کے خوبصورت نظاروں کے ساتھ، یہ۵؍گھنٹےٹوائےٹرین کی سواری آپ کے شملہ کےدورے میں ایک لازمی طور پر شامل ہونا چاہئے۔ اس۹۶؍کلومیٹر طویل سفرمیں، ٹوائے ٹرین آپ کو ۲۰؍اسٹیشنوں، ۱۰۳؍ سرنگوں، ۸۰۰؍ پلوں اور دم بخود کردینے والےتقریباً۹۰۰؍موڑ سے گزرتی ہے۔ باروگ اور شملہ کے درمیان کا فاصلہ اس سفر کا سب سے حیرت انگیزحصہ وہ ہےجب ٹرین کھڑی چڑھائی کی وجہ سے سست ہوجاتی ہے۔ اس دوران آپ کو کچھ حیرت انگیزنظارے دیکھنے کا موقع ملتا ہے۔ اس ٹرین میں سفرکرنےکے لیے آپ کو ایڈوانس بکنگ کرنی ہوگی۔ ٹکٹ کی قیمت۶۵؍ روپے سے۵۰۰؍ روپے تک ہے۔
شملہ کیسے جائیں :
ممبئی سے شملہ جانے کیلئے براہ راست کوئی راستہ نہیں ہے۔ سب سے سستا راستہ یہ ہے کہ آپ ممبئی سے دہلی تک کسی ٹرین سے جائیں اوربس کے ذریعہ دہلی سے شملہ پہنچیں۔ اس سفر میں آپ کو کم از کم۲۸؍گھنٹے ۴۵؍منٹ لگیں گے۔ شملہ پہنچنے کاسب سے تیز رفتار ترین راستہ یہ ہے کہ آپ ہوائی جہاز کے ذریعہ چندی گڑھ انٹرنیشنل ایئر پورٹ پہنچ جائیں اور وہاں سے کیب کے ذریعہ شملہ پہنچیں۔ اس میں آپ کو ۷؍گھنٹے ۹؍منٹ لگیں گے۔ اس کے علاوہ آپ ممبئی سے دہلی کے اندراگاندھی ایئرپورٹ پہنچیں اور بس سے شملہ پہنچ جائیں۔