میسور اپنے فن تعمیر اور سیاحتی مقام کے طور پر پوری دنیا میں مشہور ہے،یہاں کا ’میسور پیلس‘ بہت خاص ہے ،دیکھنے سے تعلق رکھتا ہے۔
EPAPER
Updated: September 17, 2025, 10:22 AM IST | Inquilab Desk | Mumbai
میسور اپنے فن تعمیر اور سیاحتی مقام کے طور پر پوری دنیا میں مشہور ہے،یہاں کا ’میسور پیلس‘ بہت خاص ہے ،دیکھنے سے تعلق رکھتا ہے۔
کرناٹک میں دیکھنے کے لئے بہت کچھ ہے۔ یہاں کے سیاحتی مقامات پوری دنیا میں مشہور ہیں۔ کرناٹک میں بہت سے مذہبی اور تاریخی مقامات ہیں جو سیاحوں کو اپنی طرف متوجہ کرتے ہیں۔ یہ ریاست اپنی قدرتی خوبصورتی کیلئے پوری دنیا میں مشہور ہے۔کرناٹک کی کئی جگہیںمسحور کر دیتی ہیں۔ یہاں تہذیب و ثقافت سےمتعلق کئی جگہیں بھی دیکھنے کو ملیں گی۔ تو آئیے کرناٹک کے مشہور مقامات کے بارے میںجانتے ہیں۔
میسور
میسور اپنے فن تعمیر اور سیاحتی مقام کے طور پر پوری دنیا میں مشہور ہے۔ یہاں کا سب سے مشہور سیاحتی مقام ’میسور پیلس‘ سیاحوں کی توجہ کا مرکز ہے۔ یہ یونیسکو کے عالمی ثقافتی ورثے کی فہرست میں شامل ہے۔ یہ محل سورج کی روشنی میں جگمگا اٹھتاہے۔ اس کی چھت رنگین شیشے سے بنی ہے اور فرش پر چمکدار پتھر کے ٹکڑے لگے ہیں۔ آپ اس محل کی خوبصورتی سے مسحور ہو جائیں گے۔ دسہرہ کے موقع پر اس محل کو خاص طورپر سجایا جاتا ہے۔
ہمپی
ہمپی ریاست کرناٹک کا ایک چھوٹا ساشہر ہے جو اپنے تاریخی اور مذہبی مقامات کی وجہ سے پوری دنیا میں مشہور ہے۔ یہاں کا وجے وٹھل مندر بہت منفرد انداز میں بنایا گیا ہے۔ اس مندر کا ایک حصہ رتھ کی طرح بنایا گیا ہے جو توجہ کا مرکز ہے۔
بادامی
بادامی کا پورا نام واتاپی ہے۔ بادامی غار مندر ریاست کرناٹک کے باگل کوٹ ضلع میں واقع ہے۔ بادامی سرخ ریت کے پتھر کی وادی میں واقع ہے جو ’آگستیہ جھیل‘ کو گھیرے ہوئے ہے۔ یہ جگہ یونیسکو کے عالمی ثقافتی ورثے کی فہرست میں بھی شامل ہے۔ یہ مندر فن تعمیر کا ایک بہترین نمونہ ہے۔
کابنی جنگل
یہ خوبصورت جنگل کرناٹک میں واقع ہے۔ سیاحوں کی بڑی تعداد ہر سال کابنی جنگل کا رخ کرتی ہے۔ یہ وائلڈ لائف ہاٹ اسپاٹ ہے۔ اس پارک میں ایشیائی ہاتھی پائے جاتے ہیں۔اگر آپ بھی آنے والے دنوں میں کسی اچھے جنگل سیر کرنا چاہتے ہیں تو آپ کابنی جنگل کا انتخاب کر سکتے ہیں۔
جوگ فالس
جوگ فالس کرناٹک کا سب سے مقبول سیاحتی مقام ہے۔ اس آبشار کو گیروسپا فالس یا جوگا فالس کے نام سے بھی جانا جاتا ہے۔ اسے چار حصوں میں تقسیم کیا گیا ہے: راجا،روئر، راکٹ اور رانی۔ اس آبشار کی اونچائی تقریباً ۲۵۴؍ میٹر ہے۔ اگر آپ فطرت سے محبت کرتے ہیں تو آپ کو اس جگہ کا دیدار ضرور کرنا چاہئے۔
باندی پور
باندی پور کرناٹک میں ایک قومی ریزرو ہے۔ اس ریزرو میں جنگلی جانور اور پرندے ہیں۔ دارالحکومت بنگلور سے چند کلومیٹر کے فاصلے پرواقع یہ ریزرو مقبول سیاحتی مقامات میں سے ایک ہے ۔ یہ جگہ ماحول دوست ہے۔ پودوں اورشادابی سے گھری ہوئی ہے۔ یہاںآپ ہاتھیوں کو چرتے نیز دوسرے پرندے اور جنگلی جانور دیکھ سکتے ہیں۔اس ریزرو میں جانوروں کی دیکھ بھال کا ایک مرکز بھی ہے جو ان کی صحت اور افزائش نسل کے مسائل کو دیکھتا ہے۔ اس مرکز میں زخمی جانوروں کا علاج کیا جاتا ہے۔ اس ریزرو میں قدرتی پانی ہے جو مویار، نوگو اور کابنی ندیوں سے آتا ہے۔
بیلور
بیلور کرناٹک کے قدیم اور مشہور سیاحتی مقامات میں سے ایک ہے۔ یہ یاگاچی ندی کے قریب واقع ہے اور ہاسن ضلع کے تحت آتا ہے۔ بیلور مشہور مندروں کا شہر ہے۔ بیلور جنوبی ہندوستانی فن تعمیر اور اور دستکاری کی بھی ایک مثال ہے۔
بنگلور
بنگلور ریاست کرناٹک کا دارالحکومت ہے۔ یہ شہر قدیم و جدید کا حسین امتزاج ہے۔ بنگلور کے آس پاس کا سبز علاقہ آبشاروں اور ندیوں سے گھرا ہوا ہے۔ بنگلور نہ صرف فطرت سے محبت کرنے والوں کیلئے بلکہ موسیقی سے محبت کرنے والوں کے لئے بھی ایک جگہ ہے۔ شہر کے اندر کئی پارک اور تفریحی مقامات ہیں جن میں’ا سنو سٹی‘ بھی شامل ہے۔