برانڈ نے ابتدا میں خواتین کے دفتری ملبوسات پر توجہ مرکوز کی تھی، لیکن وقت کے ساتھ اس نے اپنے کلیکشن میں مزید اقسام شامل کیں۔
EPAPER
Updated: November 03, 2026, 12:44 PM IST | Mohammed Habib | Mumbai
برانڈ نے ابتدا میں خواتین کے دفتری ملبوسات پر توجہ مرکوز کی تھی، لیکن وقت کے ساتھ اس نے اپنے کلیکشن میں مزید اقسام شامل کیں۔
فَیبل اسٹریٹ کی سب سے نمایاں خصوصیت اس کا فٹنگ سے متعلق طریقہ کار ہے۔ برانڈ نے محسوس کیا کہ خواتین کے لیے کپڑوں کی خریداری میں سب سے بڑی پریشانی سائز اور فٹنگ کی ہوتی ہے۔ ایک ہی سائز کے کپڑے مختلف خواتین کے جسم پر مختلف انداز میں فٹ ہوتے ہیں۔ اسی لیے صرف چھوٹے، درمیانے یا بڑے سائز کے روایتی پیمانوں پر انحصار کرنا کافی نہیں۔اس مسئلے کے حل کے لیے کمپنی نے اپنا مخصوص ٹیلرڈ فِٹ الگورتھم تیار کیا۔ اس نظام کے ذریعے صارفین سے جسم کی صرف ۳؍بنیادی پیمائشیں حاصل کرکے ان کیلئے مناسب فٹنگ کا اندازہ لگایا جاتا ہے۔ اس طریقے کا مقصد آن لائن خریداری کے دوران سائز کے انتخاب کو آسان بنانا ہے۔
فَیبل اسٹریٹ نے ابتدا میں خواتین کے دفتری ملبوسات پر توجہ مرکوز کی تھی، لیکن وقت کے ساتھ اس نے اپنے مجموعے میں مزیداقسام شامل کیں۔ اس کی وجہ یہ تھی کہ خواتین کی ضروریات صرف دفتر تک محدود نہیں ہوتیں۔ انہیں روزمرہ استعمال، دوستوں کے ساتھ باہر جانے، تقریبات میں شرکت اور شام کے پروگراموں کے لیے بھی مختلف طرز کے کپڑوں کی ضرورت ہوتی ہے۔
یہاں کیا کچھ ملتا ہے
اس کےکلیکشن کو چند اہم زمروں میں تقسیم کیا جاسکتا ہے۔
دفتری ملبوسات: فَیبل اسٹریٹ کی بنیادی شناخت خواتین کے رسمی اور دفتری لباس سے ہے۔ اس میں شرٹس، بلاؤز، ٹراؤزر، بلیزر، پینٹس اور رسمی ڈریسز شامل ہیں۔ ان ملبوسات کو اس انداز میں تیار کیا جاتا ہے کہ خواتین انہیں روزانہ دفتر میں پہن سکیں۔
یہ بھی پڑھئے: نیکسٹ: برطانوی فیشن کی سادگی، معیار اور جدید انداز کا امتزاج
ٹاپس اور شرٹس: اس کے کلیکشن میں مختلف ڈیزائن اور رنگوں کےٹاپس اور شرٹس دستیاب ہیں۔ انہیں جینز، ٹراؤزر اور اسکرٹس کے ساتھ پہنا جاسکتا ہے۔ یہ ملبوسات دفتری اور غیر رسمی دونوں طرح کے مواقع کے لیے موزوں ہیں۔
ٹراؤزر اور پینٹس: اس برانڈ کی نمایاں مصنوعات میں ٹراؤزر اور آرام دہ پینٹس شامل ہیں۔ ان میں ’لِو اِن پینٹس‘ قابل ذکر ہیں، جنہیں آرام اور روزمرہ استعمال کو سامنے رکھ کر تیار کیا گیا ہے۔
ڈریسز اور اسکرٹس: فَیبل اسٹریٹ کے یہاں مختلف لمبائی اور ڈیزائن کے ڈریسز اور اسکرٹس بھی ملتے ہیں۔ انہیں دفتر، ملاقاتوں اور شام کی تقریبات میں استعمال کیا جاسکتا ہے۔
جیکٹس اور بلیزر: رسمی اور پیشہ ورانہ لباس کو مکمل کرنے کے لیے برانڈ کے پاس مختلف طرز کے بلیزر اور جیکٹس بھی موجود ہیں۔
اس طرح فَیبل اسٹریٹ نے اپنے ابتدائی دفتری لباس کے تصور کو وسیع کرکے خواتین کے لیے روزمرہ سے لے کر خاص مواقع تک کے ملبوسات پیش کرنے کی کوشش کی ہے۔
آن لائن سے آف لائن اسٹورز تک کا سفر
فَیبل اسٹریٹ نے اپنے کاروبار کا آغاز آن لائن برانڈ کی حیثیت سےکیا تھا۔ اس کی مصنوعات ابتدا میں بنیادی طور پر ویب سائٹ کے ذریعے فروخت کی جاتی تھیں۔اس طریقے سے کمپنی کو ملک کے مختلف شہروں میں صارفین تک پہنچنے میں مدد ملی۔
تاہم کمپنی نے جلد ہی محسوس کیا کہ خواتین کے ملبوسات کی خریداری میںکپڑے کو خود دیکھنا، چھوکر محسوس کرنا اور پہن کر اس کی فٹنگ جانچنا بھی ضروری ہے۔ اسی مقصد کے تحت فروری ۲۰۲۰ءمیں اس نے اپنا پہلا آف لائن اسٹور شروع کیا، لیکن کورونا وبا کی وجہ سے اس کی توسیع کا منصوبہ متاثر ہوا۔
ممبئی میں موجودگی
بعد میں کمپنی نے دوبارہ فزیکل اسٹورز کھولنے کی حکمت عملی اختیار کی۔ ستمبر۲۰۲۳ءمیں ممبئی کے فینکس مارکیٹ سٹی، کرلا میں اس کا اسٹور شروع ہوا۔ اس کے بعد اکتوبر۲۰۲۳ءمیں لوئر پریل کے فینکس پیلاڈیم میں بھی اسٹور کھولا گیا۔ فی الحال ممبئی میں فیبل اسٹریٹ کے یہ دو اسٹور ہی موجود ہیں۔
ان اسٹورز کے ذریعے صارفین کو کپڑوں کی فٹنگ آزمانے، مختلف ڈیزائن دیکھنے اور اپنی ضرورت کے مطابق لباس منتخب کرنے کا موقع ملا۔ آن لائن اور آف لائن خریداری کو ایک دوسرے سے جوڑنے کی یہ حکمت عملی برانڈ کی توسیع میں اہم رہی ہے۔