اس کو خاص طور پر اپنے اعلیٰ معیار کے جوتوں، چمڑے کے ہینڈ بیگز، پرس، بیلٹس، ریشمی اسکارف، ملبوسات اور دیگر فیشن لوازمات کیلئے جانا جاتا ہے۔
EPAPER
Updated: November 10, 2026, 12:06 PM IST | Mohammed Habib | Mumbai
اس کو خاص طور پر اپنے اعلیٰ معیار کے جوتوں، چمڑے کے ہینڈ بیگز، پرس، بیلٹس، ریشمی اسکارف، ملبوسات اور دیگر فیشن لوازمات کیلئے جانا جاتا ہے۔
فیشن کی دنیا میں کچھ برانڈز ایسے ہیں جن کی پہچان صرف ان کے مہنگے ملبوسات یا جوتوں تک محدود نہیں ہوتی بلکہ ان کے پیچھے ایک طویل تاریخ، ہنرمندی، تخلیقی صلاحیت اور معیار کی روایت بھی موجود ہوتی ہے۔ اٹلی کا مشہور لگژری فیشن برانڈ(Ferragamo) فیریگامو بھی انہی میں سے ایک ہے۔ تقریباً ایک صدی پر محیط اس برانڈ کی تاریخ جوتوں کی تیاری سے شروع ہوئی اور وقت کے ساتھ یہ دنیا کے معروف لگژری فیشن اداروں میں شامل ہوگیا۔فیریگامو کو خاص طور پر اپنے اعلیٰ معیار کے جوتوں، چمڑے کے ہینڈ بیگز، پرس، بیلٹ، ریشمی اسکارف، ملبوسات اور دیگر فیشن لوازمات کیلئے جانا جاتا ہے۔
آغاز کی کہانی
فیریگامو کی بنیاد اطالوی جوتا ساز سالواتورے فیریگامو نے رکھی تھی۔بچپن ہی سے انہیں جوتے بنانے کا شوق تھا۔کہا جاتا ہے کہ انہوں نے محض۹؍برس کی عمر میں اپنی بہن کیلئے سفید جوتوں کا ایک جوڑا تیار کیا تھا، کیونکہ خاندان کے پاس بازار سے جوتے خریدنے کے پیسے نہیں تھے۔یہی شوق آگے چل کر ان کی زندگی کا مقصد بن گیا۔انہوں نے جوتا سازی کا ہنر سیکھا اور کم عمری میں ہی اس شعبے میں اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ شروع کردیا۔۱۹۱۵ءمیں وہ امریکہ چلے گئے،جہاں ان کے بہن بھائی پہلے سے مقیم تھے۔۱۹۲۷ء میں وہ امریکہ سے واپس اٹلی آگئے اور فلورنس میں اپنے کاروبار کی بنیاد رکھی۔ اسی سال فیریگامو کمپنی کا باقاعدہ قیام عمل میں آیا۔
یہاں کیا کچھ ملتا ہے
آج فیریگامو مردوں اور خواتین دونوں کے لیے مختلف اقسام کی مصنوعات تیار کرتا ہے۔ اس کی نمایاں مصنوعات میں شامل ہیں:
جوتے: یہ برانڈ کی بنیادی اور تاریخی پہچان ہیں۔ خواتین کے لیے ہیل والے جوتے، سینڈل، فلیٹس، لوفرز اور روزمرہ استعمال کے جوتےدستیاب ہوتے ہیں۔ مردوں کے لیے فارمل لیدر شوز، لوفرز، اسنیکرز اور دیگر ڈیزائن پیش کیے جاتے ہیں۔ کمپنی کے بعض خصوصی جوتے ہاتھ سے تیار کیے جاتے ہیں۔
یہ بھی پڑھئے: فیبل اسٹریٹ: خواتین کیلئے دفتر اور دیگر مواقع پر پہننےلائق ملبوسات کا مرکز
ہینڈ بیگز: فیریگامو کے ہینڈ بیگز اپنے نفیس ڈیزائن، چمڑے کے معیار اور گین چینی جیسی مخصوص آرائش کے لیے مشہور ہیں۔ خواتین کے لیے شولڈر بیگز، ٹوٹ بیگز، کراس باڈی بیگز اور مختلف سائز کے ہینڈ بیگز دستیاب ہوتے ہیں۔
پرس اور چمڑے کی اشیا: مردوں اور خواتین کے لیے والٹس، کارڈ ہولڈرز، بیلٹس اور دیگر چھوٹی چمڑے کی اشیا بھی اس کی مصنوعات میں شامل ہیں۔
ملبوسات: خواتین اور مردوں کیلئے رسمی اور غیر رسمی ملبوسات، جیکٹ، کوٹ، شرٹس، ٹراؤزر اور دیگر فیشن ملبوسات تیار کیے جاتے ہیں۔
ریشمی اسکارف: فیریگامو کے رنگین اور خوبصورت پرنٹ والے سلک اسکارف بھی خاصی مقبولیت رکھتے ہیں۔ ان کے ڈیزائنوں میں پھولوں، جیومیٹری اور برانڈ کی تاریخی علامتوں کا استعمال کیا جاتا ہے۔
خوشبوئیں، چشمے اور گھڑیاں: برانڈ کے نام سے خوشبوئیں، سن گلاسز اور گھڑیاں بھی فروخت ہوتی ہیں۔ ان میں بعض مصنوعات لائسنس یافتہ کمپنیوں کے ذریعے تیار اور تقسیم کی جاتی ہیں۔
اس برانڈ کی مصنوعات میں قیمت کے ساتھ معیار اور دستکاری کو بھی اہمیت دی جاتی ہے۔ کمپنی اپنی جوتوں کی بعض مصنوعات کیلئے خصوصی مرمت اور دوبارہ بہتر بنانے کی سہولت بھی فراہم کرتی ہے۔
آن لائن سے آف لائن اسٹورز تک کا سفر
فیریگامو کی مصنوعات دنیا کے۹۰؍سےزیادہ ممالک میں مختلف ذرائع سے فروخت ہوتی ہیں۔ کمپنی اپنے براہ راست چلائے جانےوالے اسٹورز کے علاوہ منتخب ڈپارٹمنٹل اسٹورز اور ملٹی برانڈ فیشن مراکز کے ذریعے بھی کاروبار کرتی ہے۔
ممبئی میں موجودگی
کمپنی نے۲۰۰۶ءمیںممبئی میں اپنا پہلا براہ راست اسٹور کھولا تھا۔ اس کے بعد ملک کے دیگر بڑے شہروں میں بھی اس کی موجودگی بڑھی۔ممبئی میں اس کے دو نمایاں اسٹور موجود ہیں جن میں سے ایک اسٹور لوئر پریل کے فنکس پلاڈیم مال میں جبکہ دوسرا اسٹور باندرہ کے بی کے سی میں واقع جیو ورلڈ پلازا میں موجود ہے۔