Inquilab Logo

گجانن مارکیٹ فیشن ٹرینڈ کے لحاظ سے اَپ ڈیٹ رہتا ہے

Updated: June 13, 2023, 12:02 PM IST | Shahebaz Khan | Mumbai

الہاس نگر کا یہ بازار کم قیمت میں مختلف اشیاء کی خریداری کا اہم مرکز ہے، کئی ہزارمربع میٹر رقبے پر پھیلے اس مارکیٹ میں ہزاروں دکانیں ہیں

Apart from men`s, women`s and children`s clothing, there are also hundreds of shops selling artificial jewelery and other items
یہاں مرد، خواتین اور بچوں کے ملبوسات کے علاوہ مصنوعی زیورات اور دیگر اشیاء کی بھی سیکڑوں دکانیں ہیں

کیا آپ ایسے مارکیٹ میں شاپنگ کرنا چاہیں گے جہاں آپ کو کم قیمت میں ضروریات زندگی کا ہر سامان مل جائے؟ ایک ایسا بازار جس میں داخل ہونے کے بعد آپ کچن کی اشیاء سے لے کر چپل جوتے تک خرید سکیں؟ ممبئی سے ۴۷؍ کلومیٹر دور، الہاس ندی کے کنارے آباد شہر الہاس نگر کے بازار میں آپ کو فرنیچر سے لے کر کچے اور ریڈی میڈ کپڑےہول سیل میں مل جائیں گے۔
 یہاں کا معروف ترین بازار گجانن مارکیٹ ہے۔ یہ بازار ’’۲؍ نمبر روڈ یا مارکیٹ‘‘ کے نام سے بھی مشہور ہے لیکن یہاں ’’اے وَن‘‘ اشیاء ملتی ہیں۔ مارکیٹ کو ۲؍ نمبر کا نام اس لئے دیا گیا ہے کہ چند برسوں پہلے جب اس کا طول وعرض بڑھنے لگا تو حکام نے مارکیٹ کو ۱۷؍ حصوں/ گلیوں/ سیکشن میں تقسیم کردیا اور اس مارکیٹ کا نمبر ۲؍ ہے۔  ۱۷؍ حصوں میں مختلف قسم کی اشیاء کے ۱۷؍ بازار ہیں اور تمام ہی اپنے اپنے شعبے کے بڑے مارکیٹ سمجھے جاتےہیں۔گجانن مارکیٹ میںمرد، خواتین اور بچوں کے ملبوسات سے لے کر زیورات، چھوٹےالیکٹرانک آلات، گھریلو اشیاء، سجاوٹ کے لوازمات وغیرہ  کم قیمت میں مل جاتے ہیں۔ کپڑوں کے ہول سیل بازار کیلئے آپ کو ۵؍ نمبر مارکیٹ میں جانا ہوگا جبکہ فرنیچر کیلئے ۳؍ نمبر مارکیٹ میں۔ 
خواتین کی شاپنگ: اس بازار میں خواتین کے ملبوسات مثلاً شلوار قمیص، ساڑی ، پاکستانی سوٹ، پاکستانی کُرتی، لکھنؤی کُرتی، گاؤن، اَپ ڈاؤن،نائرہ کٹ، کٹ ورک،سگریٹ پینٹ، ٹراؤزر پینٹ، پلازو وغیرہ کی ڈھیرساری ورائٹی آپ کو رعایتی دام میں مل جائیں گی۔ اسی طرح دلہن کیلئے شرارہ، غرارہ اور فشریز، شمر، سیکوینس، زردوزی اور نیٹ میں مل جائینگے۔ خواتین کے زیورات جیسے نیکلیس، انگوٹھیاں، بریسلٹ، چوڑیاں، کان کے بُندے، کلائی کی گھڑیاں، پائل، اسٹڈس، جھمکے، بندیا، جھومر، بالوں کے کلپ، موتیاں وغیرہ، اور میک اَپ میں لپ اسٹکس، فاؤنڈیشن، مسکارا، آئی لائنر، پرائمر، کنسیلر، پاؤڈر، کریم، بلینڈر، ہائی لائٹر، کامپیکٹ، آئی شیڈوز، سیٹنگ اسپرے، ہیئر اسپرے، نیل پینٹ، میک اَپ ریمور، گلیٹر وغیرہ کے ڈھیر سارے برانڈ بھی یہاں دستیاب ہیں۔
 فیشن ٹرینڈ کے مطابق جوتے، چپلیں، بیگز، موجڑی وغیرہ بھی یہاں ملتی ہیں جبکہ لیس کی سیکڑوں اقسام (مثلاً موتی، چکن، کاٹن، آئینہ اور نگینہ وغیرہ)کی دکانیں بھی یہاں نظر آتی ہیں۔ 
مردوں کی شاپنگ: پاجامہ کرتا اور پتلون کے کچے کپڑوں سے لے کر سیکڑوں دکانیں ریڈی میڈ کپڑوں کی ہیں جہاں سے آپ دیدہ زیب جینز، ٹریکس، ٹراؤزر ، ٹی شرٹ، نائٹ سوٹ وغیرہ خرید سکتے ہیں۔
بچوں کی شاپنگ: ٹرینڈ کی مناسبت سے بچوں کے کپڑوں کی دکانیں گاہکوں کے استقبال کیلئے ہر وقت تیار رہتی ہیں۔ 
یاد رکھنے کی باتیں
 اس بازار میں ملنے والی اشیاء کا معیار اچھا ہوتا ہے۔ 
یہاں رعایتی قیمتوں میں اشیاء ملتی ہیں اس لئے کم بجٹ میں گجانن مارکیٹ سے ڈھیر ساری شاپنگ کی جاسکتی ہے۔
قیمتیں کم ہوتی ہیں لیکن آپ بھاؤ تاؤ بھی کرسکتے ہیں۔
اگر کوئی صاحب اپنی دکان کیلئے ہول سیل میں سامان خریدنا چاہتے ہیں تو دکاندار کریڈٹ پر بھی مال دیتے ہیں۔
دکانوں کے باہر مختلف اشیاء کے پنڈال یا ٹھیلے وغیرہ لگتے ہیں، یہاں سے بھی شاپنگ کی جاسکتی ہے۔ 
اس مارکیٹ میں ایسی دکانیں بھی ہیں جہاں ملبوسات ایکسچینج بھی کروائے جاسکتے ہیں، یا، کرائے پر لباس لئےجاسکتے ہیں۔
ہماری معلومات کے مطابق اگر کسی لباس کا سائز چھوٹا یا بڑا ہے تو آپ اسے بآسانی تبدیل کروا سکتے ہیں مگر ایک ہفتے کے اندر۔
یہاں ملنے والے جینز کا رنگ اکثر اوقات کچا ہوتا ہے اس لئے خریدنے سے پہلے دکاندار سے پوچھ تاچھ کرلیں۔ 
یہ بازار منگل کو بند رہتا ہے البتہ دیگر دنوں میں صبح ۹؍ بجے سے رات ۱۰؍ بجے تک یہاں شاپنگ کی جاسکتی ہے۔ 
سینٹرل لائن پر الہاس نگر ریلوے اسٹیشن یا کلیان ریلوے اسٹیشن پر اتر کر آپ شیئرنگ آٹو رکشا سے گجانن مارکیٹ پہنچ سکتے ہیں۔ کلیان اسٹیشن سے فی نشست کرایہ ۲۵؍ روپے ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK