• Tue, 17 November, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

پربھنی میں جماعت اسلامی ہند کا یک روزہ اجتماع، اہم موضوعات پر خطابات

Updated: November 17, 2026, 9:52 AM IST | Parbhani

پہلے سیشن میں مثالی اسلامی معاشرہ، عورت کا کردار اور اسلام کی رہنمائی اور دوسرے سیشن میں نسلِ نو کی تربیت ، مسلم نوجوان اور عصرِ حاضر کے تقاضے پر اظہار خیال ۔

Maulana Ilyas Khan Falahi Delivering An Address.Photo:INN
مولانا الیاس خان فلاحی خطاب کرتے ہوئے۔ تصویر:آئی این این
پربھنی میں جماعت اسلامی ہند پربھنی کی جانب سے عیدگاہ میدان میں ’’اسلام میں پورے کے پورے داخل ہو جاؤ‘‘ کے مرکزی عنوان کے تحت ایک روزہ اجتماعِ عام کا انعقاد عمل میں آیا۔ صبح۱۰؍ بجے سے شام۵؍ بجے تک جاری رہنے والے اس اجتماع میں دو سیشن منعقد کیے گئے، جن میں قرآن درس، افتتاحی کلمات، ترانے اور مختلف اہم موضوعات پر خطابات پیش کیے گئے۔ 
پہلے سیشن میں مثالی اسلامی معاشرہ، عورت کا کردار اور اسلام کی رہنمائی، اسلام کا معاشی نظام، بندگی کا رنگ زندگی کے ہر پہلو پر اور اسلام کا جامع تصور جیسے موضوعات زیرِ بحث آئے، جبکہ دوسرے سیشن میں مومن عورت تہذیبِ حیات کی معمار، اسلامی معاشرے کی تعمیر اور ہماری ذمہ داریاں، نسلِ نو کی تربیت اور اسلامی معاشرے کا مستقبل، مسلم نوجوان اور عصرِ حاضر کے تقاضے جیسے اہم موضوعات پر مقررین نے اظہارِ خیال کیا۔ اختتامی خطاب میں مولانا الیاس خان فلاحی امیر حلقہ مہاراشٹر نے مسلمانوں پر زور دیا کہ وہ اسلام کو محض چند مذہبی رسومات تک محدود رکھنے کے بجائے ایک مکمل نظامِ زندگی کے طور پر اختیار کریں اور اللہ و رسولؐ کی پکار پر لبیک کہتے ہوئے اپنی زندگیوں کو دین کے مطابق ڈھالیں۔
 
 
انہوں نے کہا کہ نوجوان نسل اور خواتین اسلامی معاشرہ کی تعمیر میں بنیادی اہمیت رکھتے ہیں، اسلئے بچوں کو مغربی نظریات کے اثرات کے حوالے کرنے کے بجائے ان کی مؤثر دینی و اخلاقی تربیت کی جائے اور خواتین کو معاشرے میں ان کے حقیقی اور تعمیری کردار کے لیے تیار کیا جائے۔ مولانا نے امت مسلمہ کو اس کے اصل مشن کے لیے تیار کرنے، دعوتِ دین، اجتماعی جدوجہد، باہمی مشاورت اور استقامت کیساتھ عملی میدان میں سرگرم ہونے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ مایوسی اور قنوطیت سے بچتے ہوئے اللہ تعالیٰ سے اپنا تعلق مضبوط کیا جائے اور ملت کے روشن مستقبل کیلئے دعا کے ساتھ عملی کوششیں بھی جاری رکھی جائیں۔ انہوں نے مہاراشٹر میں یکساں سول کوڈ (یو سی سی) کے خلاف جاری اجتماعی جدوجہد میں مرد و خواتین سے فعال کردار ادا کرنے کی اپیل کی اور مسلم پرسنل لا بورڈ و فیڈریشن آف مہاراشٹر مسلم کی جانب سے جاری کیو آر کوڈ کے ذریعے اپنی انفرادی آرا درج کرنے اور عوام میں اس مسئلے کے تعلق سے بیداری پیدا کرنے کی تلقین کی۔ 
 
 
اجتماع کے دوران مرکزی مجلس شوری کی رکن عطیہ صدیقہ نے ’’بندگی کا رنگ زندگی کے ہر پہلو پر‘‘ کے عنوان سے خطاب کیا اورکہا کہ اسلام محض چند عبادات اور مذہبی اعمال تک محدود نہیں بلکہ ہماری پوری زندگی اسلامی تعلیمات کے مطابق ہونی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ قرآن مجید مسلمانوں کو زندگی کے تمام معاملات اور شعبوں میں اللہ تعالیٰ کے بتائے ہوئے نظام کی پیروی کرنے کی ہدایت دیتا ہے۔ اجتماعِ عام کے مختلف موضوعات کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اسلامی گھر، حلال اور پاکیزہ معاش، نئی نسل کی تعلیم و تربیت، اسکے روشن مستقبل اور اسلامی معاشرے کی تشکیل جیسے موضوعات موجودہ دور کی اہم ضرورتوں کی عکاسی کرتے ہیں۔ اسی طرح امارہ فردوس  نے ’’عورت کا کردار اسلام کی رہنمائی میں‘‘ کے موضوع پرخواتین، بالخصوص ماؤں کو نئی نسل کی بہتر دینی، اخلاقی اور تعلیمی تربیت کی جانب توجہ دلائی۔ انہوں نے کہا کہ والدین اپنے بچوں کو ڈاکٹر، انجینئر اور دیگر پیشہ ورانہ شعبوں میں کامیاب بنانے کے ساتھ انہیں ایسا باکردار اور ایماندار انسان بھی بنائیں جو دنیا کے بدلتے ہوئے حالات کے ساتھ چلنے کے بجائے دنیا میں مثبت تبدیلی لانے کی صلاحیت رکھتا ہو۔ مولانا مفتی کلیم رحمانی(پوسد)،مفتی محمد عابدین قاسمی،اور ڈاکٹر نسرین زبیری نے بھی اپنے خیالات کاا ظہا رکیا ۔

 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK