پربھنی، ناسک، مہابلیشور ، نپھاڑ میں بھی خنکی بڑھ گئی ۔ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ شمال کی سمت سے چلنے والی سردہواؤں کی وجہ سے سردی کا زور بڑھ رہا ہے۔
رات کے اوقات میں جلد ہی اس طرح کا منظر ہر گاؤں شہر میں دیکھنے کو ملے گا۔تصویر:آئی این این
ریاست میں موسم سرما کا اثر نظر آنے لگا ہے۔ کئی مقامات پر درجہ حرارت میں نمایاں گراوٹ آئی ہے۔ جبکہ کچھ علاقوں میں دن میں گرمی اور رات و صبح کے اوقات میں ٹھنڈی محسوس کی جارہی ہے۔قابل ذکر ہے کہ اتوار اور پیر کو سب سے زیادہ سرد موسم کے معاملے میں دھولیہ شہر مہاراشٹر میں سرد ترین شہروں یں سر فہرست رہا۔ریاست میں سرد ہواؤںاور خنک آب و ہوا کیلئے مشہور پہاڑی مقام مہابلیشور کو بھی دھولیہ شہر نے پیچھے چھوڑ دیا ہے۔ نومبر کے دوسرے ہفتے میں یعنی۱۵؍نومبر اتوار کو ۱۰ء۸؍سیلسئیس سب سے کم درجہ حرارت کے ساتھ دھولیہ شہر کو مہابلیشور کے ہمراہ ناسک کے نپھاڑ، ایوت محل، جلگاؤں کے علاوہ دیگر شہروں کے مقابلے محکمہ موسمیات نے دھولیہ شہر کو ریاست کا سب سے سرد شہر قرار دیا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق شمال کی سمت سے چلنے والی سرد لہروں کی وجہ سے ریاست میں سردی کا زور بڑھ رہا ہے۔گزشتہ ایک ہفتے میں ریاست کے بیشتر شہروں میں کڑاکے کی ٹھنڈی پڑ رہی ہے۔حالانکہ امسال شمالی مہاراشٹر میں خاطر خواہ بارش نہیں ہوئی ہے۔اسکے باوجود شمالی سمت سے چلنے والی سرد ہواؤں کا اثر سب سے زیادہ اسی خطے کے شہروں میں دیکھنے کو ملا ہے۔عام دنوں میں بھی سرد رہنے والا شہر ناسک میں اتوار کو درجہ حرارت۱۳ء۴؍ جبکہ اس کے تعلقہ نپھاڑ میں۱۱ء۵؍درجہ حرارت درج کیا گیا۔اسی طرح جلگاؤں شہر کا درجہ حرارت۱۳ء۰؍درج کیا گیا۔جبکہ ریاست کے سرد ہواؤں کیلئے مشہور تورن مال کی وادی میں آباد نندوربار ضلع میں ابھی سیاست شباب پر ہے۔
ماہرین موسمیات کیا کہتے ہیں؟
صاف آسمان اور خشک ہوا کی وجہ سے زمین جو دن کے وقت گرم ہوتی ہے۔ رات کو تیزی سے ماحول میں گرمی چھوڑ دیتی ہے۔ اس قدرتی عمل کو موسمیات ’ریڈی ایٹو کولنگ‘ کہا جاتا ہے۔اس عمل اور سمندر سے آب و ہوا کی وجہ سے، دھولیہ اور نپھاڈ جیسے میدانی علاقوں میں پارہ تیزی سے گرتا ہے۔ مہابلیشور جیسے ٹھنڈے مقامات کے مقابلے میں سردی زیادہ محسوس ہوتی ہے۔ چونکہ دھولیہ شمالی مہاراشٹر میں ہے۔ اسلئے ہمالیہ سے سرد اور خشک ہوائیں مہابلیشور سے پہلے اور زیادہ شدت کے ساتھ پہنچتی ہیں۔ دھولیہ میں صاف آسمان اور خشک ہوا رات کے وقت زمین کو تیزی سے گرمی چھوڑنے کا سبب بنتی ہے۔ جس کی وجہ سے صبح کے وقت پارہ تیزی سے گرتا ہے۔ بحیرہ عرب کے قریب ہونے کی وجہ سے سمندری ہوائیں وہاں درجہ حرارت میں نمایاں کمی کا سبب نہیں بنتیں۔ دھولیہ سمندر سے بہت دور ہے (براعظمی حصے میں) اسلئے وہاں سردی زیادہ محسوس ہوتی ہے۔ مہابلیشور کے گھنے جنگلات رات کو زمین میں گرمی برقرار رکھتے ہیں۔ اس کے برعکس دھولیہ میں کم گھنے پودوں اور چپٹی سطح مرتفع کی وجہ سے زمین تیزی سے ٹھنڈی ہو جاتی ہے۔
ریاست کے سب سے سرد شہروں کا حال
دھولیہ ۱۰ء۸؍ڈگری ۱۰ء۴؍ڈگری
پربھنی ۱۱ء۵؍ڈگری ۱۴؍ڈگری
نپھاڑ ۱۱ء۵؍ڈگری ۱۱ء۱؍ڈگری
ایوت محل ۱۲ء۴؍ڈگری ۱۸؍ڈگری
ناسک ۱۳ء۴؍ڈگری ۱۴؍ڈگری
مہابلیشور ۱۴ء۶؍ڈگری ۱۴؍ڈگری