اس کے قریب کئی مشہور مقامات جیسے ٹائیگر پوائنٹ اور دیگر موجود ہیں اس لئے یہاں زیادہ سیاح نہیں جاتےاس لئے اس کی خوبصورتی برقرار ہے۔
EPAPER
Updated: August 07, 2025, 12:26 PM IST | Mohammed Habib | Mumbai
اس کے قریب کئی مشہور مقامات جیسے ٹائیگر پوائنٹ اور دیگر موجود ہیں اس لئے یہاں زیادہ سیاح نہیں جاتےاس لئے اس کی خوبصورتی برقرار ہے۔
مہاراشٹر کی سرزمین نہ صرف تاریخی قلعوں، قدیم عمارتوں اور ہنگاموں سےپُر شہروں کے لیے جانی جاتی ہے بلکہ یہاں کے قدرتی مناظر، گھنے جنگلات، پہاڑی راستے اور پُراسرار آبشار بھی اہلِ دل کو اپنی جانب کھینچتے ہیں۔ انہی فطری خزانوں میں سے ایک ’گوکُندی آبشار‘ ہےجو آج بھی سیاحت کے روایتی نقشے سے دور، خاموشی سے اپنے وجود کی روانی میں مست ہے۔
یہ کہاں واقع ہے؟
گوکُندی آبشار مہاراشٹر کےکھپولی اورلوناولا کے قریب علاقے میں واقع ہے، جو قدرتی حسن سے مالا مال ہے۔ یہ مقام رَتناگری ضلع کے اندر آتا ہے اور’فالیان‘نامی ایک چھوٹےسےغیر مشہور گاؤں کے قریب واقع ہے۔ یہ گاؤں کھپولی اورلوناولا کےٹائیگر پوائنٹ جیسے مشہور مقامات سے زیادہ دور نہیں ہے۔
قدرتی حسن اور ماحول
گوکُندی آبشار کوئی اونچائی کا ریکارڈ رکھنے والاآبشار نہیں، لیکن اس کی کشش اس کے سادگی بھرے حسن اور اردگرد کے جنگلاتی ماحول میں چھپی ہے۔ سرسبز درختوں سے گھرا ہوا یہ جھروکہ ایک ایسے مقام کی یاد دلاتاہےجہاں انسان، فطرت کے قریب ہونے کے ساتھ ساتھ خود کے قریب بھی ہو جاتا ہے۔
آبشار کا پانی ایک پہاڑی درے سے بہتا ہوا نیچے ایک چھوٹے سے قدرتی تالاب میں گرتا ہے، جس کے کنارے بیٹھ کر پرندوں کی آوازیں اور پتوں کی سرسراہٹ دل کو سکون بخشتی ہے۔ یہاں کوئی بازار نہیں، نہ شور شرابہ — صرف خاموشی کی زبان بولتی ہوئی فطرت۔
کب جائیں ؟
اگرچہ یہاں کا ماحول سال بھر پُرسکون اور خوشگوار رہتا ہے، لیکن ’مانسون کے دنوں میں (جون تا ستمبر)‘ یہ آبشار اپنی مکمل روانی اور رعنائی کے ساتھ جلوہ گر ہوتاہے۔ اس وقت آس پاس کے پہاڑ سبز مخملی چادر اوڑھ لیتے ہیں، اور بارش کی بوندیں منظر کو خوابناک بنا دیتی ہیں۔
وہاں کیا دیکھیں
جو سیاح ایڈونچر، ہائیکنگ، یاٹریکنگ کے شوقین ہیں، اُن کیلئے گوکُندی آبشار ایک مثالی مقام ہے۔ راستے میں چھوٹے ندی نالے، چٹانیں، اور بانس کےجنگلات راستہ سنوار دیتے ہیں۔ یہاں تک پہنچنےمیں تھوڑی مشقت تو ہے، مگر جب آبشار کی مدھم گونج سنتے ہوئے آپ پانی کے چھینٹے اپنے چہرے پر محسوس کرتے ہیں، تو یہ مشقت ایک یادگار تجربہ بن جاتی ہے۔
یہاں کیسے جائیں ؟
گوکنڈی آبشارکھپولی کے قریب واقع فالیان نامی گائوں کے علاقےمیں واقع ہے۔ یہ ایک گھنے جنگلاتی علاقے میں چھپا ہوا قدرتی حسن ہے۔
ٹرین کے ذریعے:اگر آپ ممبئی سےجا رہے ہیں تو سب سے پہلے آپ لوکل ٹرین کے ذریعہ کھپولی اسٹیشن تک پہنچنا ہوگا۔ کھپولی اسٹیشن سے آپ کوشیئر رکشے کے ذریعہ فالیان گائوں تک جانا ہوگاجوگوکنڈی کے نزدیک ترین گاؤں ہے۔ فالیان گائوں ہی یہاں کا بیس گائوں ہے یعنی یہاں سے ہی آپ کو آبشار تک پہنچنے کیلئے ٹریکنگ شروع ہونا ہوتی ہے۔
سڑک کے ذریعے: ممبئی یا پونے سےایم ایس آر ٹی سی کی بسیں بھی کھپولی اسٹیشن تک کیلئےچلتی ہیں۔ یہاں سے آپ کوشیئر رکشا کے ذریعہ آبشار تک جانا ہوگا۔
پیدل راستہ:گوکنڈی آبشار کےبالکل پاس تک گاڑی نہیں جاتی یعنی گاڑی کے ذریعہ آپ فالیان گائوں تک ہی پہنچ سکتے ہیں۔ اس لئے فالیان گائوں سے آپ کو گوکنڈی آبشار تک ٹریکنگ کے ذریعہ جانا ہوگا جس میں تقریباً ۲؍گھنٹے کا وقت لگے گا۔ مانسون میں یہ راستہ نہایت خوبصورت، مگر پھسلن بھرا ہوتا ہے۔ اس لئےاحتیاطی تدابیر ضرور اختیار کریں۔ چونکہ یہ ایک قدرتی مناظر سے بھرپور مقام ہےاس لئے اس کا تحفظ کریں اور کوڑا کرکٹ نہ پھیلائیں۔