Inquilab Logo Happiest Places to Work

دھوڈاپ آبشار: ناسک میں قلعہ کے قریب ایک دلکش مقام

Updated: July 31, 2025, 12:31 PM IST | Mohammed Habib | Mumbai

اسی نام کے قلعہ اور اونچی پہاڑیوں سے گھرے اس آبشار سے آس پاس کا منظر اس قدر دلکش ہوجاتا ہے کہ یہاں کا منظر دل میں اترتا ہوا محسوس ہوتا ہے

The beauty of Dhodap Waterfall and its surroundings can be appreciated through two different images. Photo: INN
دو مختلف تصاویر کے ذریعہ دھوڈاپ آبشار اور اس کے آس پاس کی دلکشی کا اندازہ لگایا جاسکتاہے۔ تصویر: آئی این این

مہاراشٹر کی دھرتی اپنے سبزہ زاروں، پہاڑی سلسلوں اور حسین قدرتی مناظر کے لیے مشہور ہے۔ ان ہی قدرتی عجائبات میں ایک پرشکوہ آبشار کا نام ہے – دھوڈاپ آبشار (Dhodap Falls)، جو ناسک ضلع کے قریب واقع ہے۔ اس آبشار کا نام دراصل مہاراشٹر کےتیسرے بلند ترین قلعے ’دھوڈاپ قلعہ‘سےجُڑا ہے، جو تقریباً ۴۷۲۰؍ فٹ بلند ہے۔ آبشار اسی قلعے کے دامن میں بہتاہے، اور یوں معلوم ہوتا ہے گویا قدرت نے قلعے کی چوٹی سے ایک سفید چادر زمین پر بچھا دی ہو۔
یہ کہاں واقع ہے؟
 دھوڈاپ آبشار مہاراشٹر کے ناسک ضلع میں واقع ہے۔ اگر آپ ناسک شہر سے روانہ ہوں تو تقریباً ۷۰؍سے ۸۰؍کلومیٹر کی ڈرائیوکے بعد آپ کو یہ مقام نظر آئےگا۔ قریب میں واقع ہٹی گاؤں یا اُوار گاؤںسے پیدل سفر کا آغاز ہوتا ہے۔ سڑک کے ذریعہ یہاں پہنچنا نسبتاً آسان ہے، لیکن آخری مرحلے میں کچھ چڑھائی اور جنگل کا راستہ بھی شامل ہے۔ یہی وہ لمحے ہیں جب فطرت آپ کے قدموں کو آزماتی ہے اور ہر قدم پر ایک نیا منظر دکھاتی ہے۔
قدرتی حسن اور ماحول
 دھوڈاپ آبشار کی خاص بات اس کا مقام، اس کی بلندی، اور آس پاس کاسرسبز جنگل ہے۔ برسات کے موسم میں جب پہاڑ سبز چادر اوڑھ لیتے ہیں اور بادل ان سے لپٹنے آتے ہیں، تب یہ آبشار زندگی کا نغمہ گاتا ہوامحسوس ہوتاہے۔ پانی کا زور، اس کا شور، اور اس کے چھینٹوں کا لمس سیاح کو ایک الگ ہی دنیا میں لے جاتا ہے۔
 یہاں کا ماحول نہایت پُرامن اور روح کو سکون دینے والا ہے۔ پرندوں کی چہچہاہٹ، پانی کی گونج، اور ٹھنڈی ہوا کا جھونکا، انسان کو دنیاکی تمام تھکن بھلا دیتا ہے۔ اگر آپ فوٹوگرافی کے شوقین ہیں تو یہاںکے نظارے آپ کے کیمرے میں قید ہو کر بھی زندہ محسوس ہوں گے۔
مہم جوئی کا شوق
 دھوڈاپ قلعہ بھی ٹریکنگ کے شوقین افراد میں خاصی مقبولیت رکھتا ہے۔ قلعے تک پہنچنے کا راستہ تھوڑا مشکل ہے، مگر بلندیاں سر کرنے والوں کیلئےیہ راستہ ایک آزمائش بھی ہے اور خوشی کا سامان بھی۔ قلعے کی چوٹی سے جب آپ دھوڈاپ آبشار کو نیچے بہتے ہوئے دیکھتے ہیں تو فخر، حیرت اور شکرگزاری — تینوں جذبات بیک وقت دل میں اُترتے ہیں۔
وہاں کیا دیکھیں
 وہاں کئی چیزیں دیکھنے سے تعلق رکھتی ہیں۔ ان میں سب سے اہم یہاں کا  آبشار ہے۔برسات میں یہ آبشار شباب پر ہوتا ہے۔ پانی کی گونج، ہریالی، اور چٹانوں کی سنجیدگی روح کو چھو لینے والا منظر پیش کرتی ہیں۔ اس کے علاوہ وہاں کا قلعہ بھی دیکھنے سے تعلق رکھتا ہے۔ مانسون میں یہ جگہ فوٹوگرافی کیلئے بھی اہم ہوجاتی ہے۔
 یہاں کیسے جائیں؟
 ڈھوڈاپ آبشارمہاراشٹر کے ناسک ضلع میں، کالوان تحصیل کے قریب واقع ہے۔ یہ آبشار ڈھوڈاپ گڑھ (قلعہ) کے دامن میں چھپا ہوا ہے، جسے مہاراشٹر کا تیسرا بلند ترین قلعہ مانا جاتا ہے۔
ٹرین کے ذریعے: یہاں کا سب سے قریب ریلوے اسٹیشن ناسک روڈہے، جو تمام بڑےشہروں سےٹرینوں کے ذریعہ جُڑا ہوا ہے۔ ناسک سے آگے کا سفر آپ کو سڑک کے ذریعے طے کرنا ہوگا۔
سڑک کے ذریعے:ممبئی سے سڑک کے ذریعہ یہاں تک کا فاصلہ تقریباً ۲۳۰؍کلومیٹر ہے جسے طے کرنے میں ۵؍تا ۶؍ گھنٹے لگتے ہیں۔ ممبئی سے ناسک تک آپ کو قومی شاہراہ نمبر ۱۶۰؍ پرسفر کرنا ہوگا اورپھر کالوان کے راستے اوٹور گائوں تک جانا ہوگا۔
اسٹیشن سےآبشار تک:اوٹور گاؤں سے آپ کو تقریباً۳؍ تا ۴؍ کلومیٹر ٹریکنگ کرنا ہوتی ہے۔ راستہ گھنے جنگلات، پتھریلے راستوں اور فطری مناظر سے مزین ہوتا ہے۔ بارش کے دنوں میں زمین پھسلن والی ہو سکتی ہے، لہٰذا مناسب جوتے پہننا اور احتیاط برتنا ضروری ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK