اس موبائل میں ہنجیزکیلئے نئی ٹیکنالوجی استعمال کی گئی ہے جو جگہ کم لیتی ہے جس سے اسکرین بڑا ہوگیا اور دھول وغیرہ کو بھی نہیں آنے دیتی۔
گوگل پکسل ۱۰؍پرو فولڈ کھلا ہوا جس میں اندر کا اسکرین نظر آرہا ہے۔ تصویر: آئی این این
گوگل نے اپنی نئی فولڈ ایبل اسمارٹ فون سیریز میں پکسل ۱۰؍ پرو فولڈکو متعارف کرایا ہے، جو ڈیزائن، کارکردگی، اور پائیداری کے لحاظ سے اب تک کے سب سے جدید فونز میں سے ایک ہے۔یہاں گوگل کے اس تیسرے فولڈیبل فون کے تمام پہلوؤں پر روشنی ڈالی گئی ہے۔
ڈیزائن
ظاہری طور پرپکسل ۱۰؍پرو فولڈپچھلے سال کے پکسل۹؍پرو فولڈسےمشابہ لگتا ہے، لیکن درحقیقت اس میں کئی اندرونی تبدیلیاں کی گئی ہیں۔وزن میں صرف ایک گرام کا اضافہ ہوا ہے، لیکن گوگل نےاسی فریم کے اندر ایک بڑی بیٹری، نیا مقناطیسی چارجنگ سسٹم پکسل اسنیپ، اور ایک نئی’گیئر لیس‘ ہِنج شامل کی ہے۔
یہ نئی ہِنج فون کو دھول اور پانی سے محفوظ بناتی ہے۔ فولڈیبل فونز میں پہلی بارآئی پی ۶۸؍لیول پروٹیکشن شامل کیا گیا ہے۔ اس ہِنج کی مدد سے بیرونی اسکرین بھی تھوڑا بڑا ہوگیاہے۔ فون ایرو اسپیس گریڈ ایلومینیم سے تیار کیا گیا ہے اور ۲؍رنگوںمون اسٹون اور جیڈمیں دستیاب ہے۔
ڈسپلے
اس فون میںدو شاندار سوپر ایکچوا فلیکس او ایل ای ڈی ڈسپلے دیے گئے ہیں۔اس کا اندرونی ڈسپلے:۸؍ انچ(۱۲۰؍ ہرٹز ریفریش ریٹ،۳؍ہزارنِٹ روشنی)،جبکہ بیرونی ڈسپلے۶ء۴؍انچ کا ہے۔ دونوں اسکرین ایل ٹی پی او ٹیکنالوجی کے ساتھ ہیں، جو بہتر رنگ اور ڈائنامک ریفریش ریٹ فراہم کرتی ہے۔ نئے ہِنج ڈیزائن کی وجہ سے فون کے کنارے پتلے ہوگئے ہیں، جس سے دیکھنے کا تجربہ زیادہ متوازن محسوس ہوتا ہے ۔
سافٹ ویئر
یہ فون اینڈرائڈ ۱۵؍پرگوگل کے نئےمٹیریل ایکسپریسیو ۳؍ ڈیزائن کے ساتھ چلتا ہے۔ انٹرفیس میں بڑے الفاظ، نئے اینیمیشنز اور ہموار ٹرانزیشنز ہیں۔ اے آئی کی سطح پر سب سے نمایاں فیچر میجک کیوہے، جوجی میل، کیلنڈر، کیپ، میسیج اور کونٹیکٹ جیسے گوگل ایپس سے معلومات حاصل کر کے مناسب لمحے پر ’انفارمیشن چپس‘ کی صورت میں ظاہر کرتا ہے۔ تاہم اس وقت یہ فیچر صرف گوگل ایپس تک محدود ہے، وہاٹس ایپس جیسے تھرڈ پارٹی پلیٹ فارمز پر نہیں۔
کارکردگی
اس فون کو گوگل کے جدید ترین چِپ سیٹ ٹینسور جی ۵؍پر بنایا گیا ہے، جو ٹی ایس ایم سی کی۳؍ نینو میٹر ٹیکنالوجی سے تیار کیا گیا ہے۔ اس کے ساتھ ٹائٹن ایم ۲؍سیکوریٹی چپ اضافی تحفظ فراہم کرتی ہے۔فون میں۱۶؍جی بی ریم اور۲۵۶؍جی بی اسٹوریج موجود ہے۔ اگرچہ صرف ایک ویریئنٹ دستیاب ہے، لیکن رفتار اور ملٹی ٹاسکنگ میں یہ فون بہت تیز ہے۔
کیمرہ
پکسل ۱۰؍پروفولڈ میں ٹرپل کیمرا سیٹ اَپ دیا گیا ہے جس میں مین کیمرا ۴۸؍میگا پکسل کا ہے،ٹیلی فوٹو۱۰ء۸؍میگا پکسل کا ہے جس میں ۵؍گنا،آپٹیکل زوم ،الٹرا وائیڈ کا ۱۰ء۵؍میگا پکسل اور سیلفی کیمرا دونوں ڈسپلے پر۱۰؍،۱۰؍میگا پکسل کا ہے۔فوٹوگرافی کے دوران تصویری تفصیل، رنگوں اور ایکسپوژر کی درستگی کافی بہتر ہے۔ گوگل کے اے آئی فیچرز فوٹو لینے کو اور بھی آسان بناتے ہیں ۔
بیٹری
بیٹری کی گنجائش۵۰۱۵؍ ایم اے ایچ ہے، جو پچھلے ماڈل کے مقابلے میں ۳۰۰؍ایم اے ایچ زیادہ ہے۔ فون ۳۰؍واٹ فاسٹ چارجنگ اورپکسل اسنیپ وائرلیس چارجنگ کو سپورٹ کرتا ہے، جو۱۵؍واٹ تک اسپیڈ فراہم کرتا ہے۔ ایک مکمل چارج پر فون مسلسل ویڈیو پلے کرنے پر تقریباً ۱۷؍ گھنٹے (بیرونی ڈسپلے) اور ۱۲ء۵؍گھنٹے (اندرونی ڈسپلے) چلتا ہے۔ پوری بیٹری چارج ہونے میں تقریباًایک گھنٹہ ۴۰؍منٹ لگتے ہیں۔