پہلا سیزن جہاں ’پنچایت‘ سے بہت زیادہ متاثر نظر آرہا تھا لیکن دوسرے سیز ن میں کہانی کو مزید موثر انداز میں سادگی کے ساتھ پیش کیا گیا ہے۔
EPAPER
Updated: August 02, 2026, 12:36 PM IST
|
Mohammed Habib
پہلا سیزن جہاں ’پنچایت‘ سے بہت زیادہ متاثر نظر آرہا تھا لیکن دوسرے سیز ن میں کہانی کو مزید موثر انداز میں سادگی کے ساتھ پیش کیا گیا ہے۔
گرام چکتسالیہ ۲ یہ بھی پڑھئے: ’ٹھکراکے میرا پیار۲؍‘پہلے سیزن سے آگے کی کہانی پیش کرتی ہے ہدایت کاری
(Gram Chikitsalay 2)
اسٹریمنگ ایپ: امیزون پرائم ویڈیو(۵؍ایپی سوڈ)
اسٹار کاسٹ: امول پراشر، آنندیشور دیویدی، آکاش مکھیجا، آکانکشا رنجن کپور، ونئے پاٹھک، کارتکئے راج، گریما سنگھ
ڈائریکٹر: للیتم آنند
پروڈیوسر: ارونبھ کمار، وجے کوشی
رائٹر: ارونبھ کمار، دیپک کمار مشرا، شریا شریواستو، ویبھو سمن
موسیقار: آنند بھاسکر
سنیماٹوگرافر: تریبھوون بابو
ایڈیٹر: فاروق ہنڈیکر
کاسٹنگ: ویبھو وشانت
آرٹ ڈائریکٹر: افروز حیدر، چنچل بشٹ
ریٹنگ:
او ٹی ٹی پلیٹ فارم پر دیہی زندگی کو مرکزِ نگاہ بنانے والے سلسلے کا آغاز ٹی وی ایف نے ’پنچایت‘سےکیا تھا۔ اس کے بعد ہمارے فراموش کیے جا چکے دیہی ماحول نے نہ صرف او ٹی ٹی بلکہ فلموں میں بھی اپنی مضبوط جگہ بنا لی۔ پھر’دوپہیا‘ اور’گرام چکتسالیہ‘جیسی سیریزنے دیہی زندگی کی سادگی، جدوجہد اور مزاح کو ناظرین کے دلوں کے مزید قریب پہنچایا۔ اسی روایت کو آگے بڑھاتے ہوئے ’گرام چکتسالیہ سیزن۲‘ دیہی صحت کے نظام میں پھیلی بدانتظامی، طبی سہولیات کی کمی اور عوامی بیداری کے فقدان کو انسانی جذبات اور ہلکےپھلکےانداز میں پیش کرتی ہے۔ اس بار دی وائرل فیور(ٹی وی ایف)نے تقریباً۴۰؍منٹ پر مشتمل ۶؍اقساط تیار کی ہیں، جو ایمیزون پرائم ویڈیو پر ریلیز کی گئی ہیں۔
کہانی
گزشتہ سیزن میں ڈاکٹر پربھات (امول پراشر) کو دیہی اسپتال کو دوبارہ فعال بنانے کے لیے کئی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا تھا، لیکن اس بار ان کی سب سے بڑی پریشانی مریض نہیں بلکہ دواؤں کی شدیدقلت ہے۔ دوسری طرف ڈاکٹر چیتک (ونے پاٹھک) اپنی ادھوری معلومات لیکن بھرپور اعتماد کےساتھ مریضوں کا علاج کرتا ہے اور ’نیم حکیم خطرۂ جان‘ کی کہاوت کو سچ ثابت کرتے ہوئے ڈاکٹر پربھات کے لیے نئی مشکلات کھڑی کر دیتا ہے۔
اسی دوران ڈاکٹر پربھات کو معلوم ہوتا ہے کہ اگر بھات کھنڈی کا بہترین پی ایچ سی (پرائمری ہیلتھ سینٹر) ایوارڈ ان کے اسپتال کو مل جائے تو دواؤں کی قلت کا مسئلہ کافی حد تک حل ہو سکتا ہے۔ وہ اپنے ساتھیوں فٹانی (آنندیشور دویدی)، گووند (آکاش مکھیجا) اور ڈھیلو (کارتکیہ راج) کو اس مشن میں شامل کر لیتے ہیں۔ ڈاکٹر گارگی (آکانکشا رنجن کپور) بھی ہر قدم پر ان کا ساتھ دیتی ہیں، لیکن گاؤں والوں کا اعتماد حاصل کرنا اور نظام کی خامیوں سے نبرد آزما ہونا ان کیلئے آسان ثابت نہیں ہوتا۔ کہانی میں دو متوازی ذیلی پلاٹ بھی دلچسپی پیدا کرتے ہیں۔ ایک طرف ڈاکٹر چیتک کی بیٹی ایم بی بی ایس میں داخلے کے لیے شارٹ کٹ اختیار کرنے کی کوشش کرتی ہے، جبکہ دوسری طرف اپنی ملازمت مستقل کرانے کے لالچ میں گووند علاقے کےبااثر بابو صاحب (دنیش لال یادو’نرہوا‘)کے’پکڑوا بیاہ‘ کے جال میں پھنس جاتا ہے۔ ان تمام الجھنوں کے درمیان ڈاکٹر پربھات کس طرح حالات پر قابو پاتے ہیں اور گاؤں والوں کا اعتماد دوبارہ حاصل کرتے ہیں، اس کا جواب سیزن۲؍ دیکھنے کے بعد ہی ملتا ہے۔
’گرام چکتسالیہ‘کےپہلے سیزن کے بعد ناظرین کو محسوس ہوا تھا کہ جذباتی اور سادہ ہونے کے باوجود اس پر ’پنچایت‘کا اثر نمایاں تھا، لیکن دوسرے سیزن میں ہدایت کار للتَم آنند نے نئی کہانیوں اور تازہ اندازکے ذریعے اس سیریز کو ایک الگ شناخت دینے میں کامیابی حاصل کی ہے۔ سب سے اہم بات یہ ہے کہ نئی سمت اختیار کرنے کے باوجود سیریز اپنی اصل روح سے دور نہیں جاتی۔ دیہی علاقوں میں صحت کے شعبے میں وسائل کی کمی، طبی شعور کا فقدان اور توہم پرستی جیسے مسائل کو کہانی کے ساتھ نہایت فطری انداز میں جوڑا گیا ہے۔ ان موضوعات کو کسی غیر ضروری جذباتیت یا ڈرامائی انداز کے بغیر سادگی کے ساتھ پیش کیا گیا ہے۔
اداکاری
اداکاری کے اعتبار سے بھی یہ سیریز پوری طرح کامیاب ہے۔ ڈاکٹر پربھات کے کردارمیں امول پراشر کی اداکاری نہایت فطری اوربے ساختہ محسوس ہوتی ہے۔ انہوں نے اپنے کردار کو ضرورت سے زیادہ ہیرو نما بنانے کے بجائے حقیقت پسندانہ انداز میں نبھایا ہے۔ ڈاکٹر گارگی کے کردار میں آکانکشا رنجن کپور کو مؤثر کردار ملا ہے، جسے انہوں نے کم میک اپ اور سادہ اداکاری کے ذریعے خوبصورتی سے پیش کیا ہے۔ ڈاکٹر چیتک کے روپ میں ونےپاٹھک ایک بار پھر اپنی مخصوص مزاحیہ اداکاری سے متاثرکرتے ہیں۔ دنیش لال یادو نرہوا اور آنندیشور دویدی (فٹانی)نے بھی بہترین اداکاری کا مظاہرہ کیاہے، گووند کے کردار میں آکاش مکھیجا پوری طرح قابلِ اعتماد دکھائی دیتے ہیں۔ ان کے علاوہ گریما وکرانت سنگھ، شکتی سنگھ، راج یادو اور دیگر تمام فنکاروں نےاپنے اپنے کرداروں میں جان ڈال دی ہے۔
نتیجہ
اگر آپ دیہی ماحول پر مبنی سادہ، خوشگوار اور ہلکی پھلکی مزاحیہ سیریز دیکھنا پسند کرتے ہیں، جس میں مضبوط اداکاری، حقیقت سے قریب کہانی اور سماجی مسائل کو دلچسپ انداز میں پیش کیا گیا ہو، تو سیریز ’گرام چکتسالیہ سیزن۲‘ ایک بہترین انتخاب ثابت ہوگی۔