سیریز میں ممبئی کےایک ہی رو ہائوس میں رہنے والے ۵؍خاندانوں کی کہانی پیش کی گئی ہے جو ایک دوسرے کی زندگی میں دخل اندازی کرتے ہیں۔
EPAPER
Updated: September 20, 2026, 11:03 AM IST | Mohammed Habib | Mumbai
سیریز میں ممبئی کےایک ہی رو ہائوس میں رہنے والے ۵؍خاندانوں کی کہانی پیش کی گئی ہے جو ایک دوسرے کی زندگی میں دخل اندازی کرتے ہیں۔
چمبک (Chumbak)
اسٹریمنگ ایپ: نیٹ فلکس(۸؍ایپی سوڈ)
اسٹار کاسٹ: نینا گپتا، دیون بھوجانی، مانسی پاریکھ، سومیت ویاس، سندیپا دھر، ارجن بجلانی، ہیلی شاہ، امائرا دستور، اننت جوشی
ڈائریکٹر: آتش کپاڈیا
رائٹر: آتش کپاڈیا، جمناداس مجیٹھیا
پروڈیوسر: جمناداس مجیٹھیا، آتش کپاڈیا
سنیماٹوگرافر: سنکیت شاہ
آرٹ ڈائریکٹر: مچھندر شندے
پروڈکشن منیجر: غنی پرجاپتی
سائونڈ ایڈیٹر: وندن گجر
ریٹنگ:***
پرانے زمانے کی ایک کہاوت ہے کہ ہم اپنے پڑوسی نہیں چن سکتے۔ آپ کے پڑوسی کیسے ہیں، اس کا آپ کی روزمرہ زندگی پر بہت گہرااثر پڑتا ہے۔ نئی کامیڈی ڈراما ویب سیریز ’چمبک‘ ۵؍پڑوسی خاندانوں کی ایسی ہی دلچسپ کہانی پیش کرتی ہے۔ یہ پانچوں خاندان ایک ہی رو ہائوس میں رہتے ہیں، جہاں دیواریں بھی ان کی نجی زندگی کی حفاظت نہیں کرپاتیں۔ ایک دوسرے کی ذاتی زندگی میں اس قدر مداخلت کرتے ہیں کہ ہر گھر کے روزمرہ مسائل، رشتے اور نجی معاملات پوری کالونی کی فکر بن جاتے ہیں۔
کہانی
کہانی کا مرکز رجنی اور کُکو مرچنٹ ہیں، جن کے کردار نینا گپتا اور دیون بھوجانی نےادا کیے ہیں۔ دونوں کی شادی مشکل دور سے گزر رہی ہے اور رجنی طلاق کے بارے میں سوچ رہی ہے۔ لیکن جو معاملہ دراصل ان کی نجی ازدواجی زندگی تک محدود ہونا چاہیے، وہ جلد ہی پوری کالونی کی تشویش بن جاتا ہے۔ دوسروں کی زندگی میں مداخلت کرنے کی پڑوسیوں کی عادت غلط فہمیوں، بے طلب مشوروں اورمضحکہ خیز دخل اندازیوں کا ایسا سلسلہ شروع کر دیتی ہے جس میں رشتوں کی عجیب و غریب صورت حال کے ساتھ محبت کا پہلو بھی نمایاں ہوتا ہے۔ پڑوس کے دوسرے خاندان اس ہنگامہ خیز ماحول میں اپنے اپنے رنگ بھرتے ہیں۔ مکی اور ٹوئنکل اوبرائے، یعنی ارجن بجلانی اور ہیلی شاہ، ایک نوجوان جوڑا ہے جو اپنی محبت اور تھوڑی سی نجی زندگی کا لطف اٹھانا چاہتا ہے، لیکن انہیں جلد ہی اندازہ ہو جاتا ہے کہ ’چمبک‘ کالونی کے ارادے کچھ اور ہیں۔
آدتیہ اور پرینکا کھنہ، یعنی سُمیت ویاس اور مانسی پاریکھ، کا رشتہ بظاہرپُرسکون نظر آتا ہے، لیکن ان کے گھر کا ماحول اتنا پرسکون نہیں جتنادکھائی دیتا ہے۔ دوسری طرف تاراپوروالا خاندان میں ماما گلشن، فریڈی اور ہُتوکسی، یعنی ڈیلناز ایرانی، اننت وی جوشی اور امائرہ دستور، کالونی میں اپنی عجیب و غریب حرکات سے مزید ہلچل پیدا کرتے ہیں۔ دھرمیندر اور کرن کیجریوال، یعنی سُمیت راگھون اور سندیپا دھر، کی کہانی بھی اس پورے قصے میں ایک منفرد رنگ شامل کرتی ہے۔
یہ بھی پڑھئے: دی ریوولوشنریز: جنگ آزادی کے تعلق سے ایک اور متاثر کرنے والی سیریز
ہدایت کاری
آتش کپاڑیا اچھی طرح جانتے ہیں کہ ایک چھوٹی سی بحث بھی کس طرح بڑی شکل اختیار کر سکتی ہے، خاص طور پر جب اس میں بہت سے لوگ شامل ہو جائیں۔ انہوں نے کہانی کے کرداروں کو جان بوجھ کر کچھ بڑھا چڑھا کر پیش کیا ہے، لیکن ان کے رشتے شادی، خاندان کی توقعات، غلط فہمیوں اور روزمرہ کی ناچاقیوں جیسی جانی پہچانی صورتحال سے ہی جڑے ہوئے ہیں۔ سیریز اس وقت زیادہ مزاحیہ محسوس ہوتی ہے جب عام حالات سے ہنسی پیدا کی جاتی ہے، نہ کہ زبردستی بڑے بڑے لطیفے ٹھونسے جائیں۔ کہانی آگے بڑھنے کے ساتھ ’چمبک‘ کالونی خود بھی ایک کردار کی شکل اختیار کر لیتی ہے۔ آج کے ممبئی کے ایک علاقے میں ترتیب دی گئی یہ سیریز ہندوستانی معاشرے میں برادری اور پڑوس کے ساتھ رہنے کے خاص تجربے کو پیش کرتی ہے، جہاں پڑوسی محض ساتھ والے گھر میں رہنے والے لوگ نہیں ہوتے۔ وہ آپ کی زندگی میں مداخلت بھی کرتے ہیں، اپنی رائے مسلط بھی کرتے ہیں اور دوسروں کے معاملات میں ٹانگ بھی اڑاتے ہیں۔ لیکن ضرورت پڑنے پر مدد کیلئے سب سے پہلےیہی لوگ آگے آتے ہیں۔ ’چمبک‘ اسی تضاد کو سمجھتی ہے اور اسی سے مزاح پیدا کرتی ہے۔ یہ ایسی دنیا پیش کرتی ہے جہاں نجی زندگی کیلئے گنجائش کم ہے، لیکن ساتھ مل جل کر رہنے کا اپنا ایک لطف بھی ہے۔
اداکاری
سیریز کی سب سے بڑی خوبی اس کی کاسٹنگ ہے۔ نینا گپتا رجنی کےکردار میں شاندار ہیں۔ ازدواجی زندگی کی مایوسی سے دوچار خاتون کے کردار میں انہوں نے فطری مزاحیہ انداز اختیار کیا ہے۔ وہ کہیں بھی زبردستی مزاح پیدا کرنے کی کوشش کرتی ہوئی محسوس نہیں ہوتیں۔ ان کا ٹھہراؤ، اندازِ گفتگو، تاثرات اور ہلکے ہلکے ردعمل کئی مرتبہ زور دار جملوں سے زیادہ اثر چھوڑتے ہیں۔ کُکو کے کردار میں دیون بھوجانی بھی ان کا بھرپور ساتھ دیتے ہیں۔ ان کی جسمانی کامیڈی اور بہترین ٹائمنگ نینا گپتا کے پُرسکون انداز کے ساتھ خوب میل کھاتی ہے۔ دونوں کی کیمسٹری کی وجہ سے یہ ازدواجی رشتہ محض مزاح تک محدود نہیں رہتا بلکہ اس میں جذباتی گہرائی بھی محسوس ہوتی ہے۔
نتیجہ
اگر آپ خاندان کے ساتھ بیٹھ کر ہلکی پھلکی اور مزاحیہ سیریز دیکھناچاہتے ہیں تو ’چمبک‘ دیکھی جا سکتی ہے، خاص طور پر نینا گپتا اور دیون بھوجانی کی عمدہ اداکاری کے لیے۔