پتلے فون میں عمدہ ڈسپلے اور طاقتور ہارڈویئر کے ساتھ ایک عمدہ فون ہے، اس میں اسنیپ ڈریگون۸؍ جنریشن ۵؍چپ سیٹ استعمال کیا گیا ہے۔
EPAPER
Updated: March 23, 2026, 10:30 AM IST | Mohammed Habib | Mumbai
پتلے فون میں عمدہ ڈسپلے اور طاقتور ہارڈویئر کے ساتھ ایک عمدہ فون ہے، اس میں اسنیپ ڈریگون۸؍ جنریشن ۵؍چپ سیٹ استعمال کیا گیا ہے۔
آئی کیو نےاپنی شناخت ہمیشہ ایک ایسےبرانڈ کے طور پر قائم کی ہے جو’پرفارمنس فرسٹ‘یعنی کارکردگی کو سب سے آگے رکھنے کے اصول پر چلتاہے۔ وقت کے ساتھ اس کی یہ حکمتِ عملی اور بھی واضح ہوئی ہے۔ مقصد صرف یہ نہیں رہا کہ فلیگ شپ فونز کا مقابلہ کیا جائے، بلکہ یہ بھی کہ کچھ جگہوں پر سمجھوتہ کرکے خام طاقت کو مرکز میں رکھاجائے اور کم قیمت میں خریدار کو زیادہ کارکردگی دی جائے۔ ’آر‘ سیریز اسی فلسفے کی نئی شکل ہے۔ یہ دراصل ایک سوچا سمجھا قدم ہے جس کے تحت قریب قریب پریمیم درجے کے اسمارٹ فون کے بنیادی اجزا کو برقرار رکھا جاتا ہے، مگر قیمت قابو میں رکھنے کے لیے چند مناسب سمجھوتے بھی کر لیےجاتے ہیں۔ یہی راستہ ون پلس بھی بارہا اختیار کرتا رہا ہے، اور اب آئی کیو بھی اسی نظریے کو اپنے نئے آئی کیو ۱۵؍آرکے ساتھ اور زیادہ مضبوطی سے آگے بڑھا رہا ہے۔
قیمت
ہندوستان میں ۴۴؍ہزار ۹۹۹؍روپے کی ابتدائی قیمت کے ساتھ پیش کیا گیا آئی کیو۱۵؍ آراس بات پر زور دیتا ہے کہ فلیگ شپ درجےکی کارکردگی اور مضبوط بیٹری بیک اپ تو دیا جائے، مگر فلیگ شپ جیساجیب پر بوجھ نہ ڈالا جائے۔
ڈیزائن
اس نےاپنے بڑے ماڈل آئی کیو ۱۵؍کامانوس ڈیزائن ہی اپنایا ہے، مگر اسے نسبتاً زیادہ کمپیکٹ باڈی میں سمو دیا گیا ہے۔ ساتھ ہی چند باریک مگر دلکش تبدیلیاں بھی کی گئی ہیں جو اسے اپنی الگ شخصیت دیتی ہیں۔ فون کی ساخت شیشے اور دھات کے امتزاج پر مبنی ہے، جس سے اسے ہاتھ میں پکڑنے پر ایک وزنی مگر پریمیم احساس ملتاہے۔ فون کی موٹائی ۷ء۹؍ملی میٹر ہے اور اس کا وزن ۲۰۶؍گرام ہے۔
ڈسپلے
آئی کیو ۱۵؍ آرمیں ۶ء۵۹؍انچ کا امولیڈ اسکرین دیاگیاہے جس میں ۱ء۵؍کےریزولوشن اور۱۴۴؍ہرٹزریفریش ریٹ موجود ہے۔ روزمرہ استعمال میں یہ ڈسپلے شوخ رنگ، گہرے سیاہ شیڈز اور نہایت واضح متن فراہم کرتا ہے۔ فلمیں اور ویب شوز دیکھنے کا تجربہ، خاص طور پر ایچ ڈی آرمواد کے ساتھ، خوشگوار محسوس ہوتا ہے۔
یہ بھی پڑھئے: ٹیکنو پووا کَرو۲: بڑی بیٹری والا ایک اور اسمارٹ فون
سافٹ ویئر
سافٹ ویئر کے محاذ پریہ فون اینڈرائیڈ ۱۶؍پر مبنی اوریجن او ایس ۶؍کے ساتھ آتا ہے، جو تیز، چمکدار اور بصری طور پر نفیس محسوس ہوتاہے۔ اس کا یوزر انٹرفیس اینیمیشنزاور ٹرانزیشنز پر انحصار کرتا ہے، جو فون کے بلند ریفریش ریٹ والے ڈسپلے کے ساتھ خوب میل کھاتا ہے۔ البتہ اوریجن او ایس میں چند ایپس پہلے سے موجود ہوتےہیں جنہیں شاید آپ ہٹانا چاہیں، اوربلاک بلاسٹ ان میں سے ایک عام مثال ہے۔ اچھا پہلو یہ ہے کہ ان میں سے بیشتر ایپس آسانی سے اَن انسٹال کئے جا سکتےہیں۔ مزید یہ کہ آئی کیو ۱۵؍ آرکیلئے۴؍ بڑے اینڈرائیڈ اپڈیٹس اور۶؍ برس کے سیکوریٹی پیچز کا وعدہ کیا گیا ہے، جو ایک بہترین بات ہے اور فون کو کئی برس تک کارآمد رکھ سکتی ہے۔
ہارڈ ویئر
اس فون میں اسنیپ ڈریگون ۸؍ جنریشن ۵؍چپ سیٹ دیا گیا ہے۔ روزمرہ استعمال میں یہ فون تقریباً ہر کام نہایت پھرتی سے انجام دیتا ہے اور شاذ ہی ایسا محسوس ہوتا ہے کہ اس پر دباؤ آیا ہو۔ ایپس کھولنا، ایک ساتھ کئی کام کرنا، یا سوشل میڈیا، میسجنگ اور اسٹریمنگ ایپس کے درمیان تیزی سے آنا جانا، سب کچھ بغیر کسی نمایاں سستی کے ہو جاتا ہے۔
کیمرہ
اس کے کیمرےکے طورپر۵۰؍میگا پکسل کا مرکزی سینسر نمایاں حیثیت رکھتا ہے، جس کے ساتھ ایک الٹرا وائیڈ اینگل کیمرا بھی دیا گیا ہے۔ اگرچہ آئی کیو کے فونز عمومی طور پر کیمروں کے لیے مشہور نہیں رہے، لیکن اس برانڈ کا یہ نیا مڈ فلیگ شپ اس میدان میں مناسب کارکردگی دکھاتا ہے۔ اچھی روشنی میں مرکزی کیمرا تفصیل سے بھرپور اور متوازن رنگوں والی تصاویر لیتا ہے۔ ڈائنامک رینج بھی اطمینان بخش ہے اور روشن حصوں اور گہرے سائے کے درمیان توازن کافی حد تک برقرار رہتا ہے۔
بیٹری
اس فون میں ۷؍ہزار ۶۰۰؍ ایم اے ایچ کی بڑی بیٹری دی گئی ہے، جو اس طبقے میں سب سے بڑی بیٹریوں میں شمار کی جا سکتی ہے، اور وہ بھی ایک نسبتاً باریک باڈی میں۔