Inquilab Logo

راجستھان کا جیسلمیرصحرائی ریت اور منفرد تعمیرات کیلئے مشہور

Updated: April 17, 2024, 10:19 AM IST | Mohammed Habib | Mumbai

یہاں عرب کی طرح دور تک پھیلی ہوئی ریت اور اس کے ٹیلوں کے علاوہ جیسلمیر کا قلعہ،پٹووں کی حویلی،کھابا قلعہ،ویاس کی چھتری جیسی چیزیں دیکھنے کو ملیں گی۔

Rajasthan`s Jaisalmer desert sand is famous. Photo: INN
راجستھان کا جیسلمیرصحرائی ریت مشہور۔ تصویر : آئی این این

جیسلمیر شہر بنجر ریت اور خشک تھارصحرا سے گھرا ہوا ہے جو دور سےپیلے رنگ میں چمکتا ہے کیونکہ اس کے قلعوں، حویلیوں اور مندروں میں زرد ریتیلے کا پتھر بڑے پیمانے پر استعمال ہوتا رہا ہے۔ بڑی بڑی مونچھیں اور رنگ برنگی پگڑیاں پہنے ہوئے مرد، ستاروں اور شیشوں سے سجےلہنگے، پیلے سینڈاسٹون سے بنی جالیوں اور کھڑکیوں کا فن تعمیر، چمڑے کے جوتوں کی لاتعداد دکانیں، بلاک پرنٹ شدہ اسکارف اور چھوٹی چیزوں پر آرٹ ورک، یہ سب چیزیں سیاحوں کو مسحور کردیتی ہیں۔ 
پٹووں کی حویلی:ایک کمپلیکس میں ۵؍ چھوٹی حویلیوں کا ایک شاندار گروپ، پٹووں کی حویلی جیسلمیر میں دیکھنے کیلئے جگہوں کی فہرست میں سب سے اوپر ہے۔ کھڑکیوں اور بالکونیوں پر پیچیدہ نقش و نگار اور شاندار دیواری پینٹنگز اور آئینے کا کام حویلیوں کی شان میں اضافہ کرتا ہے۔ اس بڑی حویلی میں ہوا دار صحن اور۶۰؍بالکونیاں ہیں، جن میں سے ہر ایک میں مخصوص نقش و نگار اس کی دلکشی میں اضافہ کرتی ہے۔ حویلی کے عجائب گھر میں آپ کو پتھرکے کام اور پٹوا خاندان سے تعلق رکھنے والے نوادرات کا ایک نادر ذخیرہ بھی ملے گا۔ 
بڑا باغ:شاہی خاندان کے مقبروں کے ایک سلسلے کے ساتھ باغ کا احاطہ یعنی بڑا باغ راجستھان کے ماضی سے متعلق ایک اہم مقام ہے۔ یہ ایک چھوٹی سی پہاڑی پر واقع ہے جس کے دامن میں مقبروں کا داخلہ دروازہ ہے۔ باغ میں بہت سی بھوری چھتریاں ہیں جو کہ گنبد نما، چوکور، گول یا اہرام کی شکل میں ہیں۔ آپ یہاں باغ میں ٹہل سکتےہیں اور پرندوں کو دیکھ کر اس جگہ کالطف لےسکتےہیں۔ 
جیسلمیر کاقلعہ:صحرائے تھارکی سنہری ریت پر واقع اور ایک بڑے ریت کے قلعے سے مشابہت رکھنے والا، جیسلمیر کاقلعہ راجستھانی فن تعمیرکانمونہ ہے۔ ہندوستان کے سب سے بڑے زندہ قلعہ میں تقریباً ۵؍ہزارافراد رہتے ہیں۔ یہ یونیسکو کےعالمی ثقافتی ورثہ کا بھی حصہ ہے۔ اس پیلے رنگ کے ریت کے پتھر کے قلعے میں مختلف دروازوں سے داخل ہوا جا سکتاہے۔ ان دروازوں میں گنیش پول، سورج پول، بھوت پول اور ہوا پول شامل ہیں۔ 
گڈیسر جھیل:شہرکے مضافات میں واقع، خوبصورت گڈیسر جھیل سکون کے متلاشیوں کیلئےبہترین مقام ہے۔ اس کی تاریخ۱۴؍ویں صدی کی ہے، جب یہ پورے شہر کے لیے پانی کا ایک بڑا ذریعہ تھا۔ اب، گڈیسر جھیل سیاحوں کی توجہ کا مرکزہےجہاں آپ کشتی رانی سے لطف اندوز ہوسکتے ہیں اور قریبی جیسلمیرقلعہ اور اس کے کنارے واقع مندروں کے خوبصورت نظاروں سے لطف اندوزہوسکتےہیں۔ اگر آپ سردیوں میں یہاں کی سیرکررہے ہیں تو آپ کو یہاں بہت سے ہجرت کرنے والے پرندوں کا اجتماع بھی نظر آسکتا ہے۔ 
ویاس کی چھتری :بڑا باغ کے اندر واقع ویاس چھتری جیسلمیر کے مشہور سیاحتی مقامات میں سے ایک ہے۔ خوبصورت راجستھانی فن تعمیر اور پیچیدہ نقش و نگار کے ساتھ سنہری ریت کے پتھر کی چھتریوں کی ایک صف کے ساتھ، یہ ڈھانچے دیکھنے کے قابل ہیں۔ چھتریوں کےفن تعمیر کی تعریف کرنے کے علاوہ، آپ ایک طرف جیسلمیر قلعہ اور دوسری طرف ریت کے ٹیلوں کے خوبصورت نظاروں سے بھی لطف اندوز ہو سکتے ہیں۔ 
سیم سینڈ ڈیونس :ملک کے سب سے مستند صحرائی مقامات میں سے ایک، سیم سینڈ ڈیونس طلوع آفتاب اور غروب آفتاب کے دلکش نظارے پیش کرتا ہے۔ آپ یہاں صحرائی سفاری پر بھی جا سکتے ہیں یا اونٹ کی سواری سے لطف اندوز ہو سکتے ہیں۔ صحرائے تھارکے بیچوں بیچ کیمپنگ پوائنٹس بھی ہیں۔ لوک رقص، رات کو موسیقی، مستند راجستھانی کھانوں اور راجستھان کی ثقافت اور ورثے کی نمائش کرنے والی دیگر دلچسپ سرگرمیاں سیم سینڈ ڈیونس میں دیکھی جا سکتی ہیں۔ 
کھاباقلعہ :کھاباقلعہ، کلدھرا گاؤں کے قریب، جیسلمیر میں ایک اور غیر معمولی اور شاندار ڈھانچہ ہے۔ قلعہ اور گاؤں میں پالیوال برہمن آباد تھے، جنہوں نے نامعلوم وجوہات کی بنا پر ایک رات اسے ترک کر دیا۔ اب یہ سیاحوں کی توجہ کا مرکز بن چکا ہے، اس قلعے سے آپ گاؤں کے خوبصورت نظارے دیکھ سکتے ہیں، اور بہت سی خوبصورت تصاویر بھی لے سکتے ہیں۔ قلعہ کی دلکشی اور صدیوں پرانے نوادرات پر مشتمل میوزیم بھی تاریخ سے محبت کرنے والوں کو اپنی طرف متوجہ کرتا ہے اور بڑی تعداد میں سیاح یہاں جاتے ہیں۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK