• Wed, 31 December, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

جووائی: میگھالیہ کی سرسبز پہاڑیوں اور خاموش وادیوں کے بیچ بسا شہر

Updated: December 31, 2025, 1:53 PM IST | Mohammed Habib | Mumbai

شیلانگ سے تقریباً ۶۵؍کلومیٹر دور جینتیا پہاڑیوں کا صدر مقام پرسکون انداز میں دھیرے دھیرے آپ کے دل میں اتر جاتا ہے۔

The caves of Amlavan in Jowai. Picture: INN
جووائی میں موجود املاوان کے غار۔ آئی این این
میگھالیہ کی سرسبز پہاڑیوں اور خاموش وادیوں کے بیچ واقع جووائی ایک ایسا شہر ہے جو شور مچاکر اپنی موجودگی کا احساس نہیں دلاتا، بلکہ آہستہ آہستہ دل میں اترتا ہے۔ شیلانگ سے تقریباً ۶۵؍کلومیٹر کے فاصلے پر واقع یہ مقام جینتیا پہاڑیوں کا صدر مقام ہے اور اپنی فطری خوبصورتی، قدیم تہذیب اور روح کو چھو لینے والی خاموشی کے سبب میگھالیہ کے دیگر سیاحتی مقامات سے الگ پہچان رکھتا ہے۔ 
جَوائی دراصل جینتیا قبیلے کا ثقافتی اور تاریخی مرکزہے۔ یہاں کی فضا میں آج بھی قدیم روایات، لوک کہانیوں اور فطرت سے گہرے رشتے کی خوشبو بسی ہوئی ہے۔ یہ وہ جگہ ہے جہاں پہاڑ، ندیاں، جنگلات اور انسان ایک دوسرے کے ساتھ ہم آہنگ نظر آتے ہیں۔
کرانگ سوری فالس
کرانگ سوری آبشار جووائی کی پہچان بن چکا ہے۔ دور سے دیکھیں تو یہ آبشار سبز پہاڑیوں کے بیچ نیلگوں پانی کی ایک چادر کی مانند دکھائی دیتاہے۔ یہاں پانی کی خاص بات اس کا شفاف نیلا رنگ ہے، جو سورج کی روشنی میں اور بھی دلکش ہو جاتا ہے۔ آبشار کے نیچے بننے والا قدرتی تالاب سیاحوں کو اپنی طرف کھینچتا ہے،جہاں لوگ تیرنے اور تصویریں لینے آتے ہیں۔ لکڑی کی سیڑھیاں اور بانس کی باڑ اس مقام کو قدرتی رکھتی ہیں، بناوٹ کا احساس کم اور فطرت کا لمس زیادہ ملتا ہے۔
بوفل آبشار
بوفل آبشار جووائی کے نسبتاً کم مشہور مگر نہایت پُرسکون مقامات میںشمار ہوتا ہے۔ یہ آبشار شور نہیں مچاتا،بلکہ دھیرے دھیرے بہتا ہے، جیسے کسی بزرگ کی باتوں میں ٹھہراؤ ہو۔ یہاں سیاحوں کی بھیڑ کم ہوتی ہے، اسی لیے یہ جگہ تنہائی پسند مسافروں کے لیے کسی نعمت سے کم نہیں۔ مانسون کے موسم میں یہ آبشار پوری قوت کے ساتھ بہتا ہے اور اردگرد کی زمین کو سبز مخمل میں بدل دیتا ہے۔
تیرشی فالس
تیرشی فالس دراصل تیرشی ندی پر واقع ہے، جو جینتیا پہاڑیوں کی زندگی کا ایک اہم حصہ ہے۔ یہاں پانی چٹانوں پر پھسلتا ہوا نیچے گرتا ہے اور ایک قدرتی اسٹیج سا بن جاتا ہے۔ یہ مقامی لوگوں میں بھی مقبول ہے، خاص طور پر تہواروں اور اجتماعی پکنک کے لیے۔ پانی کی گرج اور فضا میں نمی ایک الگ ہی تجربہ عطا کرتی ہے۔
نرتیانگ مونولِتھس 
یہ مقام صرف سیاحتی نہیں بلکہ تاریخی ورثہ ہے۔ نرتیانگ کے دیوہیکل پتھر جینتیا بادشاہت کے دور کی خاموش یادگاریں ہیں۔ ان پتھروں کو دیکھ کر اندازہ ہوتاہے کہ کس طرح قدیم دور میں طاقت، سماجی حیثیت اور یادداشت کو پتھر پر رقم کیا جاتا تھا۔ یہ مونولِتھس کسی عجائب گھر کے نمونے نہیں بلکہ کھلے آسمان تلے تاریخ کا زندہ باب ہیں۔
لالونگ پارک
لالونگ پارک جَوائی کے شہری شور سے دور، فطرت کے قریب ایک سادہ مگر دلنشین مقام ہے۔ یہاں کھلے میدان، درختوں کی قطاریں اور بیٹھنے کے لیے بنچ مسافروں کو سستانے کا موقع دیتے ہیں۔خاندانوں اور بچوں کے لیے یہ ایک موزوں جگہ ہے، جہاں قدرت اور سکون ساتھ ساتھ چلتے ہیں۔
اُملاوان غاریں 
جووائی کا علاقہ غاروں کے لیے جانا جاتا ہے اور اُملاوان غاریں اسی سلسلے کی ایک کڑی ہیں۔ یہ غاریں چونا پتھر سے بنی ہوئی ہیں اور اندر جاتے ہی ایک پراسرار دنیا میں قدم رکھنے کا احساس ہوتا ہے۔ اندھیرا، نمی اور پانی کی بوندوں کی آوازسب مل کر ایک ایسا ماحول بناتے ہیں جو مہم جو سیاحوں کو خاص طور پر پسند آتا ہے۔
اسٹون برج 
یہ پتھریلا پل جَوائی کی سادگی اور قدرتی تعمیر کا نمونہ ہے۔ یہ کوئی جدید انجینئرنگ کا شاہکار نہیں بلکہ مقامی دانش اور قدرتی وسائل سے بنی ہوئی ایک یادگار ہے۔ اس پل پر کھڑے ہو کر نیچے بہتے پانی کو دیکھنا ایک خاموش خوشی دیتا ہے، جیسے وقت چند لمحوںکیلئے رک گیا ہو۔
سینتو کِسیار 
سینتو کِسیار جووائی کے دل کے قریب واقع ایک خوبصورت پارک نما علاقہ ہے۔ مکرتھی ندی کے کنارے آباد یہ مقام مقامی لوگوں کی روزمرہ زندگی کا حصہ ہے۔ یہاں بچے کھیلتے ہیں، بزرگ بیٹھ کر باتیں کرتے ہیں اور مسافر ندی کے بہاؤ میں اپنے خیالات بہا دیتے ہیں۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK