علم نفسیات کی اصطلاحات ذہن میں رکھ کر حیاتِ طیبہؐ کا مطالعہ کریں تو سیرتِ نبویؐ جدید نفسیات کے کئی اہم تصورات جذباتی ذہانت، ہمدردی، رویوں کی اصلاح، سماجی وابستگی، غصے پر قابو اور شخصیت سازی کیلئے غیر معمولی عملی مثالیں فراہم کرتی ہے۔
EPAPER
Updated: August 28, 2026, 4:50 PM IST | Dr. Ahmed Urooj Mudassir | Akola
علم نفسیات کی اصطلاحات ذہن میں رکھ کر حیاتِ طیبہؐ کا مطالعہ کریں تو سیرتِ نبویؐ جدید نفسیات کے کئی اہم تصورات جذباتی ذہانت، ہمدردی، رویوں کی اصلاح، سماجی وابستگی، غصے پر قابو اور شخصیت سازی کیلئے غیر معمولی عملی مثالیں فراہم کرتی ہے۔
قرآنِ کریم نے آپ ﷺ کے اخلاق کو خُلُقٍ عَظِیمٍقرار دیا اور آپؐ کو تمام جہانوں کے لئے رحمت بنا کر بھیجے جانے کا اعلان کیا۔ آپؐ کی دعوت کا کمال صرف یہ نہیں تھا کہ آپؐ نے لوگوں کو عقائد و احکام سکھائے، بلکہ آپؐ نے انسان کے اندر تبدیلی پیدا کی۔ آپؐ نے جاہل کو ذلیل نہیں کیا بلکہ تعلیم دی، گناہ گار کی ملامت نہیں کی بلکہ اس کی اصلاح کی، غم زدہ کو صرف صبر کا حکم نہیں دیا بلکہ اس کے غم کو سمجھا، نوجوان کے جذبات کو دبانے کے بجائے ان کی تہذیب کی، بچوں کو معمولی سمجھنے کے بجائے ان کی دنیا میں اتر کر گفتگو کی اور اپنی جماعت کی غلطیوں پر انتقام کے بجائے تربیت، عفو اور مشاورت کا راستہ اختیار کیا۔ علم نفسیات کی اصطلاحات کو ذہن میں رکھیں اور حیات طیبہﷺ کا مطالعہ کریں تو سیرتِ نبویؐ جدید نفسیات کے کئی اہم تصورات جذباتی ذہانت، ہمدردی، رویّوں کی اصلاح، مثبت تقویت، سماجی وابستگی، غصے پر قابو، مشاورت اور شخصیت سازی کیلئے غیر معمولی عملی مثالیں فراہم کرتی ہے۔
یہ بھی پڑھئے:فتاوے: معتدہ کے تعلق سے ایک سوال
اس اعتبار سے اللہ کے رسولؐ کی حیاتِ مبارکہ کو محض تاریخی واقعات کی فہرست کے طور پر پڑھنا سیرت کے ایک عظیم علمی پہلو کو نظرانداز کرنا ہے۔ آپؐ نے افراد کے مزاج پہچانے، ان کی نفسیاتی استعداد کے مطابق گفتگو کی، سوال کرنے والوں کو سوال کے پس منظر سمیت سمجھا، اور ایسا ماحول پیدا کیا جس میں انسان اپنی کمزوری کا اعتراف کرتے ہوئے اصلاح کی طرف بڑھ سکتا تھا۔ قرآن کریم نے بھی آپؐ کی قیادت کے اسی نفسیاتی حسن کو یوں بیان کیا کہ اللہ کی رحمت سے آپ ان لوگوں کیلئے نرم ہوئے؛ اگر آپ سخت مزاج اور سخت دل ہوتے تو لوگ آپ کے گرد سے منتشر ہوجاتے۔
جذباتی ذہانت: انسان کے دل کو پڑھنے کا نبویؐ اسلوب
علم جدید نفسیات میں جذباتی ذہانت یعنی اموشنل انٹیلی جنس سے مراد اپنے جذبات کو پہچاننا، انہیں قابو میں رکھنا، دوسروں کے جذبات کو سمجھنا اور مناسب سماجی رویہ اختیار کرنا ہے۔ حضور پاکؐ کی سیرت میں جذباتی ذہانت کا یہ وصف بہت واضح اور نمایاں نظر آتا ہے۔ آپؐ انسان کو صرف اس کے الفاظ سے نہیں پرکھتے تھے بلکہ اس کے لہجے، کیفیت، حالات اور باطن میں چھپی ضرورت کو بھی سمجھتے تھے۔ یہی وجہ ہے کہ آپؐ کا طرزِ اصلاح محض حکم دینے کا نہیں تھا بلکہ دل کو ساتھ لے کر چلنے والا تھا۔
مسجد میں ایک بدوی کے پیشاب کرنے کا واقعہ اس سلسلے میں غیر معمولی مثال ہے۔ صحابۂ کرام ؓ نے اسے روکنے کے لئے آوازیں بلند کیں، لیکن رسولؐ اللہ نے فرمایا کہ اسے چھوڑ دو، جب وہ فارغ ہوگیا تو وہاں پانی بہانے کا حکم دیا۔ بعد ازاں آپؐ نے تعلیم دی کہ لوگوں کے لئے آسانی پیدا کرنے والے بنو، سختی پیدا کرنے والے نہیں۔ اس واقعے میں ایک عظیم نفسیاتی اصول پوشیدہ ہے: غلط رویے کو درست کرنے سے پہلے اس رویے کے نتیجے میں پیدا ہونے والے نقصان کو بڑھنے سے روکنا چاہئے۔ اگر اس شخص کو دورانِ عمل ڈانٹا جاتا یا جسمانی طور پر روکا جاتا تو ممکن تھا کہ وہ مزید اضطراب، شرمندگی یا انتشار کا شکار ہوتا اور مسجد میں ہونے والی نجاست بھی وسیع ہوجاتی۔ آپؐ نے پہلے نقصان کو محدود کیا، پھر تعلیم دی۔ یہی جذباتی بصیرت غصے کے باب میں بھی نظر آتی ہے۔ ایک شخص نے آپؐ سے نصیحت طلب کی تو آپؐ نے فرمایا: ’’غصہ نہ کرو۔ ‘‘ اس نے بار بار یہی درخواست دہرائی اور آپؐ نے ہر مرتبہ یہی جواب دیا۔ یہ مختصر ترین نصیحت دراصل انسانی رویّے کی جڑ پر ہاتھ رکھتی ہے۔ غصہ صرف ایک جذبہ نہیں ؛ اگر بے قابو ہوجائے تو فیصلہ سازی، تعلقات، زبان اور اعمال سب کو متاثر کرتا ہے۔ جدید نفسیاتی اصطلاح میں اسے Emotional Regulation کہا جاسکتا ہے، جبکہ نبوی تربیت میں اس کا بنیادی حل نفس پر قابو، حلم اور ضبطِ جذبات ہے۔
اللہ کے رسولؐ نے انسانی جذبات کو ختم کرنے کی تعلیم نہیں دی بلکہ انہیں صحیح رخ دینے کی حکمت سکھائی۔ غم آیا تو آنکھیں نم ہوئیں، محبت ہوئی تو محبت کا اظہار ہوا، خوشی ہوئی تو مسکراہٹ آئی؛ لیکن جذبات، عقل اور اخلاق اللہ کی رضا کے تابع رہے۔ یہی متوازن شخصیت دراصل جذباتی صحت کی علامت ہے۔
ہمدردی اور Empathy
دوسرے انسان کی جگہ کھڑے ہوکر اسے سمجھنا
نفسیات میں Empathy کو کسی دوسرے شخص کے احساسات اور نقطۂ نظر کو سمجھنے کی صلاحیت کہا جاتا ہے۔ اللہ کے رسول ؐکی سیرت کا ہر پہلو دل آویز ہے مگر اس پہلو پر غور فرمائیے کہ آپؐ لوگوں کے درد کو محض دیکھتے نہیں بلکہ محسوس کرتے تھے۔ قرآن نے آپؐ کے بارے میں فرمایا کہ تمہاری تکلیف آپ پر گراں گزرتی ہے، تمہاری بھلائی کے خواہشمند ہیں اور اہلِ ایمان کیلئے نہایت شفیق و رحیم ہیں۔ آپ کے فرزند، حضرت ابراہیم ؓ کی وفات کے موقع پر آپؐ کی آنکھوں سے آنسو جاری ہوگئے۔ حضرت عبدالرحمٰن بن عوفؓ نے عرض کیا کہ یا رسولؐ اللہ! آپؐ بھی رو رہے ہیں ؟ آپؐ نے فرمایا کہ یہ رحمت ہے۔ پھر فرمایا کہ آنکھیں آنسو بہاتی ہیں، دل غمگین ہوتا ہے، لیکن ہم وہی بات کہتے ہیں جو ہمارے رب کو پسند ہو۔
اس واقعے میں غم کے صحت مند اظہار کا ایک نہایت خوب صورت نمونہ موجود ہے۔ آپؐ نے غم کو کمزوری نہیں سمجھا، نہ جذبات کو دبانے کی تعلیم دی؛ بلکہ جذبات کے اظہار اور اخلاقی ضبط کے درمیان توازن قائم کیا۔ آج ذہنی صحت کے مباحث میں یہ بات تسلیم کی جاتی ہے کہ جذبات کو مکمل طور پر دبانا انسان کے لئے مفید نہیں۔ صحت مند شخصیت اپنے احساسات کو پہچانتی، قبول کرتی اور مناسب انداز میں ظاہر کرتی ہے۔ سیرتِ نبویؐ ہمیں اس کا عملی نمونہ فراہم کرتی ہے۔ آنسو آئے تو آنسو بہے، مگر شکوۂ تقدیر نہیں کیا؛ دل غمگین ہوا مگر زبان نے حدودِ بندگی سے آگے جانے کی جرأت نہیں کی۔
آپؐ کی ہمدردی صرف بڑے سانحات تک محدود نہ تھی۔ بچوں کے ساتھ آپؐ کا برتاؤ اس کا عمدہ نمونہ ہے۔ حضرت انسؓ بیان کرتے ہیں کہ ان کے چھوٹے بھائی ابوعمیر کے پاس ایک چھوٹا سا پرندہ تھا۔ آپؐ اس بچے کے ساتھ اس قدر گھل مل جاتے کہ اس سے پوچھتے: ’’اے ابو عمیر! نُغیر کا کیا ہوا؟‘‘ ایک بظاہر معمولی جملہ دراصل Child Psychology کے ایک اہم اصول کی ترجمانی کرتا ہے: بچے کی دنیا کو معمولی نہ سمجھو۔ جس چیز کو بالغ معمولی سمجھتا ہے، وہ بچے کیلئے پوری جذباتی کائنات ہوسکتی ہے۔
یہی وجہ ہے کہ آپؐ کی مجلس میں کمزور، غریب، غلام، بچہ، نوجوان، عورت اور بزرگ سب اپنے آپ کو انسانی وقار کا حامل محسوس کرتے تھے۔ ہمدردی کا حقیقی کمال یہی ہے کہ سامنے والا آپ کے پاس آکر خود کو ’’دیکھا گیا‘‘ محسوس کرے۔
یہ بھی پڑھئے:قرآن و حدیث کی روشنی میں جین زی سے برتاؤ
Conflict Management
غصہ اور تنازع : ردِعمل کے بجائے حکمت
انسانی تعلقات میں سب سے پیچیدہ نفسیاتی مسئلہ اور تنازع ہے۔ خاندان، معاشرہ، ادارہ اور ریاست، ہر جگہ اختلاف پیدا ہوتا ہے۔ اصل کمال اختلاف ختم کردینا نہیں بلکہ اختلاف کو تباہ کن بننے سے روکنا ہے۔ سرور دو عالم ؐ نے اس میدان میں حلم، ضبط، عفو اور حکمت کے ایسے نمونے پیش کیے جو معنویت سے بھرپور ہیں اور جن کی معنویت ہر دور میں قائم ہے۔
قرآنِ کریم نے غزوۂ احد کے پس منظر میں واضح فرمایا کہ اگر رسولؐسخت دل اور تندخو ہوتے تو لوگ آپ کے گرد سے منتشر ہوجاتے؛ پھر آپؐ کو درگزر، استغفار اور مشاورت کا حکم دیا گیا۔ غور کیجئے کہ معاملہ معمولی انتظامی غلطی کا نہیں تھا؛ جنگی حالات میں بعض صحابہ کے طرزِ عمل کے نتیجے میں شدید نقصان پہنچا۔ اس کے باوجود قیادت کا نبوی اسلوب انتقام نہیں بلکہ تعلق کی مرمت تھا۔
نفسیات کی زبان میں کسی غلطی کے بعد انسان کو مسلسل شرمندہ کرنا اس کے اندر دفاعی ردِعمل پیدا کرسکتا ہے۔ وہ اپنی غلطی تسلیم کرنے کے بجائے اسے Justify کرنے لگتا ہے۔ اللہ کے رسولؐکا اسلوب اس کے برعکس تھا: غلطی کی اصلاح، شخصیت کا احترام۔ یہی فرق تربیت اور تحقیر کے درمیان ہے۔ اسی طرح غصے کے بارے میں ’’لا تغضب‘‘ کی نبوی نصیحت اس امر کی طرف اشارہ کرتی ہے کہ انسانی شخصیت کی اصلاح میں جذباتی محرکات پر قابو پانا بنیادی حیثیت رکھتا ہے۔ یہاں غصے سے مراد محض غصے کا احساس نہیں بلکہ ایسا بے قابو ردِعمل ہے جو انسان کو ظلم، بدزبانی، حق تلفی یا تشدد جیسے غلط فیصلے تک لے جائے۔
آج Conflict Management میں Pause، Active Listening، De-Escalation اور Perspective-taking جیسے تصورات اہم سمجھے جاتے ہیں۔ سیرتِ نبویؐ میں ان سب کی عملی روح موجود ہے، اگرچہ انہیں جدید اصطلاحات میں بیان نہیں کیا گیا تھا مگر اب انہیں بآسانی سمجھا جاسکتا ہے۔ آپؐ نے ہمیں یہ سبق دیا کہ طاقت کا سب سے بلند درجہ یہ نہیں کہ انسان دوسرے کو خاموش کردے، بلکہ یہ ہے کہ وہ اشتعال کے لمحے میں بھی اپنے نفس کو خاموش رکھ سکے۔
تعلیم و تربیت کا نبویؐ نفسیاتی اصول: ہر انسان ایک الگ شخصیت ہے
رسول اللہ ﷺ کا تعلیمی اسلوب یکساں نوعیت کا نہیں تھا۔ آپؐ سوال کرنے والے مخاطب کی ذہنی سطح، عمر، مزاج، حالات اور ضرورت کے مطابق جواب دیتے تھے۔ یہی Personalized Learning کا بنیادی اصول ہے کہ ہر فرد کو اس کی استعداد اور ضرورت کے مطابق تعلیم دی جائے۔
حضرت انس ؓ نے دس سال اللہ کے رسولؐ کی خدمت کی۔ وہ فرماتے ہیں کہ آپؐ نے ان دس برسوں میں کبھی ’’اُف‘‘ تک نہیں کہا اور نہ یہ فرمایا کہ تم نے یہ کام کیوں کیا یا یہ کام کیوں نہیں کیا۔ اس روایت کا مقصد یہ نہیں کہ تربیت میں کبھی تنبیہ نہ کی جائے؛ بلکہ یہ ظاہر کرنا ہے کہ آپؐ کی تربیت مسلسل تحقیر، طعن اور شخصیت شکنی پر مبنی نہیں تھی۔ یہ اصول جدید نفسیات میں Intrinsic Motivationکے تصور سے مربوط ہے۔ جب انسان کو مسلسل ذلت دی جائے تو وہ کام صرف سزا سے بچنے کے لئے کرتا ہے؛ لیکن جب اسے اعتماد، ذمہ داری اور مقصد دیا جائے تو وہ اندرونی محرک کے ساتھ عمل کرنا سیکھتا ہے۔ صحابۂ کرامؓ کی شخصیتیں اسی تربیتی انقلاب کا نتیجہ تھیں۔ ایک عام انسان کو ذمہ دار، صاحبِ کردار اور صاحبِ مقصد فرد بنانا محض معلومات منتقل کرنے سے ممکن نہیں۔
اللہ کے رسولؐ کا بچوں کے ساتھ انداز بھی قابلِ غور ہے۔ ابو عمیر کے ساتھ چھوٹے پرندے کا ذکر، بچوں سے شفقت، ان کے سلام کا جواب اور ان کی جذباتی دنیا کو اہمیت دینا اس بات کی دلیل ہے کہ آپؐ نے Child Developmentکے بنیادی انسانی تقاضوں کو ہمیشہ ملحوظ رکھا۔
اسی طرح آپ ؐ کا ’’آسانی پیدا کرو، دشواری پیدا نہ کرو‘‘ والا اصول تعلیم کے لئے بھی بنیادی رہنما ہے۔ تعلیم اگر طالب علم کے اندر مسلسل خوف، شرمندگی اور بے بسی پیدا کردے تو معلومات تو منتقل ہوسکتی ہیں ، شخصیت نہیں بنتی۔ نبوی تعلیم میں محبت، تکرار، مثال، سوال، عملی نمونہ اور تدریج سب ملتے ہیں۔
یہاں سے ایک بڑا نفسیاتی اصول سامنے آتا ہے: انسان کو صرف یہ نہ بتاؤ کہ کیا کرنا ہے؛ اسے یہ بھی سمجھاؤ کہ کیوں کرنا ہے، اور ایسا ماحول پیدا کرو جس میں وہ خود اس عمل کو اختیار کرنا چاہے۔ رسول اللہ ﷺ کی تربیت نے اسی اندرونی تبدیلی کو جنم دیا۔
قیادت، مشاورت اور اجتماعی نفسیات: دل جیتنے کا فن
آپؐ صرف روحانی پیشوا نہیں بلکہ ایک عظیم مربی، قائد اور معاشرتی معمار بھی تھے۔ قیادت کی نفسیات کا ایک بنیادی سوال یہ ہے کہ لوگ کسی رہنما کی بات کیوں مانتے ہیں ؟ محض اختیار کی وجہ سے؟ خوف کی وجہ سے؟ یا اعتماد اور محبت کی وجہ سے؟ سیرتِ نبویؐ کا جواب واضح ہے: پائیدار قیادت دلوں کو ساتھ لے کر چلتی ہے۔
قرآن نے آپؐ کی قیادت کے بارے میں فرمایا کہ آپؐ نرم مزاج ہیں ؛ اگر سخت دل ہوتے تو لوگ آپ کے گرد سے منتشر ہوجاتے۔ پھر عفو، دعا اور مشاورت کو قیادت کے اصول کے طور پر بیان کیا گیا۔ اس آیت میں لیڈرشپ سائیکولوجی کے کئی بنیادی اصول جمع ہوگئے: Emotional Safety، Forgiveness، Participation اور Trust۔
مشاورت کا اصول خاص طور پر قابلِ توجہ ہے۔ ایک قائد اگر ہر فیصلہ اپنی ذات سے وابستہ کرلے تو پیروکاروں میں Ownership پیدا نہیں ہوتی۔ اس کے برعکس مشاورت لوگوں کو یہ احساس دیتی ہے کہ ان کی رائے اہم ہے اور وہ اجتماعی فیصلے کا حصہ ہیں۔ قرآن نے اللہ کے رسولؐ جیسی بلند ترین قیادت کو بھی ’’وشاورهم في الأمر‘‘ کے اصول سے وابستہ کیا۔
آپؐ کی قیادت میں شخصیت پرستی کے بجائے کردار سازی تھی۔ صحابہ کرام رضی اللہ عنہم صرف آپ ﷺ کے احکامات پر عمل کرنے والے افراد نہیں تھے بلکہ اپنی اپنی صلاحیتوں کے مطابق ذمہ داری اٹھانے والی شخصیات بنے۔ حضرت ابوبکرؓ، عمرؓ، عثمانؓ، علیؓ، معاذؓ، ابن عباسؓ، حضرت عائشہؓ اور دیگر صحابہ رضی اللہ عنہم کی علمی و عملی شخصیتیں اسی تربیتی نظام کی مثال ہیں۔
قیادت کا ایک اور نفسیاتی پہلو انصاف ہے۔ آپؐ نے واضح کیا کہ قانون کا نفاذ امیر و غریب کے فرق سے تبدیل نہیں ہوسکتا۔ اس اصول سے معاشرتی اعتماد پیدا ہوتا ہے، کیونکہ لوگ جانتے ہیں کہ اصول افراد کے مرتبے کے تابع نہیں۔ یوں نبویؐ قیادت ہمیں بتاتی ہے کہ انسانوں کو کنٹرول کرنا قیادت نہیں ؛ انسانوں میں اعتماد، ذمہ داری، خود احتسابی اور مقصد پیدا کرنا قیادت ہے۔ یہی اجتماعی نفسیات کا اعلیٰ ترین استعمال ہے۔
یہ بھی پڑھئے: دنیا لالچ دِلاتی ہے اور انسان آخرت کو بھولنے لگتا ہے
شخصیت سازی، مثبت رویہ اور امید: انسان کو اس کے بہترین امکان تک پہنچانا
نبی کریمؐ کی نفسیاتی بصیرت کا ایک اور شاید سب سے اہم پہلو شخصیت سازی ہے۔ آپؐ انسان کو اس کی موجودہ کمزوری سے نہیں بلکہ اس کے ممکنہ مستقبل سے دیکھتے تھے۔ یہی وجہ ہے کہ معمولی حیثیت رکھنے والے افراد آپؐ کی تربیت سے تاریخ کے عظیم کردار بن گئے۔
آپ ؐنے کسی شخص کی اصلاح کے لئے اس کی پوری شخصیت کو رد نہیں کیا۔ غلطی کی نشاندہی کی، مگر امید باقی رکھی۔ گناہ گار کے لئے توبہ کا ، جاہل کے لئے تعلیم کا، کمزور کیلئے عزت کا اور خوف زدہ انسان کیلئے اعتماد کا دروازہ کھولا۔ یہ Positive Reinforcement کی اس روح سے قریب ہے جس میں انسان کے اندر موجود بہتر امکانات کو تقویت دی جاتی ہے۔
حضرت عائشہ ؓ کی علمی شخصیت اس تربیتی نظام کا روشن مینار ہے۔ رسولؐ اللہ نے ان کے علمی مقام کو نمایاں کیا اور صحابہ و تابعین نے ان سے علم حاصل کیا۔ صحیح بخاری میں ان کی فضیلت کو نمایاں طور پر بیان کیا گیا ہے۔ اس سے معلوم ہوتا ہے کہ نبوی تربیت نے خواتین کی ذہنی و علمی صلاحیتوں کو خاص اہمیت دی۔
آپؐ کا اخلاقی اسلوب بھی شخصیت سازی کا ذریعہ تھا۔ اللہ تبارک تعالیٰ نے قرآن میں آپؐ کے لئے فرمایا: ’’ بے شک آپ عظیم اخلاق پر فائز ہیں۔ ‘‘
اس آیت کا دائرہ صرف خوش اخلاقی تک محدود نہیں ؛ یہ ایک ایسی جامع شخصیت کی طرف اشارہ ہے جس میں حلم، عدل، شجاعت، رحمت، صدق، امانت، عفو، صبر اور انسان فہمی جمع ہوگئے تھے۔ یہی وجہ ہے کہ سیرتِ نبویؐ کا سب سے بڑا نفسیاتی کارنامہ کسی ایک مریض کے مسئلے کا حل نہیں بلکہ ایک پوری نسل کی شخصیت کی تعمیر ہے۔ آپؐ نے افراد کو ان کی نفسیاتی کمزوریوں سمیت قبول کیا، پھر انہیں ایمان، مقصد، اخلاق اور ذمہ داری کے ذریعے ایک نئی شخصیت عطا کی۔
یہ بھی پڑھئے: مواخاتِ مدینہ: ایثار اور خود کفالت کا حسین امتزاج
نبوی نفسیات…انسان کو سمجھنے سے انسان بنانے تک
اللہ کے رسولؐ کو ’’عظیم ماہرِ نفسیات‘‘ کہنا اگر جدید علمی اصطلاح کے تاریخی مفہوم میں لیا جائے تو احتیاط لازم ہے، لیکن اگر اس عنوان سے مراد انسانی فطرت، جذبات، محرکات، تعلقات اور کردار کی غیر معمولی بصیرت رکھنے والی ہستی ہے تو سیرتِ طیبہ اس دعوے کے لئے بے شمار مستند شواہد پیش کرتی ہے۔
آپؐ نے غصے کو سمجھا مگر غصے کو خود پر حاوی نہیں ہونے دیا؛ غم محسوس کیا مگر مایوسی کا شکار نہیں ہوئے؛ محبت کی مگر عدل کو قربان نہیں کیا؛ غلطی دیکھی مگر انسان کو غلطی سے بڑا سمجھا؛ بچے کے چھوٹے سے غم کو اہمیت دی مگر اسے معمولی کہہ کر نظرانداز نہیں کیا؛ بدوی کی جہالت کو دیکھا، مگر اس کی عزت پامال نہیں کی؛ صحابہ کی غلطیوں کو دیکھا، مگر اجتماعی اعتماد کو توڑا نہیں۔ یہی نبوی نفسیات کا امتیاز ہے کہ اس میں رحمت اور اصول، محبت اور عدل، نرمی اور مضبوطی، جذبات اور عقل، فرد اور معاشرہ سب ایک متوازن نظام میں جمع ہوجاتے ہیں۔
آج دنیا ذہنی دباؤ، تنہائی، غصے، خاندانی انتشار، نوجوانوں کی بے سمتی اور تعلقات کی کمزوری جیسے مسائل سے دوچار ہے۔ جدید نفسیات ان مسائل کو سمجھنے کے لئے قیمتی علمی ذرائع فراہم کرتی ہے، لیکن سیرتِ نبویؐ ہمیں اس علم کے ساتھ ایک اخلاقی اور روحانی سمت بھی عطا کرتی ہے۔ انسان صرف دماغ نہیں ، دل بھی ہے؛ صرف خواہش نہیں ، ضمیر بھی ہے؛ صرف فرد نہیں ، خاندان اور معاشرے کا حصہ بھی ہے۔ اس لئے سیرتِ رسولؐ کا نفسیاتی مطالعہ محض علمی مشق نہیں بلکہ عصرِ حاضر کی ایک اہم ضرورت ہے۔ اگر والدین نبوی شفقت سیکھ لیں ، اساتذہ نبوی تربیت، قائدین نبوی مشاورت، اصلاح کرنے والے نبوی حکمت، اور عام انسان نبوی ضبطِ نفس سیکھ لے تو انسانی تعلقات میں ایک گہری تبدیلی آسکتی ہے۔
حقیقت یہ ہے کہ جدید نفسیات انسان کے رویے کو سمجھنے کی کوشش کرتی ہے، جبکہ محمد مصطفیٰ ؐ نے انسان کو سمجھنے کے ساتھ اسے سنوارنے، اٹھانے اور اس کے بہترین اخلاقی امکان تک پہنچانے کا عملی نمونہ پیش کیا۔ اسی جامع معنوں میں آپؐ انسانی نفسیات کے عظیم ترین معلم، مربی اور مزاج شناس تھےاور آپؐ کی سیرت آج بھی انسانی دل کی گہرائیوں تک پہنچنے والی ایک زندہ درس گاہ ہے۔