Inquilab Logo

’’کل منڈاوی آبشار‘‘ میں برسات کے بعد بھی پانی موجود ہوتا ہے

Updated: April 04, 2024, 12:15 PM IST | Mohammed Habib | Mumbai

جوہار کے قریب واقع یہ آبشار کئی سطح پر مشتمل ہے، یہاں آپ کلف جمپنگ، راک کلائمبنگ، ٹریکنگ اوررپلینگ جیسے ایڈونچر کھیلوں سے لطف اندوز ہوسکتے ہیں۔

 KalMandavi Falls. Photo: INN
کل منڈاوی آبشار۔ تصویر: آئی این این

آپ نے اکثر فلموں میں دیکھا ہوگا کہ ہیرو ہیروئن یا دیگر لوگ پہاڑ کے اوپر سے پانی میں چھلانگ لگاتے ہیں اورگہرے پانی میں اندر تک چلے جاتے ہیں اورپھر باہر آجاتے ہیں۔ ایسے مناظر اکثر ہالی ووڈ فلموں میں دکھائے جاتے ہیں۔ اگر آپ ایسا ہی کچھ کرنا چاہتے ہیں تو آپ بھی کرسکتے ہیں۔ اس کیلئے آپ کو ہالی ووڈ جانے کی بھی ضرورت نہیں بلکہ اپنے مہاراشٹر میں بلکہ ممبئی سے محض ۱۴۲؍کلومیٹر ہی جانا ہوگا۔ جی ہاں ممبئی سے محض ۱۴۲؍کلومیٹر دورجوہار کے قریب ایک جگہ واقع ہے جہاں آپ اس کرتب سے لطف اندوز ہوسکتے ہیں اس جگہ کا نام کل مانڈوی ہے۔ یہاں خوبصورت آبشار ہیں بلکہ یوں کہا جائے کہ کئی منزلہ آبشار ہےیعنی یہ آبشار کئی سطحوں پر مبنی ہے۔ یعنی پہلے اونچائی سے ایک گڑھے میں پانی گرتا ہے اور پھر اس میں سے نیچے ایک اور گڑھے میں پانی گرتا ہے اور پھر ایسے ہی بہتا ہوا نکل جاتا ہے۔ یہاں کی ایک اور خاص بات یہ ہے کہ یہ آبشار محض برسات کے موسم تک ہی محدود نہیں ہے بلکہ یہاں سال بھر پانی گرتا رہتا ہے۔ یہاں تک کہ یہاں جانے کا بہترین وقت اکتوبر سے جون تک کا بتایا جاتا ہے جب آپ پوری طرح لطف اندوز ہوسکتے ہیں۔ 
ٹریکنگ سے بھی لطف اندوز ہونے کا موقع
جیسا کہ پہلے بتایا گیا کہ یہاں پر ملٹی لیول واٹر فال ہے یعنی ایک کے نیچے ایک آبشار موجود ہیں ، اس کا مطلب یہ ہے کہ یہ پورا علاقہ پہاڑیوں پر مشتمل ہے۔ اس کی وجہ سے یہاں پر ٹریکنگ سے بھی لطف اندوز ہونے کا بہترین مقام ہے۔ یہاں خصوصی طور پر سیاح پہاڑ پر چڑھنے، ٹریکنگ اور ریپلنگ جیسے ایڈونچر کھیلوں سے لطف اندوز ہونے جاتے ہیں۔ یہاں پر جانا اور کھیلوں سے لطف اندوز ہونے کیلئے یہ ضروری نہیں کہ صرف لڑکے ہی جائیں بلکہ یہاں بڑی تعداد میں لڑکیاں اور خواتین بھی جاتی ہے۔ یہاں جانے والے سیاحوں میں ۶۵؍ تا ۸۰؍ فیصد تعداد لڑکیوں کی ہوتی ہے۔ یہ لڑکیوں اورخواتین اور تنہا سفر کرنے والوں کیلئے بھی پوری طرح محفوظ ہے۔ یہاں کے تعلق سے کہا جاتا ہے کہ یہاں کی پریشانیاں بھی آسان ہوتی ہیں جنہیں کوئی بھی عبور کرسکتا ہے۔ 
جنگل میں چھپا ہوا خزانہ
اس آبشار کو جنگل میں چھپا ہوا خزانہ کہا جاسکتاہے کیوں کہ یہ جنگل میں کافی اندر ہے جہاں زیادہ لوگوں کا آنا جانا نہیں ہے، اسی وجہ سے یہ اس قدر دلکش بھی ہے۔ جوہار سے یہاں پہنچنے کیلئے ۷؍تا ۸؍کلومیٹر کا فاصلہ ہے۔ اس میں ۵؍تا ۶؍کلومیٹر کا راستہ اچھی حالت میں ہے لیکن آخر کا ڈیڑھ کلومیٹر راستہ نہایت خستہ ہے۔ اس کے بعد آپ کو ۴۵؍ تا ۶۰؍منٹ پیدل چلنا ہوتا ہے تب کہیں جاکر آپ آبشار کے قریب پہنچ سکتے ہیں۔ ویسے کچھ کمپنیاں ہیں جو یہاں کیلئے ٹور کا انتظام کرتی ہیں جن کی مدد سے بھی آپ جاسکتے ہیں۔ 
کل منڈاوی آبشار کیسے جائیں ؟
ٹرین کے ذریعے: جوہار سے قریب ترین ریلوے اسٹشین اگت پوری ہے۔ اگت پوری سےجوہار ۶۰؍کلومیٹر دور ہے اس لئے یہاں پہنچنے کے لئے تقریباً ۲؍گھنٹے لگتے ہیں۔ اگت پوری اسٹیشن سے ہمہ وقت ٹیکسی سروس دستیاب ہوتی ہے اس لئے آپ کو یہاں پہنچنے میں کوئی دشواری پیش نہیں آئے گی۔ 
سڑک کے ذریعے:سڑک کے ذریعہ یہاں پہنچنا نہایت آسان اورآرامدہ ہوتا ہے۔ آپ کو اس روٹ میں متعدد ٹیکسی سروسیز مل جائیں گی۔ آپ ممبئی یا تھانے سے آسانی سے ٹیکسی یا کیب کرائے پر حاصل کرکے جوہار پہنچ سکتے ہیں۔ 
اگر آپ اپنی کار سے جارہے ہیں تو آپ کو ممبئی احمد آباد قومی شاہراہ پر ممبئی سے اپنا سفر شروع کرنا ہوگا۔ اس پر سفر کرتے ہوئے آپ کو منور پہنچنا ہوگا۔ یہاں سے آپ کو دائیں جانب مڑ کر ریاسی شاہراہ نمبر ۷۹؍پر اپنا سفر شروع کرنا ہوگا۔ اس طرح مجموعی طور پر ۱۴۲؍کلومیٹر سفر کرکے آپ تقریباً ۳؍گھنٹے میں کل منڈوی واٹر فال تک پہنچ جائیں گے۔ اگر آپ بس سے جانا چاہتے ہیں تو آپ ممبئی سینٹرل سے جوہار بس اسٹیشن کیلئے بس میں سوار ہوجائیں۔ جوہار پہنچ کر آپ کو لوکل ٹرانسپورٹ سے کل منڈاوی آبشار تک پہنچنا ہوگا۔ 
ہوائی جہازکے ذریعے:جوہار کا نزدیکی ہوائی اڈہ ناسک ایئر پورٹ یہاں سے ۸۰؍کلومیٹر دور ہے جبکہ ممبئی کا بین الاقوامی ہوائی اڈہ بھی زیادہ دور نہیں، وہ محض ۱۰۰؍کلومیٹر دور ہے۔ ان دونوں ہوائی اڈوں سے آپ ٹیکسی کرائے پر لے سکتے ہیں۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK