Inquilab Logo Happiest Places to Work

کن کھجورا: ایک ایسے شخص کی کہانی جو دوسروں کا خون چوستا ہے

Updated: June 22, 2025, 10:48 AM IST | Mohammed Habib | Mumbai

اسرائیلی شو’میگ پائی‘ کے ہندی ورژن میں دو بھائیوں کی کہانی پیش کی گئی ہے، روشن میتھیو، موہت رائنا اور دیگر نے عمدہ اداکاری کا مظاہرہ کیا ہے۔

Mohit Raina and Roshan Mathew can be seen in a scene from the web series `KanKhajura`. Photo: INN.
ویب سیریز’کن کھجورا ‘ کے ایک منظرمیں موہت رائنا اور روشن میتھیوکو دیکھا جاسکتاہے۔ تصویر: آئی این این۔

کن کھجورا (Kankhajura)
اسٹریمنگ ایپ :سونی لیو(۸؍ایپی سوڈ)
اسٹار کاسٹ: روشن میتھیو، موہت رائنا، سارہ جین ڈیاس، ترینیتر ہلدر، ویوم ویاس، متھن پرندرے، نیناد کامت، مہیش شیٹی
ڈائریکٹر: چندن اروڑا، پریکشت جھا
رائٹر: چندن اروڑا، سندیپ جین، اوپیندر سدھائے
پروڈیوسر: اجے رائے، دیپک سمہال
سنیماٹوگرافی: ونود المپلی، راجیو رائے
ایڈیٹر: ویشاک روی، پریکشت جھا
پروڈکشن ڈیزائن: روی شریواستو
سیٹ ڈیکوریشن: پرینکا شیوہری
کاسٹیوم ڈیزائن: تنوی گوئل
ریٹنگ:***
کن کھجورا ایک پتلی رینگنے والی مخلوق ہے جو بہت کمزور نظر آتی ہے۔ لیکن ایک بار جب یہ آپ سے چپک جائے یا آپ کے کان میں داخل ہو جائے تو یہ خون کے ہر قطرےکونچوڑ سکتا ہے۔ ویب سیریز’کن کھجورا‘ایک ایسے ہی شخص کی دلچسپ کہانی ہے۔ اداکار روشن میتھیو کی شاندار اداکاری سےمزین یہ سیریز ایک نفسیاتی تھرلر ہے، جو آپ کو صحیح اور غلط کے کھیل میں اس طرح الجھا دیتی ہے کہ آپ آخر تک اس سے باہر نہیں نکل پاتے۔ 
سیریز کی کہانی
یہ اسرائیلی شو’میگ پائی‘کاہندی ریمیک ہے۔ اس کہانی میں دو بھائی آشو (روشن میتھیو) اور میکس (موہت رائنا) ہیں۔ جب آشو قتل کےایک مقدمےمیں ۱۴؍سال قید کاٹنے کے بعد باہر آتا ہے تو میکس خوشی خوشی اسے لینے آتا ہے۔ وہ آشو کو بتاتا ہے کہ جلد ہی وہ اپنےبچپن کے دوستوں اور شراکت دار پیڈرو (نند کامت) اور شاردول (مہیش شیٹی) کے ساتھ گوا کی سب سے بڑی اور ہائی فائی سوسائٹی تیار کرنے جا رہا ہے، جو اس کا ڈریم پروجیکٹ ہے۔ 
آشو اپنے خواب کو سچ کرنے میں اپنے بھائی کا ساتھ دینا چاہتا ہے۔ وہ بچپن کی طرح اس کی ٹیم کا حصہ بننا چاہتا ہے۔ یہی نہیں وہ میکس کےخواب کی راہ میں آنے والی ہر رکاوٹ کو دور کرنے کے لیے کسی بھی حد تک جانے کیلئے تیار رہتاہے۔ اس کے باوجود اسے میکس اور اس کے دوستوں سے تعریف کےبجائے ذلت ملتی ہے۔ پیڈرو اور شاردول ہر وقت اس کا مذاق اڑاتے رہتے ہیں، میکس اسے اپنے پروجیکٹ اور خاندان یعنی بیوی نشا (سارہ جین ڈیاس) اور بیٹی سے دور رہنے کی ہدایت بھی کرتا ہے۔ اس کے پیچھے کیا وجہ ہے؟ کیا اس کا تعلق ان کےماضی سےہے؟ یہ سب تو سیریز دیکھ کر پتہ چلے گا۔ 
ہدایت کاری
چندن اروڑہ، جنہوں نے’اسٹرائیکر‘ اور’میں میری پتنی اور وہ‘ جیسی فلمیں بناچکےہیں، سیریز کے ڈائریکٹر اور شریک مصنف دونوں ہیں۔ وہ پہلی قسط سے آشو کے دوہرے اور پراسرار کردار کو قائم رکھتے ہیں۔ اس کی وجہ سےناظرین شروع ہی سے خود کو اس سے جڑا ہوا محسوس کرتے ہیں۔ کبھی ہمیں اس بے بس آشو پر ترس آتا ہے، جو اپنے توتلے پن کی وجہ سے اپنے ہی لوگوں کے لیے ہنسی کا سامان بن جاتا ہے، اور کبھی ہم اس کے چالاک دماغ پر حیران ہوتے ہیں۔ یہ سسپنس بھی ہے کہ آیا وہ واقعی میکس کا ساتھ دینا چاہتا ہے یا اس سےبدلہ لینا چاہتا ہے؟ مجموعی طور پر اس کے اگلے قدم کے بارے میں تجسس پایا جاتا ہے۔ یہ سیریز کی کامیابی ہے، جس کا بڑا سہرا روشن میتھیو کی شاندار اداکاری کو جاتا ہے۔ 
اداکاری
’چوکڈ‘، ’ڈارلنگ‘اور’اُلجھ‘جیسی ہندی فلموں میں نظر آنے والے روشن میتھیونےآشو کی بچپن جیسی معصومیت اور بے بسی اور کبھی کبھی اسکرین پر اس کی چالاکی کو زندہ کیا ہے۔ ان کی اداکاری کا دائرہ وسیع نظر آتا ہے۔ موہت رائنا نے بھی بے حس اور پرجوش میکس کے کردار میں اچھا کام کیا ہے۔ 
ان دونوں کے علاوہ سارہ جین ڈیازاور ترنیترا ہلدر بھی اثر چھوڑنےمیں کامیاب رہی ہیں۔ جبکہ ساتھی اداکار جیسے نند کامت، مہیش شیٹی، اوشا نندکرنی ٹھیک ہیں۔ 
سیریز کی خامیوں کے بارے میں بات کریں تو یہ ایک تال میں آگے نہیں بڑھتی۔ اگرچہ یہ شروع میں دھیمی آنچ پرپکتی ہے، لیکن بعدکے ایپی سوڈمیں سب کچھ جلدی سمیٹنےکی ہڑبڑی نظر آتی ہے۔ میکس اور آشو کے ماضی کا وہ صفحہ، جس پر پوری کہانی ٹکی ہوئی ہے، بہت ہی جلد بازی میں سمیٹ دی گئی ہے، جو تکلیف دیتی ہے۔ 
تاہم، اگر ہم اسکرین پلے کی ایسی کوتاہیوں کو نظر انداز کرتے ہیں، تو یہ نفسیاتی تھرلر آپ کو باندھےرکھتی ہے۔ ساتھ ہی یہ دوسروں کو پریشان کرنے والوں کو اچھا سبق سکھاتا ہے۔ 
نتیجہ
اگر آپ ایک مختلف قسم کا نفسیاتی تھریلر، ایک منفرد قسم کی کہانی اور روشن میتھیو کی شانداراداکاری دیکھنا چاہتے ہیں، تو یہ’کن کھجورا‘ آپ کیلئےہے اور آپ اسے دیکھ سکتے ہیں۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK