Inquilab Logo Happiest Places to Work

کراٹے کڈ-لیجنڈ: ہالی ووڈ، خصوصی طور پر جیکی چین کی ایک اور فلم

Updated: May 31, 2025, 11:22 AM IST | Mohammed Habib | Mumbai

مزاحیہ انداز میں مارشل آرٹ کے ساتھ ایکشن کے ماہر جیکی چین کی ہی فلم کراٹے کڈ کا سیکوئل آپ کو اسی انداز میں متاثر کرسکتا ہے جیسا پہلےکیا تھا۔

Ben Wang and Jackie Chan can be seen in a scene from the movie `The Karate Kid: Legend`. Photo: INN
فلم’کراٹے کڈ:لیجنڈ‘ کے ایک منظر میں بین وانگ اور جیکی چین کودیکھاجاسکتاہے۔ تصویر: آئی این این

کراٹے کڈ: لیجنڈ (Karate Kid: Legends)
اسٹارکاسٹ:جیکی چین، بین وانگ، جوشوا جیکسن، سیڈی اسٹینلی، منگ نا وینگ، ویاٹ اولیف، ارامیس نائٹ، 
ڈائریکٹر :جوناتھن اینٹ وسل
رائٹر : باب لیبر، رابرٹ کمین
پروڈیوسر:کرین روزین فیلٹ، جینی ہنکی، رالف مچھیو
موسیقار:ڈومنک لیویس
 سنیماٹوگرافر:جسٹن برائون،
ایڈیٹر:ڈانا ای گلابرمین، کولبی پارکر جونیئر
کاسٹنگ ڈائریکٹر:جان پیپسی ڈیرا
 ریٹنگ: ***
 تقریباً ۴۰؍سال پہلے ۱۹۸۴ءکی بات ہے، جب کنگ فو کراٹےپرمبنی مارشل آرٹ ڈرامہ فلم ’دی کراٹے کڈ‘ریلیز ہوئی تھی۔ یہ دنیا میں اس قدر مقبول فرنچائزبن گئی کہ ۱۹۸۶ء، ۱۹۸۹ء اور ۱۹۹۴ء میں اس کے۳؍سیکوئل منظر عام پر آئے۔ پھر۲۰۱۰ءمیں اسے جیکی چین کے ساتھ مرکزی کردار میں ریبوٹ کیاگیا اور ٹی وی سیریز ’کوبرا کائی‘بھی بنائی گئی۔ اب، اس کی چھٹی پیشکش ’کراٹے کڈ: لیجنڈز‘ تھیٹرزمیں پہنچ چکی ہے۔ ظاہرہےکہ ایسی کامیاب فرنچائز سے بہت زیادہ توقعات رکھنا فطری بات ہے لیکن آزمودہ فارمولے کی وجہ سے یہ فلم اپنے ٹائٹل کی طرح ’لیجنڈ‘بننے سے بہت دور رہ گئی ہے۔ 
فلم کی کہانی
 جوناتھن اینٹ وِسل کی ہدایت کاری میں بننے والی یہ فلم بیجنگ کےایک نوجوان لی فونگ (بین وانگ) کی کہانی ہے۔ لی مسٹر ہان (جیکی چین)کنگ فو اسکول کا اسٹار طالب علم ہے، لیکن اس کی ڈاکٹر ماں نہیں چاہتی کہ لی کا مارشل آرٹس سے کوئی تعلق ہو۔ درحقیقت، اس نےاپنے بڑے بیٹے، کنگ فو چیمپئن کو ایک لڑائی میں کھو دیا ہے، اس لیےلی کو اس سے دور رکھنے کے لیے، وہ نیویارک میں ایک نئی زندگی شروع کرتی ہے۔ 
 یہاں لی ایک پیزا شاپ کےمالک اور سابق باکسر وکٹر (جوشوا جیکسن)اور اس کی بیٹی میا(سیڈی اسٹینلے) سے دوستی کرتا ہے۔ چند ملاقاتوں کے بعد، میا اورلی قریب آتے ہیں۔ ایسی صورت حال میں، جب وکٹر اپنا قرض ادا کرنے کے لیے رنگ میں واپس آنا چاہتا ہے، لی اسے تربیت دیتا ہے۔ لیکن وکٹر کے رنگ میں زخمی ہونے کے بعد، لی مارشل آرٹس میں دلچسپی کھو دیتا ہے۔ پھر اس کے سرپرست اور گرو مسٹر ہان اپنی زندگی میں واپس آتے ہیں، جو انہیں وہاں پر وقار کراٹے ٹورنامنٹ میں حصہ لینے کی ترغیب دیتے ہیں۔ 
 یہ فلم کنگ فو اور کراٹے کے درمیان تعلق کو ایک ہی درخت کی دو شاخوں کے طور پر پیش کرتی ہے۔ اسی لیے مسٹر ہان اپنے پرانے دوست اور کراٹے گرو میاگی کے جانشین ڈینیئل لارسو (رالف میکچیو)سے لی کو تربیت دینے کی درخواست کرتےہیں۔ کہانی میں ایک اور اہم کردار ہے، چیمپئن فائٹر کونر (آرامیس نائٹ) جو کہ میاکا سابق بوائے فرینڈ بھی ہے، اس لیے ظاہر ہے کہ اس چیمپئن شپ میں لی کا مقابلہ کونر سے ہوگا اور یہ اندازہ لگانا مشکل نہیں کہ کون جیتے گا۔ 
ہدایت کاری
 ایک فارمولےکےمطابق اس فلم کے تعلق سے پیش گوئی کی جاسکتی ہے، یہی اس فلم کی کمزوری ہے۔ کہانی میں کوئی نیا پن نہیں ہے۔ یہی نہیں ایکشن سین بھی زیادہ متاثرنہیں کر پاتے۔ مقابلے کا آخری میچ بھی ایسا نہیں بنایاگیاکہ وہ آپ کو سانس روکے رکھنے پر مجبور کر دے۔ 
ادا کاری
 تاہم اگر ہم اداکاری کی بات کریں تو جیکی چین اپنے مضحکہ خیز اندازسےاپنی طرف متوجہ کرتے ہیں۔ وہ یقینی طور پر فلم کی جان ہیں۔ اس کے علاوہ ہندی ڈبنگ میں اجے دیوگن کی آواز دلکش ہے۔ اجےدیوگن نےاپنی آواز کو جیکی چن کی شخصیت کے مطابق بہت اچھے طریقے سے ڈھالا ہے۔ 
 یہی بات مرکزی کردار بین وانگ پر بھی لاگو ہوتی ہے، جس کی آوازکو اجے دیوگن کے بیٹےیُگ دیوگن نے ہندی ورژن میں ڈب کیاہے۔ بین کی اداکاری بھی اچھی ہے۔ وہ لی کو ایک معصومیت دیتا ہے، جو اپنے المناک ماضی کے ساتھ جدوجہد کر رہا ہے، جبکہ سیڈی بطور میا پیاری لگ رہی ہے۔ 
 فلم کے بارے میں ایک اچھی بات یہ ہے کہ یہ تیز رفتاری اور ہلکے پھلکے انداز میں آگے بڑھتی ہے۔ لہٰذا، اگر آپ اس فرنچائز کے پرستارہیں، تو آپ اسے ایک موقع دے سکتے ہیں۔ 
نتیجہ
 مشن امپاسیبل اور فائنل ڈیسٹی نیشن کے بعدایک اور ہالی ووڈ فلم ہندوستان آئی ہے، اگر آپ ہالی ووڈ فلموں، خاص طور پر جیکی چین کی فلموں کےپرستار ہیں اور اس سے قبل بھی آپ نے کراٹے کڈ دیکھی اور اسے پسند کیا ہے تو اس فلم کو بھی ایک مرتبہ دیکھ سکتے ہیں۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK