Inquilab Logo Happiest Places to Work

کرنالا : پنویل میں شاندار تاریخ اور بہترین محل وقوع کا حامل قلعہ

Updated: June 12, 2025, 11:30 AM IST | Mohammed Habib | Mumbai

برڈ سینکچوئری کے اندر واقع اس قلعہ کو تجارتی اہمیت کے حامل ممبئی گوا ہائی وے پر نظر رکھنے کیلئے بنایا گیا تھا، آج بھی یہاں کا نظارہ بے مثال ہے۔

The path to reach Karnala Fort can be seen. Photo: INN
کرنالا قلعہ تک پہنچنے کا راستہ دیکھا جاسکتا ہے۔ تصویر: آئی این این

مغربی گھاٹ کی سرسبز وادیوں میں چھپا ہوا کرنالا قلعہ ایک ایسا تاریخی اور فطری خزانہ ہے جو سیاحوں کو ماضی کے جلال اور فطرت کی بانہوں کایکجا تجربہ دیتا ہے۔ اگر آپ قدرت، تاریخ، اور تھوڑی سی مہم جوئی کےشوقین ہیں، تو کرنالا قلعہ آپ کیلئے کسی خزانے سے کم نہیں۔ 
کہاں واقع ہے
 ممبئی، نوی ممبئی، یاپونےسےاس قلعہ تک کار، بائیک یا ٹرین سےآسانی سےپہنچا جا سکتا ہے۔ یہاں کاسب سے نزدیکی ریلوے اسٹیشن پنویل ہے، جہاں سے آٹو رکشا یا نجی گاڑی سے۱۵؍ تا ۲۰؍ منٹ میں کرنالا پہنچا جا سکتا ہے۔ 
تاریخی اہمیت
 کرنالا قلعہ کوئی معمولی پتھروں کی عمارت نہیں، بلکہ۷؍ صدیوں پرمحیط ایک داستان ہے، جو ہر اینٹ میں ایک سچائی چھپائے ہوئے ہے۔ یہ قلعہ۱۳؍ویں صدی میں یادوؤں کے دور میں بنایا گیا تھا، جو دیوگیری (بعد کا دولت آباد) کے راجہ تھے۔ اس کے بعد بہمنی سلطنت، نظا م شاہی، پرتھوی راج، مراٹھا، پرتگالی اور برطانویوں نے اس پر قبضہ کیا۔ قلعے میں ایک مین واچ ٹاورہےجسے ’فنل ٹاور‘ کہا جاتا ہے، کیونکہ یہ ایک الٹے گھڑے جیسی شکل رکھتا ہے۔ پرانے کنویں، تہہ خانے، چٹانی سیڑھیاں اور دیواروں کے آثار اب بھی موجود ہیں۔ 
قلعہ کا مقام کیوں اہم تھا؟
 کرنالاقلعہ ممبئی-گووا تجارتی شاہراہ پر نظر رکھنے کے لیے تعمیر کیا گیا تھا۔ اس کی اونچائی(۴۵۰؍میٹر) اور مقام ایسا تھا کہ یہاں سے ہر نقل و حرکت دیکھی جا سکتی تھی ایک طرح کا فطری واچ ٹاور۔ 
ٹریکنگ
 کرنالا قلعے تک پہنچنے کے لیے جو راستہ ہے، وہ مہاراشٹر کے بہترین مانسون ٹریکس میں شمار ہوتا ہے۔  اس ٹریکنگ کیلئےکرنالا برڈ سینکچوئری کا داخلی گیٹ ہی اسٹارٹنگ پوائنٹ قرار دیا جاتا ہے۔ یہ ٹریک ۵ء۲؍تا ۳؍کلومیٹر پر مشتمل ہے، جسے طے کرنے میں ۵ء۱؍تا ۵ء۲؍ گھنٹے لگتے ہیں جو کہ آپ کی چلنے کی رفتار اورموسم پر منحصر ہے۔ یہ راستہ ۲؍ مراحل پر مشتمل ہے۔ پہلا حصہ جنگل سےگزرتا ہے، جوگھنے درختوں، بانس کے جھنڈ اور نرم مٹی کی راہوں پر سے ہوکر جاتا ہے۔ دوسرا حصہ پتھریلے راستے، چٹانی سیڑھیوں، اور ڈھلانوں پر مشتمل ہے۔ بارش میں کیچڑ اور پھسلن کی وجہ سے کچھ حصے چیلنجنگ ہو جاتے ہیں۔ 
شاندار نظارہ
 قلعے کی چوٹی سے ممبئی کے بندرگاہی علاقے، نوی ممبئی، مروڈ، اور رائےگڑھ کے پہاڑوں کا شاندار نظارہ دیکھنے کو ملتاہے۔ مانسون یا سردیوں کی صبح جب دھند اور سورج کی کرنیں پہاڑوں کو چھوتی ہیں، تو نظارہ واقعی خواب ناک ہوتا ہے۔ 
 یہاں کیسے جائیں ؟
 کرنالا قلعہ، ممبئی-گووا ہائی وے(۶۶)پرپنویل شہر سے تقریباً ۱۲؍ کلومیٹر جنوب کی طرف واقع ہے۔ 
ٹرین سے:ٹرین سے یہاں جانے کیلئے آپ کو ہاربر لائن پر واقع پنویل اسٹیشن پہنچنا ہوگا جہاں آپ لوکل ٹرین کے ذریعہ پہنچ سکتے ہیں۔ پنویل اسٹیشن سے آٹو رکشا، پرائیویٹ ٹیکسی یا بس کے ذریعہ سینکچری گیٹ تک پہنچا جا سکتا ہے جس کے اند یہ واقع ہے۔ 
بس کے ذریعہ :بس کے ذریعہ جانے کیلئے آپ کوممبئی کے سی ایس ایم ٹی، دادَریا وڈالاسے ایم ایس آر ٹی سی یا پرائیویٹ بس پنویل تک کیلئے مل جائے گی۔ وہاں سےکرنالا جانے کیلئے مقامی بس یا آٹو رکشا کا سہارا لینا ہوگا۔ 
سڑک کے ذریعہ :اگر آپ کے پاس نجی گاڑی تو آپ سڑک کے ذریعہ بھی آسانی سے یہاں پہنچ سکتے ہیں۔ ممبئی سےیہاں تک کا فاصلہ تقریباً ۶۰؍تا ۶۵؍کلومیٹر ہے۔ ممبئی-گووا ہائی وے پر سیدھے سفر کرتے ہوئےکرکےسینکچوئری کے گیٹ تک پہنچا جاسکتا ہے۔ پارکنگ کا انتظام گیٹ کے باہر موجود ہے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK