Inquilab Logo

عمدہ اداکاری اورکامیڈی کے مسالے سے بنایا گیا ’کلر سوپ‘

Updated: January 14, 2024, 10:37 AM IST | Mohammed Habib | Mumbai

نیٹ فلکس کی نئی ویب سیریز میں کھانا پکانے کی شوقین خاتون، قتل کی سازش اور اس پر سے پردہ اٹھانے کی کوشش کرتے پولیس افسران ہیں۔

Konkana Sen Sharma and Manoj Bajpayee can be seen in a scene from Color Soup. Photo: INN
کلر سوپ کے ایک منظر میں کونکنا سین شرما اور منوج باجپئی کو دیکھا جاسکتاہے۔ تصویر : آئی این این

کِلرسوپ(Killer Soup)
اسٹریمنگ ایپ :نیٹ فلکس(۸؍ ایپی سوڈ)
اسٹار کاسٹ:کونکنا سین شرما، منوج باجپئی،ویشالی بشٹ، ناصر، شلپا مڈبی، کنی کسروتی، سائلی شندے، انولا نولیکر۔
ہدایت کار:ابھیشیک چوبے
رائٹر:ابھیشیک چوبے، انیزا مرچنٹ، ہرشد نلائوڈے،اننت ترپاٹھی۔
پروڈیوسر:ہنی تریہن،چیتنا کوشک، روی تیواری، امیر الرمیز
سنیماٹوگرافی:انوج راکیش دھون
ریٹنگ: ***
جس طرح کھانے کی کوئی ڈش بنانے کیلئے عمدہ گوشت یا سبزی اور مناسب مسالےڈالنا ضروری ہوتا ہے اسی طرح کوئی فلم یاویب سیریز بنانے کیلئے بھی عمدہ اداکار اور اچھی اسکرپٹ کے ساتھ بہتر ہدایت کاری ضروری ہوتی ہے۔نئی ویب سیریز ’کلر سوپ‘ بھی اسی طرح کی ڈش ہے جس میں عمدہ انگریڈیئنٹس کے طور پر کونکنا سین شرما اورمنوج باجپئی جیسےبہترین اداکاروں کو شامل کیا گیا ہے اس کے علاوہ اس میں سسپنس،تھرل کے ساتھ ڈارک کامیڈی جیسے مسالے شامل کئے گئے ہیں تو اس کلر سوپ کا مزے دار بننا لازمی ہے۔
کہانی: سیریز کا آغازسواتی ریڈی (کونکنا سین شرما) سے ہوتا ہے۔وہ اپنے شوہر پربھاکر شیٹی (منوج باجپئی)کو پائے کاسوپ پیش کرتی ہے۔سواتی اس تعلق سےبہت متجسس ہے، لیکن پربھاکر کےچہرےپر صاف ظاہر ہے کہ اسے سوپ پینے میں کوئی دلچسپی نہیں ہے۔ اس کی ہچکچاہٹ کو دیکھ کر یہ واضح ہو جاتا ہے کہ کچھ گڑبڑہے۔ یہیں سے اس ویب سیریز کی سمت طے ہوجاتی ہے۔کہانی کے مرکز میں سواتی اور اس کی ایک ریستوران کھولنے کی خواہش ہے۔ لیکن جیسے جیسےکہانی آگے بڑھتی ہے، اس میں فریب، جھوٹ، لین دین کے رشتوں اور برائیوں کی دنیا کی جھلک ملتی ہے۔کہانی میں موڑ اس وقت آتا ہےجب کچھ واقعات کی وجہ سے سواتی اپنے شوہر پربھاکر کی جگہ اپنے عاشق امیش پلئی (منوج باجپئی)کو لےآتی ہے۔دریں اثنا، ایک جرم کا ارتکاب ہوجاتا ہے اوراب ان دونوں کو اپنے آپ کو ایک انسپکٹر (ناصر) اور پربھاکر کے مجرم بھائی اروند شیٹی (سیاجی شندے) سے بچانا ہے۔ یہ دونوں جتنی زیادہ بھاگنے کی کوشش کرتے ہیں ، اتنی ہی گہری دلدل میں پھنستے جاتے ہیں ۔
اسکرپٹ:’کلرسوپ‘میں ایک زبردست تھریلر کےتمام اجزاء موجود ہیں ۔ یہ عجیب و غریب کردار ہیں جو اس خوبصورت، لیکن خوفناک کہانی کو تفریحی اندازمیں سنسنی خیز بناتے ہیں ۔ کہانی میں مافوق الفطرت مناظر اور شاعری بھی ہے۔ یہ سب چیزیں مل کر منوج باجپئی اور کونکنا سین شرما کی اس ویب سیریز کا جوش بڑھاتےہیں ۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ’کلر سوپ‘کوئی سسپنس تھریلر نہیں ہے، لیکن کہانی سنانےکا اندازایساہےکہ یہ پوری سیریزایک پراسرار تہہ کے نیچے ررہتی ہے اور آپ اس کے ساتھ غوطے لگاتے رہتے ہیں ۔
ہدایت کاری:یہ ہدایت کار اور مصنف ابھیشیک چوبے کی جیت ہےکہ ان کی سیریز کا ہر سین کوئی نہ کوئی معنی رکھتا ہے۔ اسکرین پرجو بھی نظر آتاہے، وہ کہیں نہ کہیں ضروری ہے۔ ایک ناظر کے طور پر، آپ کو اس ویب سیریز کو دیکھتےہوئے پوری توجہ دینی چاہیے، کیونکہ آگے کی ہر چیز کہیں نہ کہیں جڑی ہوئی ہے۔ مثال کے طور پر، مشروم۔ اروند اپنے ڈرگز کاروبار کے ایک خریدار سےکہتاہے’’جب چٹکی بھر لی جائے گی تو جادوئی مشروم آپ کو جنت میں لے جائے گا اورمٹھی بھر آپ کو جہنم میں لےجائےگا، لیکن اس سے زیادہ لینے کا مطلب ہوگا `پیک اپ۔‘‘
اداکاری:کونکنا سین شرما اور منوج باجپئی نے ہمیشہ کی طرح عمدہ اداکاری کی ہے۔اس کے کرداروں کی سب سے بڑی بات یہ ہے کہ وہ تمام غیر اخلاقی کام کرتے ہیں ، لیکن پھر بھی اپنی غلطیوں کے لیے خود کو مجرم محسوس کرتےہیں۔ سواتی واقعی اپنی بھانجی اپیکشا (انولا نوالیکر) سے پیار کرتی ہے اور دونوں اس رشتے کی باریکیوں کواچھی طرح سےمحسوس کرتےہیں۔ ناصر نے ایک پرجوش پولیس اہلکار کے طور پر بھی اچھا کام کیا ہے۔
نتیجہ: ’کلرسوپ‘ایک ڈارک کامیڈی تھریلرہے جو باریکیوں اور تہوں سے بھری ہوئی ہے اور آپ کو مصروف رکھتی ہے۔ ابھیشیک چوبے ایسی ڈش لے کر آئے ہیں جس کا ذائقہ تا دیر رہے گا۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK