• Tue, 09 September, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

لوکا چیپٹر -۱، چندرا: تجسس سے بھر پور فلم آخر تک باندھے رکھتی ہے

Updated: September 06, 2025, 6:22 PM IST | Mumbai

گزشتہ کچھ وقت سے ملیالم سنیما کا جنون منفرد اور مختلف کنٹنٹ کی وجہ سے بڑھا ہے ، محدود بجٹ کی یہ فلم بھی اس کی مثال ہے

Lokah Chapter-1, A view of Chandra. Photo: INN.
لو کا چیپٹر -۱، چندرا کا ایک منظر۔ تصویر: آئی این این۔

 لو کا چیپٹر-۱:چندرا
(Lokah Chapter 1: Chandra)
اسٹارکاسٹ: کلیانی پریہ درشن، نسلین کے غفور، سینڈی، ٹوینو تھامس، انا بین، چندو سلیم کمار، ارون کورین اور نشانت ساگروغیرہ۔ 
ڈائریکٹر : ڈومینک ارون
رائٹر : ڈومینک ارون
پروڈیوسر: دلکر سلمان
سنیماٹوگرافر: نمیش روی 
ایڈیٹر:چمن چھکو 
ریٹنگ:****
فلم ’لوکا چیپٹر-۱:چندرا‘ محدود بجٹ میں بنائی گئی تھی اور صرف ملیالم زبان میں ریلیز ہوئی تھی، وہ بھی سپر اسٹار موہن لال کی فلم ’ہریدے پورم‘ کے ساتھ۔ اس کے باوجود اس فلم نے ایک ہفتے میں ’ہریدے پورم‘ سے تقریباً ۳؍ گنا زیادہ کمائی کی۔ فلم اتنی زیادہ پسند کی گئی ہے کہ میکرز کو اسے پہلے تمل، تیلگو اور اب ایک ہفتے بعد ہندی میں بھی ریلیز کرنا پڑا۔ آئیے دیکھتےہیں کہ فلم کیسی ہے؟
کہانی
فلم کی کہانی ایک پراسرار لڑکی چندرا (کلیانی پریہ درشن) کےارد گرد بنی گئی ہے، جو سویڈن سے آتی ہے اور بنگلور میں بس جاتی ہے۔ یہاںاس کے فلیٹ کے سامنے سنی (نسلین) اپنے دو دوستوں نائیجل (ارون کورین) اور وینو (چندو سلیم کمار) کے ساتھ رہتاہے۔ سنی چندرا کو پسند کرنے لگتا ہے اور اس کے ساتھ دوستی بڑھانے کی کوشش کرتا ہے۔ چندرا اپنی شناخت چھپانے کے لئے ایک کیفے میں کام کرنے لگتی ہے۔ یہاں اس کے ساتھ کام کرنے والی ایک لڑکی کو مرگیسن نامی غنڈہ ہراساں کر رہا ہے جسے چندرا پیٹ دیتی ہے۔ مرگیسن شہر میں انسانی اعضاء کی اسمگلنگ کا ریکیٹ بھی چلاتا ہے۔ انسپکٹر ناچیپا گوڑا (سینڈی) بھی اس کام میں اس کی مدد کرتا ہے۔ دونوں ایک ساتھ چندر اکے پیچھےپڑجاتے ہیں۔ ایک رات مرگیسن چندرا کو اغواء کر کے ایک ویران جگہ لے گیا۔ اب چندرا مرگیسن اور ناچیپا سے کیسے بچے گی؟ چندر اکون ہے؟ اس کا ماضی کیا ہے؟ یہ سارے جواب آپ کو فلم دیکھ کر مل جائیں گے۔ 
 ہدایت کاری
فلم کے ہدایت کار ڈومینک ارون ہیں۔ ارون کی یہ دوسری فلم ہے۔ اس سے پہلے انہوں نے۲۰۱۷ء میں `’تھارنگم‘ بنائی تھی جسے دھنش نے پروڈیوس کیا تھا۔ ارون نے فلم کے پہلے ہاف کو بہت اچھی طرح سے تیار کیا ہے۔ ہر چیز پر سسپنس رکھا ہے۔ چندرا کون ہے؟ اس راز سے خوبصورتی سے پردہ ہٹایا گیاہے لیکن سیکنڈ ہاف میں وہ تھوڑا بھٹک گئے۔ جبکہ پہلے ہاف میں سب کچھ ایسا تھا کہ آپ فلم سے نظریں نہیں ہٹا سکتے، دوسرے ہاف میں بہت سے مناظرزبردستی کھینچے ہوئے نظر آئے۔ کہانی تھوڑی بھٹکی اور نامکمل معلوم ہوتی ہے۔ مجموعی طور پر چند کوتاہیوں کو چھوڑ کر ڈومینک ارون کا کام اچھا ہے۔ 
اداکاری
کلیانی پریہ درشن کی پہلی فلم ’ہیلو‘ دیکھنے کے بعد یہ اندازہ لگایا گیا تھا کہ وہ انڈسٹری میں بہت نام کمانے والی ہیں۔ اس فلم میں وہ جتنی پیار ی اور معصوم لگ رہی ہیں، اتنی ہی خطرناک بھی۔ ان کے بچپن کا کردار ادا کرنے والی چائلڈ آرٹسٹ کا کام بھی اچھا ہے۔ سینڈی فلم میں ولن ہیں۔ یہ وہی سائیکو ہے جس نے فلم ’لیو ‘میں وجے کے کیفے پر حملہ کیا تھا۔ یہاں وہ ایک بدعنوان پولیس والے کے کردار میں ہے۔  فلم کے ہیرو نسلین اور ان کے دو دوستوں نے بہت اچھا کام کیا ہے۔  
کیا خاص ہے؟
ٍ گزشتہ کچھ وقت سے ملیالم سنیما کا جنون صرف ایک وجہ سے بڑھا ہے۔ منفرد اور مختلف کنٹنٹ۔ جن چھوٹی چھوٹی باتوں کو بالی ووڈ کے فلمساز نظر انداز کرتے ہیں، ملیالم سنیما میں وہی چھوٹی کہانی کم بجٹ میں پیش کرکے ہٹ ہوجاتی ہے۔ ۲۰۲۱ء میں ایسی ہی ایک کم بجٹ کی سپر ہیرو ملیالم فلم ’منل مرلی‘ بھی ریلیز ہوئی تھی جو بہت زیادہ ہٹ ثابت ہوئی۔ اسی طرح فلم ’لوکا چیپٹر-۱:چندرا‘ میں جو اچھا ہے وہ ہے سنیماٹوگرافی اور کیمرہ ورک، ایکشن کے مناظر کمال کے ہیں۔ فلم میں ایک چھوٹی سی لڑکی بھی شاندار ایکشن کرتی نظر آرہی ہے۔ کہانی کو جس طرح سے تیار کیا گیا ہے وہ بہت دلچسپ ہے۔ پس منظر کی موسیقی مضبوط ہے۔ اس فلم میں ایک نئی قسم کی کہانی ہے جسے دیکھ کر آپ جان سکتے ہیں کہ ملیالم سنیما کس طرح کم بجٹ میں تجربہ کر رہا ہے؟ اور اسے کامیابی بھی مل رہی ہے۔ 
کیا کمی ہے؟
تھوڑا سا پھیکا سیکنڈ ہاف، ضرورت سے زیادہ کردار یہ معلوم نہیں کہ وہ فلم میں کیوں تھے؟ شاید اگلے حصے میں ان کرداروں کو ڈیولپ کیا جائے گا۔ سپر ہیرو کا بار بار کمزور ہونا بھی آپ کو تھوڑا سا پریشان کرتا ہے۔ اس سے بچا جا سکتا تھا۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK