Inquilab Logo Happiest Places to Work

وار ۲: دشمن سے زیادہ دوستوں کے بیچ چھڑی ہوئی جنگ پر مبنی فلم

Updated: August 16, 2025, 1:31 PM IST | Mohammed Habib | Mumbai

فلم کی ریلیز کوایک سال کیلئے ٹال کر آدتیہ چوپڑہ کے ذریعہ کی گئی تبدیلیوں کے باوجودفلم میں عمدہ مناظر اورجونیئر این ٹی آر کی اداکاری ہی دیکھنے لائق ہے۔

Jr NTR and Hrithik Roshan can be seen in a scene from the film `War 2`. Photo: INN
فلم’وار۲‘ کے ایک منظرمیں جونیئر این ٹی آر اور ریتک روشن کودیکھاجاسکتاہے۔ تصویر: آئی این این

وار ۲ (War 2)
اسٹارکاسٹ:ریتک روشن، این ٹی راما رائو جونیئر، کیارا اڈوانی، اشوتوش رانا، انیل کپور، ورون بدولا، کے سی شنکر، منتھن دارجی
ڈائریکٹر :ایان مکھرجی
رائٹر :آدتیہ چوپڑا، شریدھر راگھون، عباس ٹائروالا
 پروڈیوسر:آدتیہ چوپڑا
 موسیقی:پریتم چکرورتی
سنیماٹوگرافر:بینجمن جیسپر
ایڈیٹر:عارف شیخ
کاسٹنگ:شانو شرما
آرٹ ڈائریکٹر:روہن کاٹے، کیلاش ساہو
کاسٹیوم ڈیزائن:نہاریکا جولی، انائیتا شراف
 ریٹنگ: **
 یش راج فلمز رومانٹک کہانیوں کیلئے مشہور رہا ہے لیکن آج کل وہ ہالی ووڈ کی طرز پر ایکشن سے بھرپور جاسوسی پر مبنی فلموں سے زیادہ شہرت حاصل کررہا ہے۔ یش راج نے اس زمرے کو اسپائی یونیورس کا نام دیا ہے جس کے تحت سلمان خان کی ٹائیگر سیریز کی فلموں کے علاوہ شاہ رخ خان کی پٹھان شامل کی جاچکی ہیں۔ اس کے علاوہ ریتک روشن کی اداکاری پر مبنی ’وار‘ نامی فلموں کی سیریز کو بھی آگے بڑھایا جارہا ہے۔ اسی کے تحت فلم’وار۲‘ ریلیز کی گئی ہے۔ ۲۰۱۹ء میں ریلیز ہونے والی اس سلسلہ کی پہلی فلم میں ریتک کے ساتھ ٹائیگر شراف کو اہم کردار میں لیا گیا تھا۔ لیکن اس دوسری فلم کو مزید شاندار بنانے کی کوشش کے تحت جنوبی ہند کے مشہور اداکار این ٹی آر جونیئر کو لیا گیا ہےجسے ایک اچھا فیصلہ قرار دیا جاسکتا ہے کیوں کہ انہوں نے ہی اس فلم کو تھوڑا بہت سنبھالنے کی کوشش کی ہے۔ اس کے علاوہ فلم میں سنیماٹوگرافی عمدہ ہے، چندمقامات پر ایکشن بھی دیکھنے لائق ہے۔ 
فلم کی کہانی
 فلم کی کہانی وہیں سے شروع ہوتی ہے جہاں پچھلی فلم’وار‘کی کہانی ختم ہوئی تھی۔ خفیہ ایجنسی ’را‘سے تعلقات ختم کرنےکے بعد فوج کا سابق میجر اور انٹیلی جنس ایجنٹ کبیر (ریتک روشن) اب ایک خطرناک کرائے کاقاتل بن گیاہے۔ تاہم، حقیقت میں، وہ اپنے باس کرنل لوتھرا (آشوتوش رانا) کے حکم پر کلی (ملک کے دشمنوں کی بین الاقوامی تنظیم)میں داخلہ لینے کے لیے خود کو ایک بین الاقوامی قاتل کے طور پر ظاہر کررہا ہے۔ کلی کےتئیں اپنی ایمانداری ثابت کرنے کے لیے کبیر کو کرنل لوتھرا کو مارنا پڑتا ہے۔ کرنل لوتھرا کی بیٹی اور کبیر کی سابق گرل فرینڈ ونگ کمانڈر کاویہ لوتھرا (کیارا اڈوانی) اپنےوالد کے قتل کا بدلہ لینے کے لیے را میں شامل ہو جاتی ہے۔ را کی کمان اب وکرم کول (انیل کپور) کے ہاتھ میں ہے۔ پچھلی فلم میں کبیر کو پکڑنے کی ذمہ داری خالد حسینی (ٹائیگر شراف)کو دی گئی تھی، اس باریہ ذمہ داری را کی جانب سے اسپیشل یونٹ آفیسر وکرم (جونیئر این ٹی آر) کو سونپی گئی ہے۔ وکرم اور کبیر کا ایک دوسرے سے بہت پرانا رشتہ ہے جس کی وجہ سے یہ جنگ ان کیلئے بہت خاص ہے۔ 
ہدایت کاری
 سدھارتھ آنند پچھلی فلم ’وار‘ کی ہدایت کاری کے ذمہ دار تھے، لیکن اس بار ’برہماستر‘فیم ایان مکھرجی کو یہ ذمہ داری سونپی گئی ہے لیکن وہ ناظرین کی توقعات پر پورا نہیں اتر سکے۔ فلم کی کہانی کی تمام خامیاں آپ کو مضبوط ایکشن کے درمیان الجھاتی ہیں۔ فلم دیکھ کر یہ معلوم ہی نہیں ہوتا کہ کون محب وطن ہے اور کون غدار وطن۔ کبھی ریتک ویلن نظر آتے ہیں توکبھی جونیئراین ٹی آردشمن دکھائی دیتے ہیں۔ فلم کو دیکھ کر ایک نیا انکشاف ہوتا ہےکہ جما ہوا پانی یعنی برف انسان کیلئے زنگ آلود لوہے کی سلاخ سے زیادہ مہلک ثابت ہوتا ہے۔ زنگ آلود لوہے کی سلاخ سینے کے آر پار ہوتی ہے لیکن اس کے بعد وہ فوراً لڑنے کیلئے دوبارہ تیار ہوجاتا ہےلیکن جب نوکدار برف سے پیٹ پرحملہ کیا جاتا ہے تووہ بیچارہ اٹھ ہی نہیں پاتا اور ایسا لگنے لگتا ہے کہ یہ ابھی دم توڑ دے گا لیکن وہ پھر بھی بچ جاتا ہے۔ ہاں فلم کی سنیماٹوگرافی کافی اچھی ہے، جس کے تحت مختلف ممالک کے دلکش مناظر کو عمدگی سے پیش کیا گیا ہے، ایکشن بھی کہیں کہیں بہتر ہیں۔ ٹائیگر ۳؍ کو جب توقع کے مطابق کامیابی نصیب نہیں ہوئی اس فلم کی ریلیز کو ایک سال کیلئے ٹال دیا گیا اور ذرائع کے مطابق آدتیہ چوپڑہ نے بذات خود کہانی میں تبدیلیاں کی ہیں۔ اگر انہوں نے تبدیلیاں نہ کی ہوتیں تو نہ جانے یہ فلم کیسی بنتی۔ 
ادا کاری
 جیسا کہ پہلے کہا گیاجنوبی ہند کے اداکار نے اپنی پہلی ہندی فلم کو اپنے کاندھے پر سنبھالا ہوا ہےورنہ ریتک روشن توآج بھی ’کوئی مل گیا‘ کا ’روہت‘ محسوس ہوتے ہیں، کم از کم ان کی آواز تو ویسی ہی ہے۔ انیل کپور نے عمدہ اداکاری کی ہے لیکن ان کے پاس کرنے کو کچھ نہیں تھا۔ کیارا اڈوانی کو بھی نمائش کیلئے رکھاگیا ہے۔ 
نتیجہ
 اگر آپ این ٹی آر جونیئر کو ہندی بولتے ہوئے دیکھنا چاہتے ہیں اور دلکش مناظر پسند ہیں تو اس فلم کو دیکھ سکتے ہیں۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK