اس کی موٹائی محض ۹۹ء۵؍ ملی میٹر جبکہ وزن بھی محض ۱۵۹؍گرام ہے، اس کے باوجود اس میں ۵؍ہزار ایم اے ایچ کی بیٹری دی گئی ہے جو دن بھر چلتی ہے۔
موٹرولا ایج ۷۰؍۔ تصویر: آئی این این
اسمارٹ فون انڈسٹری میں رجحانات ہر چند برس بعد رخ بدلتے رہتےہیں۔ کبھی بڑی اسکرینوں کا شور ہوتا ہے، کبھی طاقتور پروسیسرز کا، اور کبھی کیمرے ہی سب کچھ بن جاتے ہیں۔ مگر حالیہ برسوں میں ایک نیا رجحان پوری قوت کے ساتھ واپس آیا ہے اور وہ رجحان انتہائی پتلے اسمارٹ فونز کا ہے۔ اب ایک بار پھر کمپنیاں ڈیزائن، ساخت اور ہاتھ میں پکڑنے کے آرام کو اہمیت دینے لگی ہیں۔ ایپل اور سیمسنگ جیسے بڑےبرانڈز بھی اس دوڑ میں شامل ہو چکے ہیں، جس کی مثال آئی فون ایئر اور سیمسنگ گلیکسی ایس ۲۶؍ایج ہیں۔ ایسے میں موٹرولا نےبھی ایج ۷۰؍کے ذریعے اس الٹرا سلم دوڑ میں قدم رکھا ہے اور یہ بتانے کی کوشش کی ہے کہ ایک پتلا فون کیسا ہونا چاہیے۔
قیمت
موٹرولا ایج ۷۰؍کی ابتدائی قیمت ۲۹؍ہزار ۹۹۹؍روپے ہے، جس میں ۸؍جی بی ریم اور ۲۵۶؍ جی بی انٹرنل اسٹوریج ہے۔اس قیمت پر یہ فون مڈ-پریمیم طبقےمیںآ کھڑا ہوتا ہے، جہاں عموماً ڈیزائن کے بجائے اسپیسیفیکیشنزکو فوقیت دی جاتی ہے۔
ڈیزائن
موٹرولا ایج ۷۰؍کوہاتھ میں لیتے ہی جو چیز سب سے پہلے محسوس ہوتی ہے، وہ اس کاغیر معمولی طور پرپتلاہونا اورہلکا وزن ہے۔ تقریباً۵ء۹۹؍ملی میٹر موٹائی اور صرف ۱۵۹؍گرام وزن کے ساتھ یہ فون نہ صرف اپنی قیمت کے فونز سے ہلکا محسوس ہوتا ہے بلکہ بعض مہنگے اسمارٹ فونز کو بھی پیچھے چھوڑ دیتا ہے۔روزمرہ استعمال میں ایج ۷۰؍ کااحساس کسی حد تک آئی فون ایئر یا سیمسنگ گلیکسی ایس ۲۵؍ ایج جیسا ہے، اگرچہ ان جیسی پالش اور نفاست یہاں پوری طرح موجود نہیں۔اس کے باوجود یہی بات اس فون کو منفرد بناتی ہے۔ ایسا تجربہ عام طور پر اس قیمت پر دستیاب نہیں ہوتا۔ تاہم کیمرہ ماڈیول اوپری بائیں کونے میں قدرے ابھرا ہوا ہے،جس کی وجہ سے فون سیدھی سطح پر رکھنے پر ہلکا سا ہلتا ہے، جو کچھ صارفین کو ناگوار ہو سکتا ہے۔
ڈسپلے
موٹرولا ایج ۷۰؍میں۶ء۷؍انچ کا۱ء۵؍کے،پی او ایل ای ڈی ڈسپلے دیا گیا ہے، جس کے ساتھ ۱۲۰؍ہرٹزریفریش ریٹ موجود ہے۔یہ اس فون کی سب سے مضبوط خصوصیات میں سے ایک ہے۔ اسکرین نہایت شفاف، شوخ رنگوں والی اور تفصیل سے بھرپور ہے۔
سافٹ ویئر اورہارڈ ویئر
موٹرولا ایج ۷۰؍ میں اسنیپ ڈریگون ۷؍ جنریشن ۴؍ پروسیسر دیا گیا ہے۔ یہ مارکیٹ کا سب سے طاقتور چِپ سیٹ تو نہیں، مگر روزمرہ استعمال میں یہ بھرپور کارکردگی پیش کرتا ہے۔ کالز، پیغامات، سوشل میڈیا، ویڈیوز اور عام ایپس کے استعمال میں فون کارآمد ہے۔ایپس جلد کھلتے ہیں اور ان کے درمیان سوئچ کرنا بھی روانی سے ہوتا ہے۔یہ فون اینڈرائیڈ ۱۶؍پر چلتا ہے، جس پر موٹرولا کا ہیلو یو آئی موجود ہے۔ایک طرف انٹرفیس میں کئی مفید اور سوچے سمجھے فیچرز شامل ہیں، تو دوسری طرف کچھ غیر ضروری ایپس بھی موجود ہیں۔
کیمرے
اس کاکیمرہ سیٹ اپ تجربہ بازی کے بجائے استحکام اور بھروسےپر مرکوز ہے۔ دن کی روشنی میں ۵۰؍میگا پکسل کا پرائمری کیمرہ قدرتی رنگ، مناسب تفصیل اور اچھی ڈائنامک رینج کے ساتھ تصاویرلیتا ہے۔ روشنی اور سائے کا توازن مجموعی طور پر قابلِ تعریف ہے۔البتہ اس فون میں ٹیلی فوٹو لینس کی کمی ہے۔ اس کی جگہ ۵۰؍ میگا پکسل کا الٹرا وائیڈ کیمرہ دیا گیا ہے۔
بیٹری
اتنے پتلے فون کے باوجود اس میں۵؍ہزار ایم اے ایچ بیٹری دی گئی ہے، جو خوشگوار حیرت ہے۔ عام استعمال میں یہ فون بآسانی پورا دن نکال لیتا ہے۔فون۶۸؍ واٹفاسٹ وائرڈ چارجنگ کو سپورٹ کرتا ہے، اور تقریباً ایک گھنٹے میں مکمل چارج ہو جاتا ہے۔