کئی صارفین چیٹ جی پی ٹی ایپ کو ان انسٹال کر رہے ہیں اور اپنے اکاؤنٹس ڈیلیٹ کررہے ہیں۔ اگر آپ بھی ایسا کرنا چاہتے ہیں تو پہلے اس اے آئی ٹول سے اپنا ڈیٹا ضرور نکال لیں اور اپنے پاس محفوظ کرلیں۔ قارئین کی مدد کیلئے نیچے اس کا طریقہ کار بیان کیا گیا ہے۔
EPAPER
Updated: March 04, 2026, 10:32 AM IST | Washington
کئی صارفین چیٹ جی پی ٹی ایپ کو ان انسٹال کر رہے ہیں اور اپنے اکاؤنٹس ڈیلیٹ کررہے ہیں۔ اگر آپ بھی ایسا کرنا چاہتے ہیں تو پہلے اس اے آئی ٹول سے اپنا ڈیٹا ضرور نکال لیں اور اپنے پاس محفوظ کرلیں۔ قارئین کی مدد کیلئے نیچے اس کا طریقہ کار بیان کیا گیا ہے۔
مصنوعی ذہانت (اے آئی) سے چلنے والے معروف چیٹ بوٹ، چیٹ جی پی ٹی (ChatGPT) کی مالک کمپنی اوپن اے آئی (OpenAI) نے گزشتہ دنوں امریکہ کے محکمہ دفاع (پینٹاگون) کے ساتھ نئی شراکت داری کے اعلان کیا جس کے بعد کمپنی صارفین کی جانب سے شدید تنقید کی زد میں آگئی ہے۔ رپورٹس کے مطابق، اس اعلان کے بعد سامنے آنے والے تازہ ترین اعداد و شمار چیٹ جی پی ٹی ایپ کو ان انسٹال (ڈیلیٹ) کرنے کی شرح میں ڈرامائی اضافہ اور حریف کمپنی اینتھروپک (Anthropic) کے اے آئی پلیٹ فارم ’کلاڈ‘ (Claude) کے ڈاؤن لوڈز میں متوازی اضافے کو ظاہر کر رہے ہیں۔
مارکیٹ انٹیلی جنس فرم ’سینسر ٹاور‘ کے مطابق، شراکت داری کے اعلان کے بعد امریکہ میں چیٹ جی پی ٹی موبائل ایپ کو روزانہ ان انسٹال کرنے کی شرح میں گزشتہ دن کے مقابلے میں ۲۹۵؍ فیصد اضافہ ہوا۔ اس سے قبل، ایپ کی عام طور پر روزانہ ان انسٹال کرنے کی شرح تقریباً ۹ فیصد تھی۔ اس دوران، حریف اے آئی چیٹ بوٹ ’کلاڈ‘ کے ڈاؤن لوڈز میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔ تجزیاتی فرم ’سمیلر ویب‘ (Similarweb) کے اعداد و شمار بتاتے ہیں کہ گزشتہ ہفتے کے دوران امریکہ میں کلاڈ کے ڈاؤن لوڈز جنوری کے مقابلے تقریباً ۲۰ گنا زیادہ تھے۔ تاہم، تجزیہ کاروں کا یہ بھی کہنا ہے کہ اس تمام اضافے کو براہِ راست اس تنازع سے نہیں جوڑا جا سکتا۔
اوپن اے آئی اور پینٹاگون کے درمیان معاہدے پر تنقید کرتے ہوئے صارفین نے دلیل دی کہ عام مقصد کے لئے بنائے گئے اے آئی ٹولز کو فوجی نظاموں میں شامل نہیں کیا جانا چاہئے، خاص طور پر ان شعبوں میں جہاں جدید ٹیکنالوجی کو ممکنہ طور پر نگرانی، انٹیلی جنس تجزیے یا آپریشنل منصوبہ بندی کے لئے استعمال کیا جا سکتا ہے۔ شدید تنقید کے بعد چیٹ جی پی ٹی کے بائیکاٹ کا مطالبہ کرنے والی سوشل میڈیا مہمات نے تیزی سے زور پکڑا ہے جس میں صارفین سے متبادل پلیٹ فارمز پر منتقل ہونے کی اپیل کی جا رہی ہے۔ اینتھروپک، جو کلاڈ کو جنریٹیو اے آئی کے میدان میں ایک `حفاظت پر مرکوز` حریف کے طور پر پیش کرتی ہے، بظاہر اس تبدیلی سے فائدہ اٹھا رہا ہے۔
گوگل پلے اسٹور اور ایپل ایپ اسٹور پر ایپ ریویوز (تبصروں) میں بھی صارفین کے رجحان میں واضح تبدیلی دیکھی گئی۔ سینسر ٹاور نے رپورٹ کیا کہ سنیچر کے دن چیٹ جی پی ٹی کے لئے ’ون اسٹار‘ ریٹنگز میں ۷۷۵ فیصد اضافہ ہوا اور اتوار کو یہ شرح دوگنا ہوگئی۔ اسی عرصے کے دوران، ’فائیو اسٹار‘ ریویوز میں ۵۰ فیصد کمی واقع ہوئی۔ اوپن اے آئی نے ان رپورٹس پر عوامی طور پر کوئی تبصرہ نہیں کیا ہے۔
دوسری ایپ پر منتقل ہونے سے پہلے چیٹ جی پی ٹی سے اپنا ڈیٹا کیسے محفوظ کریں؟
کئی صارفین چیٹ جی پی ٹی موبائل ایپ کو ان انسٹال کر رہے ہیں اور اپنے اکاؤنٹس ڈیلیٹ کررہے ہیں۔ اگر آپ بھی ایسا کرنا چاہتے ہیں تو پہلے اس اے آئی ٹول سے اپنا ڈیٹا ضرور نکال لیں اور اپنے پاس محفوظ کرلیں۔ قارئین کی مدد کیلئے نیچے اس کا طریقہ کار بیان کیا گیا ہے۔
• سب سے پہلے کسی براؤزر میں جائیں اور chatgpt.com پر اپنے اکاؤنٹ میں لاگ ان کریں۔
• ویب سائٹ پر نیچے بائیں کونے میں اپنے پروفائل نام/آئیکن پر کلک کریں۔
• مینو سے سیٹنگز Settings کا آپشن منتخب کریں۔
• سیٹنگز میں Data Controls پر جائیں اور Export پر کلک کریں۔
• اسکرین پر آنے والے پاپ اپ ونڈو میں Confirm export پر کلک کریں۔
• آپ کی درخواست پر آپ کا ڈیٹا رجسٹرڈ ای میل پر بھیج دیا جائے گا۔
• آپ کو اپنے ای میل پر ڈیٹا ڈاؤن لوڈ کرنے کا لنک موصول ہوگا جو ۲۴ گھنٹے میں ختم (expire) ہو جاتا ہے۔
واضح رہے کہ ایکسپورٹ کئے گئے ڈیٹا میں آپ کے اکاؤنٹ کی معلومات، چیٹ بوٹ کے ساتھ آپ کی گفتگو (HTML اور JSON فارمیٹ میں)، صارف کا ڈیٹا اور تمام میڈیا/تصاویر شامل ہوتی ہیں۔ یہ ڈیٹا .zip فائل میں فراہم کیا جاتا ہے، جس میں موجود chat.html فائل کو براؤز میں کھول کر آپ اپنی چیٹ ہسٹری دیکھ سکتے ہیں۔ نیز، انفرادی چیٹس کو محفوظ کرنے کے لئے آپ اپنے براؤزر میں Print to PDF کے آپشن کا بھی استعمال کر سکتے ہیں۔