یش راج فلمز کی نئی فلم سے یہی پیغام دینے کی کوشش کی گئی ہے اورآپسی اتحاد کے ذریعہ فرقہ پرستی کا کھیل کھیلنے والوں کومنہ توڑ جواب دینےکا مشورہ بھی۔
EPAPER
Updated: September 23, 2023, 9:42 AM IST | Mohammad Habib | Mumbai
یش راج فلمز کی نئی فلم سے یہی پیغام دینے کی کوشش کی گئی ہے اورآپسی اتحاد کے ذریعہ فرقہ پرستی کا کھیل کھیلنے والوں کومنہ توڑ جواب دینےکا مشورہ بھی۔
دی گریٹ انڈین فیملی
(The Great Indian Family)
اسٹار کاسٹ:وکی کوشل،مانوشی چھلر،کمود مشرا، منوج پاہوا، یشپال شرما، آصف شیخ،سوگت گھوش، بھوون اروڑا، الکا امین۔
ہدایتکار: وجے کرشن اچاریہ
رائٹر: وجے کرشن اچاریہ
پروڈیوسر: آدتیہ چوپڑا،سنجے شیوالکر۔
میوزک: پریتم چکرورتی ،کنگشوک چکرورتی۔
سنیماٹوگرافی: ایاننکا بوس
ایڈیٹنگ: چارو شریرائے
کاسٹیوم: شیتل شرما
آرٹ ڈائریکٹر:رچنا منڈل، تنوشری سرکار
ریٹنگ: ***
ہندوستان ایک خاندان کے مانند ہے بلکہ یہ ایک عظیم خاندان ہے۔ اس کے عظیم ہونے کی ایک اہم وجہ یہاں پایا جانے والاتنوع اور اس تنوع کےباوجود لوگوں کا ایک دوسرے کے ساتھ مل جل کررہنا ہے۔ یش راج فلمز کی فلم’دی گریٹ انڈین فیملی‘اسی اہم بات کی جانب صرف اشارہ نہیں کرتی بلکہ واضح الفاظ میں سب کو سمجھانے کی کوشش کرتی ہے۔ ایک ایسے وقت میں جب ملک میں فرقہ پرستی کا زہر پھیلتاجارہا ہےبلکہ جان بوجھ کر تیزرفتاری سے پھیلایا جارہاہے، ایسی فلموں کی ضرورت بڑھ جاتی ہے۔
موضوع: فلم’دی گریٹ انڈین فیملی‘ کا اہم ترین موضوع یہی ہے کہ کچھ لوگ اپنے تھوڑے سےنجی فائدےکیلئےکہیں بھی نفرت کی دیوار کھڑی کرنے اور اسے اپنے مفاد میں استعمال کرنے سے نہیں چوکتے۔ یہ شاید ملک کے موجودہ سیاسی حالات کی جانب اشارہ ہے۔ اس فلم کے ذریعہ پیغام دینے کی کوشش کی گئی ہے کہ مذہب کی بنیاد پر بھید بھائو صرف کچھ مطلب پرست لوگ پیدا کرنے کی کوشش کرتے ہیں جبکہ بطور ایک خاندان(ہندوستانی)ہمیں اپنی اخوت و بھائی چارگی کی روایات برقرار ررکھتےہوئے ان فرقہ پرستوں کو منہ توڑ جواب دینا چاہئے اور آپس میں مل جل کر رہنا چاہئے۔
کہانی:’دی گریٹ انڈین فیملی‘ یوپی کے شہر بلرامپور کی ایک پنڈت فیملی کی کہانی ہے اوراسے سنانے والا فیملی کا نوجوان وید ویاس ترپاٹھی(وکی کوشل)ہے جو بھجن کمارکے نام سے مشہور ہے۔ وہ پورے شہر میں بھجن گانے کیلئے شہرت رکھتاہے اور اس کے والد (کمود مشرا) کو بھی بطور پنڈت شہرت اور عزت حاصل ہے اور ہر کوئی ان سے ہی اپنی تقریبات پر پوجا کروانا چاہتا ہے۔ شہر میں ایک اور پنڈت (یشپال شرما)بھی ہے جواس بات سےپریشان رہتاہے اور اس خاندان کو نقصان پہنچاکرفائدہ اٹھاناچاہتاہے۔ والد کی غیر موجودگی میں بھجن کمار کے گھر ایک خط بھیج کرکوئی بتاتا ہے کہ وہ پیدائشی طور پر مسلمان ہے۔ مخالفت کرنےوالا پنڈت (یشپال شرما)اوراس کابیٹا (آصف خان) اس بات کاناجائز فائدہ اٹھانے کی کوشش کرتے ہیں۔ حالات کیا کروٹ لیتےہیں یہ آپ کو تھیٹر میں جاکر دیکھنا ہوگا۔
ہدایت کاری: دھوم،دھوم ۲؍ اور گرو جیسی مشہور اور کامیاب فلموں کے ہدایت کار وجے کرشن اچاریہ نے ایک اور عمدہ فلم پیش کرنے کی کوشش کی ہے۔اس فلم کی سب سے اچھی بات وہ پیغام ہےجو اس فلم کے ذریعہ دینےکی کوشش کی گئی ہے۔ اس کیلئے ہر اس چیزکا بھرپوراستعمال کیا گیا ہے جو عام طور پر فلم کی کامیابی کی ضمانت تسلیم کئے جاتے ہیں جن میں مزاح،موسیقی اور تھرل شامل ہیں اور ان کامتوازن مقدار میں بخوبی استعمال کیا گیا ہے۔
اداکاری: فلم کے ہیرو وکی کوشل نےایک عام سےنوجوان کا کردار عمدگی سےنبھایا ہے۔انہوں نے ہیرو والا کرشماتی انداز بھی پیش کرنے کی کوشش کی اور حالات کے منجدھار میں پھنسے ایک بےبس نوجوان کے کردار کو بھی عمدگی سے ادا کیا ہے۔مانوشی چھلرکو زیادہ کچھ کرنے کا موقع نہیں ملا اور جتنا موقع ملا اس میں بھی وہ متاثر کرنےمیں ناکام ثابت ہوئی ہیں ۔ بقیہ اداکار مشہور کیریکٹر ایکٹرہیں اور عمدہ اداکاری کرنا جانتے ہیں پھر چاہے وہ کمود مشرا ہوں ،منوج پاہوا ہوں یا یشپال شرما سب نے اپنا اپنا کرداربخوبی اداکیا ہے۔ اس میں کچھ ایسے اداکار بھی ہیں جو زیادہ شہرت نہیں رکھتےان میں بھوون اروڑا،آصف خان اور اشوتوش اجول شامل ہیں ، انہوں نےبھی اچھی اداکاری کا مظاہرہ کیا ہے۔
سنیماٹوگرافی: ایاننکا بوس نےبھی اپنا کام بخوبی ادا کیا ہے اور یش راج کی روایت کو برقرار رکھتےہوئے بھجن گانے کیلئے نہایت شانداراسٹیج بنائےہیں جبکہ شہر کے گلی محلے بھی بہتر طور پرپیش کئے ہیں حالانکہ مسلم محلے کے نام پر مبالغہ آرائی کی گئی ہے۔
نتیجہ: یش راج فلمز کےتحت بنائی گئی اس فلم کی ریلیز سے پہلے زیادہ تشہیر نہیں کی گئی شاید فلمسازوں کوفلم کی مخالفت کئے جانےکااندیشہ رہا ہویا کوئی اور وجہ جو اس کے گمنام رہنے کا سبب بن سکتاہےلیکن نامساعد حالات میں ایسی جرأت مندانہ فلم کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچنا چاہئے اور اس کے پیغام کو سب تک پہنچانےکیلئے اسے ایک مرتبہ ضرور دیکھنا چاہئے۔