اس کے ڈیزائن کو بہتر کیا گیا ہے۔ ڈسپلے اورسافٹ ویئر بھی بہتر کیا گیالیکن ہارڈویئر میں زیادہ کچھ نہیں بڑھایاگیا، بیٹری کافی عمدہ ہے۔
EPAPER
Updated: April 13, 2026, 11:19 AM IST | Mohammed Habib | Mumbai
اس کے ڈیزائن کو بہتر کیا گیا ہے۔ ڈسپلے اورسافٹ ویئر بھی بہتر کیا گیالیکن ہارڈویئر میں زیادہ کچھ نہیں بڑھایاگیا، بیٹری کافی عمدہ ہے۔
موجودہ دور میں جب اسمارٹ فون کی دنیا مہنگائی، میموری کی کمی اورشدید مقابلے کے دباؤ میں سانس لے رہی ہے، ایسے میں نتھنگ کا اپنے فلیگ شپ فون کو مؤخر کرنا کوئی معمولی فیصلہ نہیں۔ یہ وہ بازار ہے جہاں بڑے برانڈز طوفان کا رخ موڑ لیتےہیں، مگر چھوٹے کھلاڑی اکثر اسی طوفان میں بہہ جاتےہیں۔ ایسے میں سوال صرف یہی رہ جاتا ہےآپ اپنی جیب سے کیا خرچ کر سکتے ہیں، اور اس کے بدلے آپ کو کیا ملتا ہے؟اسی پس منظر میں ’ نتھنگ فون ۴؍اے پرو‘سامنے آتا ہے، جو اپنے پیشرونتھنگ فون۳؍اے پروکےمقابلے میں نہ صرف مہنگاہےبلکہ ایک نئے زمرےپریمیم—میں قدم رکھ چکا ہے۔
ڈیزائن
نتھنگ فون۴؍اےپرو کا ڈیزائن ایک واضح تبدیلی کی کہانی سناتاہے۔ ایئرکرافٹ گریڈ ایلومینیم سے تیار کردہ میٹل یونی باڈی اسے ایک باوقار اور مضبوط شناخت دیتی ہے۔ وزن میں فرق معمولی سہی، لیکن پتلا ہونے کی وجہ سے یہ ہاتھ میں پکڑنازیادہ آرامدہ ہے۔ کیمرا ماڈیول بھی مکمل طور پر بدل چکا ہے۔ پرانے’کوکی شیپ‘ ڈیزائن کی جگہ اب ایک بلبلانما، ابھرا ہوا ماڈیول ہے۔ پولی کاربونیٹ سے بنا یہ حصہ مضبوط محسوس ہوتاہے۔
ڈسپلے
اس کا ڈسپلے اس کی پریمیم شناخت کو مضبوط بناتاہے۔ بڑا سائز، زیادہ پکسل ڈینسٹی، اورکورننگ گوریلا گلاس۷؍آئی کی حفاظت اسے نہ صرف خوبصورت بلکہ مضبوط بھی بناتی ہے۔ فلیکسیبل امولیڈپینل کےباعث پتلااور یکساں بارڈرز دیکھنے کو ملتے ہیں۔ ۱۶۰۰؍نٹس کی ہائی برائٹنس اور۵؍ہزارنٹس کی پیک برائٹنس دھوپ میں بھی اسکرین کو واضح رکھتی ہے۔ رنگ گہرے اور شوخ ہیں، مگر ایچ ڈی آرکا تجربہ مکمل نہیں لگتا، خاص طور پر نیٹ فلکس اور یوٹیوب پر، جہاں کاغذی دعوے حقیقت میں پوری طرح نہیں اترتے۔
یہ بھی پڑھئے: شائومی ۱۷: ایک اور کمپیکٹ فلیگ شپ اسمارٹ فون
سافٹ ویئر
نتھنگ او ایس کانیا ورژن۴ء۱؍آج کے اینڈرائیڈ انٹرفیسز کے درمیان ایک تازہ ہوا کا جھونکا ہے۔ جہاں باقی کمپنیاں آئی او ایس ۲۶؍کی نقل میں مصروف ہیں، وہیں نتھنگ اپنی منفرد شناخت برقرار رکھے ہوئے ہے۔ گلیف میٹرکس(یاگلیف بار)اب اینڈرائڈ۱۶؍ کےلائیو اپ ڈیٹ کو سپورٹ کرتا ہے، جو روزمرہ استعمال میں واقعی کارآمد ثابت ہوتا ہے۔
ہارڈ ویئر
یہ وہ مقام ہے جہاں نتھنگ فون۴؍اے پرو لڑکھڑاتا ہے۔ جہاں اس کی قیمت بڑھ چکی ہے، وہیں کارکردگی تقریباً ویسی ہی ہے جیسی۳؍اےپرومیں تھی۔
کیمرہ
کیمرا سیٹ اپ میں معمولی مگر اہم بہتری آئی ہےخاص طور پر ۳ء۵؍ایکس آپٹیکل زوم والے پیری اسکوپ لینس کی شمولیت۔ ٹریو لینس انجن ۴؍تصاویر کو زیادہ حقیقی بنانے کا دعویٰ کرتا ہے، اور کسی حد تک یہ کامیاب بھی ہوتا ہے۔ مگر الٹرا وائیڈ کیمرا اس قیمت کے لحاظ سے متاثر کن نہیں۔ دن کی روشنی میں مناسب تفصیل ملتی ہے، مگر ڈائنامک رینج محدود ہے۔
بیٹری
بیٹری کارکردگی اس فون کی سب سے بڑی طاقتوں میں سے ایک ہے۔ ٹیسٹ کے دوران یہ ۲۱؍گھنٹے چلتا ہےجبکہ روزمرہ استعمال میں یہ آسانی سے ایک دن سے زیادہ چل جاتا ہے۔ زیادہ استعمال کرنے پر بھی دن کے اختتام پر مناسب بیٹری باقی رہتی ہے۔
چند اہم باتیں
اسکرین
۶ء۸۳؍انچ امولیڈ، ۱ء۵؍کے
اینڈرائڈ ورژن
۱۶؍(۳؍سال او ایس، ۶؍سال سیکوریٹی)
سافٹ ویئر
نتھنگ او ایس ۴ء۱
پروسیسر
کوالکوم اسنیپ ڈریگون ۷؍ایلائٹ
ریم
۸/ ۱۲؍ جی بی
اسٹوریج
۱۲۸/۲۵۶؍ جی بی
مین کیمرہ
۵۰؍میگا پکسل
ٹیلی فوٹو
۵۰؍میگا پکسل
الٹرا وائڈ کیمرہ
۸؍میگا پکسل
سیلفی کیمرہ
۳۲؍میگا پکسل
بیٹری
۵؍ہزار۴۰۰؍ ایم اے ایچ