سی بی ایس ای کا ’’ری ایویلویشن ‘‘ پورٹل لانچ ہوتے ہی سائبر حملوں کا سیلاب آگیا، ایک لاکھ مرتبہ مختلف فائلوں تک رسائی کی بھی کوشش کی گئی
EPAPER
Updated: June 03, 2026, 8:15 AM IST | New Delhi
سی بی ایس ای کا ’’ری ایویلویشن ‘‘ پورٹل لانچ ہوتے ہی سائبر حملوں کا سیلاب آگیا، ایک لاکھ مرتبہ مختلف فائلوں تک رسائی کی بھی کوشش کی گئی
سینٹرل بورڈ آف سیکنڈری ایجوکیشن (سی بی ایس ای) کی مشکلات کم ہونے کا نام نہیں لے رہی ہیں جس کے سبب طلبہ کو بے حد پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ تقریباً ۴؍ دن کے صبر آزما انتظار کے بعد جب دوبارہ جانچ (ری-ایویلویشن) اور تصدیق کا پورٹل لانچ ہوا تو طلبہ کی خوشی کی انتہا نہ تھی لیکن طلبہ کی خوشی زیادہ دیر برقرار نہ رہ سکی کیونکہ پورٹل لانچ ہونے کے کچھ ہی وقفے کے بعد ٹھپ پڑ گیا۔ اس کی وجہ خود سی بی ایس ای نے یہ بتائی کہ اس کے پورٹل پر ۲؍ منٹ کے اندر اندر ۱۵؍ لاکھ مرتبہ سائبر حملے کی کوشش کی گئی جس سے طلبہ کو اسکرین پر یہ پیغام نظر آیا کہ ’’ سروس بند ہے ‘‘ ، ساتھ ہی تھوڑے ہی وقفے میں ایک لاکھ مرتبہ پورٹل کی مختلف حساس فائلوں تک رسائی کی کوشش بھی کی گئی ۔ سی بی ایس ای نے اس کے ساتھ ہی یہ دعویٰ کیا کہ ان کوششوں کو بورڈ کی سائبر ٹیم نے بڑی حد تک ناکام بنادیا لیکن اس کی وجہ سے پورٹل کافی دیر تک متاثر رہا ۔
پورٹل کے متاثر رہنے کی وجہ سے طلبہ بے حد پریشانی میں مبتلا ہوئے اور ان کی سوشل میڈیا پر شکایات آنے لگیں۔ اس درمیان سی بی ایس ای نے ری-ایویلویشن پورٹل دوبارہ بحال ہونے کا دعویٰ کیا ہے۔ اس سے قبل میڈیا رپورٹس کے مطابق بیشتر طلبہ کو تمام تفصیلات بھرنے کے بعد بھی اسکرین فریز ہونے کی پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑا۔ اس کے ساتھ ہی طلبہ نے سوشل میڈیا پر درپیش خرابیوں کی ویڈیوس بھی شیئر کیں۔ کچھ طلبہ نے پورٹل پر لاگ اِن کرنے سے متعلق شکایات بھی درج کرائیں۔ سی بی ایس ای کے مطابق یہ تمام پریشانیاں سائبر حملے کی وجہ سےہی ہوئیں۔فی الحال بورڈ کی ٹیم اس بات کی جانچ میں مصروف ہے کہ سائبر حملے کرنے والے کون ہیں اور یہ کہاں سے آپریٹ کررہے تھے۔قابل ذکر ہے کہ بورڈ کی جانب سے پورٹل لانچ کرنے کا کئی بار اعلان کیا گیا تھا اور جب طلبہ نے اسے استعمال کرنا شروع کیا تو کچھ ہی دیر بعد انہیں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ اس مسئلے سے ابتدائی طور پر۴؍ لاکھ سے زائد طلبہ متاثر ہوئے ہیں ۔ سی بی ایس ای نے جب اپنے ایکس اکائونٹ سے سائبر حملے کی اطلاع دی تو طلبہ نے وہاں پر بھی بورڈ کو گھیر لیا اور اس سے سخت سوالات پوچھنے لگےجس کے بعد کچھ وقت کیلئے بورڈ کے ہینڈل سے کوئی جواب نہیں دیا گیا۔دریں اثناءسی بی ایس ای تنازع کے درمیان مرکزی وزیر تعلیم دھرمیندر پردھان پر استعفیٰ کا زبردست دبائو ہے۔اپوزیشن پارٹیوں نے انہیں فوراً ہٹانے کے مطالبہ میں شدت پیدا کردی ہے۔