اس فون کو بناتے ہوئے اوپو کی توجہ کارکردگی سے زیادہ ڈیزائن پر دکھائی دیتی ہے، اس میں پروسیسر اور کیمرہ بھی اعلیٰ کوالیٹی کا ہی استعمال کیا گیا ہے۔
EPAPER
Updated: May 04, 2026, 3:01 PM IST | Mohammed Habib | Mumbai
اس فون کو بناتے ہوئے اوپو کی توجہ کارکردگی سے زیادہ ڈیزائن پر دکھائی دیتی ہے، اس میں پروسیسر اور کیمرہ بھی اعلیٰ کوالیٹی کا ہی استعمال کیا گیا ہے۔
اوپو کی ایف سیریز ہمیشہ سے ایک دلچسپ مقام پر کھڑی رہی ہے،ایک طرف گیمنگ کے شوقین افراد کے لیے بنائی گئی کے سیریز، اور دوسری طرف کیمرہ کے دیوانوں کے لیے رینوسیریز۔ ان دونوں کے درمیان ایف سیریز کو ایسا توازن قائم کرناتھا جہاں کارکردگی بھی مناسب ہو اور کیمرہ بھی دل جیت لے۔ مگر اس بار اوپونے کچھ الگ راستہ اختیار کیا ہے،جہاں توجہ کارکردگی سے زیادہ ڈیزائن پر مرکوز دکھائی دیتی ہے۔
قیمت
حال ہی میں ہندوستان میں لانچ ہونے والااوپو ایف۳۳؍ پرو۵؍جی اسی نئی سوچ کی عکاسی کرتا ہے۔۸؍جی بی ریم اور ۱۲۸؍ جی بی اسٹوریج کے ساتھ اس کی ابتدائی قیمت ۳۷؍ہزار ۹۹۹؍ روپے رکھی گئی ہے۔ بظاہر یہ فون اپنی انوکھی بناوٹ سے متاثر کرتا ہے، مگر اندرونی سطح پر کچھ سمجھوتے بھی نظر آتے ہیں خاص طور پر پرفارمنس کے معاملے میں۔
ڈیزائن
اگر اس فون کی سب سے بڑی خوبی تلاش کی جائے، تو وہ اس کا ڈیزائن ہے۔اوپوایف ۳۳؍ پرو ۵؍جی ایسا لگتا ہے جیسے کسی مصور نےاسے کینوس پر اتارا ہو۔اس کا پچھلا حصہ شفاف شیشے جیسے مواد سےبنا ہے، اور اس میں درختوں اور جھاڑیوں کی تہہ دار بناوٹ ایک وادی کا منظر پیش کرتی ہےجیسے ہماچل یا اوٹی کی خاموش وادیاں آپ کی ہتھیلی میں سمٹ آئی ہوں۔نیلے رنگ کے مختلف شیڈز روشنی کے ساتھ بدلتے ہیں، جیسے صبح سے شام تک آسمان اپنے رنگ بدلتا ہے۔ کیمرہ ماڈیول کسی حد تک آئی فون ۱۷؍پروسے متاثر دکھائی دیتا ہے، مگراپنی ایک الگ شناخت رکھتاہے۔ البتہ ڈوئل ایل ای ڈی رِنگ دیکھ کر جو توقع بنتی ہے، وہ پوری نہیں ہوتی، کیونکہ حقیقت میں یہ مکمل رنگ لائٹ نہیں ہے۔
ڈسپلے
۵۷ء۶؍ انچ کا امولیڈڈسپلے،فل ایچ ڈی+ ریزولوشن کے ساتھ، روزمرہ استعمال کے لیے کافی بہترہے۔ ۱۴۰۰؍نٹس کی برائٹنیس اسے دھوپ میں بھی قابل استعمال بناتی ہے۔ اسکرین پر اینٹی گلیئر تحفظ بھی موجود ہے، جو آنکھوں کو سکون دیتا ہے۔لیکن یہاں ایک کمی محسوس ہوتی ہے،اگر ریزولوشن تھوڑا زیادہ ہوتا، تو یہی اسکرین اس قیمت کے طبقے میں سبقت لے جا سکتا تھا۔
سافٹ ویئر
فون میں کلر او ایس ۱۶؍دیا گیا ہے، جو اینڈرائڈ ۱۶؍پر مبنی ہے۔یوزر انٹرفیس ہموار ہے، اینیمیشنز نرم ہیں، اور استعمال میں آسانی کا احساس دیتا ہے۔
ہارڈویئر
اس فون میں میڈیا ٹیک کاڈائمنسٹی ۶۳۶۰؍ میکس پروسیسر دیا گیاہے، جو ۶؍ایم ایم ٹیکنالوجی پر مبنی ہے۔ عام استعمال میں فون روانی سے چلتا ہےچاہے آپ ویڈیو کال کریں، کئی ایپس کھولیں یا براؤزر میں متعدد ٹیبز استعمال کریں۔
کیمرہ
۵۰؍میگا پکسل کا مین کیمرہ اچھی روشنی میں واضح اور رنگین تصاویر لیتاہے۔دھندلے موسم میں بھی تصاویر مناسب رہتی ہیں، اگرچہ رنگ کچھ مدھم ہو جاتے ہیں۔ پورٹریٹ موڈ میں موضوع اور پس منظر کے درمیان وہ باریک تفریق نہیں ملتی جس کی توقع ہوتی ہے۔ ۱۰؍ ایکس ڈیجیٹل زوم کا دعویٰ تو ہے، مگر حقیقت میں ۲؍ایکس کے بعد تصویر کی کوالٹی تیزی سے گرتی ہے۔
بیٹری
یہ موبائل اس معاملے میں سب پر بھاری پڑتا ہے۔ ۷؍ہزار ایم اے ایچ کی بڑی بیٹری اسے ایک مضبوط حریف بناتی ہے۔
چند اہم باتیں
اسکرین
۵۷ء۶؍ انچ
سافٹ ویئر
اینڈرائڈ ۱۶؍پر مبنی کلر او ایس ۱۶
پروسیسر
میڈیاٹیک ڈائمنسٹی ۶۳۶۰؍میکس
ریم
۸؍جی بی ایل پی ڈی ڈی آر۴؍
اسٹوریج
۲۵۶؍جی بی
پیچھے کی جانب کیمرہ
۵۰؍+۲؍میگاپکسل
سیلفی کیمرہ
۵؍میگا پکسل
بیٹری
۷؍ہزار ایم اے ایچ