خوردنی تیل، چاکلیٹ اور خشک میوہ جات میں بے ضابطگیاں سامنے آئیں، ایف ڈی اے نے واضح کیا کہ تہواروں کے دوران یہ مہم جاری رہے گی۔
ایف ڈی اے کی کارروائی کے دوران ضبط شدہ خوردنی تیل نظر آرہے ہیں۔ تصویر: آئی این این
دیوالی اور دیگر تہواروں کے پیش نظر فوڈ اینڈ ڈرگ ایڈمنسٹریشن (ایف ڈی اے) نے کوکن ڈویژن میں خصوصی مہم کے تحت کارروائی کرتے ہوئے بھیونڈی سمیت مختلف علاقوں سے۱۲؍ کروڑ ۴۲؍ لاکھ روپے مالیت کا مشتبہ غذائی اشیاء ضبط کی ہیں۔ جانچ میں غلط لیبلنگ، پیکنگ کی خامیاں اور ’ڈیٹ ایکسپائرڈ‘اشیاءکی موجودگی سامنے آئی۔
۲۹؍ اکتوبر کو بھیونڈی کے ڈی مارٹ پر چھاپہ مار کر ایک لاکھ۳۱؍ ہزار۲۱۱؍ کلوگرام خوردنی تیل ضبط کیا گیا جس کی مالیت۴؍ کروڑ۶؍ لاکھ روپے ہے۔
اس سے قبل امبیا ٹریڈرس سے ۹۸۳؍ کلوگرام تیل ضبط کرکے اس کا غذائی لائسنس معطل کردیا گیا تھا۔ یہاں پرانے ڈبوں میں غیر صاف ستھرے مقام پر تیل کی پیکنگ کی جارہی تھی۔
پنویل کے اجفان انٹرنیشنل ریٹیلز سے ۲۱ء۴؍ کروڑ روپے مالیت کی درآمد شدہ چاکلیٹ، خشک میوہ جات اور انرجی ڈرنکس جبکہ نوی ممبئی کے تربھے میں ساولہ فوڈس اینڈ کولڈ اسٹوریج سے۴ء۱۳؍ کروڑ روپے کی غذائی اشیاء ضبط کی گئیں۔ یہاں۲۶؍ اقسام کی ایک کروڑ۶۲؍ لاکھ روپے مالیت کی ڈیٹ ایکسپائرڈ اشیاء بھی ملی ہیں۔
ایف ڈی اے نے واضح کیا ہے کہ تہواروں کے دوران غذائی اشیاء میں ملاوٹ، غلط لیبلنگ اور ڈیٹ ایکسپائرڈا شیاء کی فروخت روکنے کے لئے جانچ مہم جاری رہے گی۔