اس کی مدد سے آسانی کے ساتھ ۱۵؍نومبر تک مشورے اوراعتراضات درج کرائے جاسکتے ہیں۔ علماء ،ائمہ اورعامۃ المسلمین کو توجہ دلائی گئی۔
EPAPER
Updated: November 04, 2026, 12:11 PM IST | Saeed Ahmed Khan | Mumbai
اس کی مدد سے آسانی کے ساتھ ۱۵؍نومبر تک مشورے اوراعتراضات درج کرائے جاسکتے ہیں۔ علماء ،ائمہ اورعامۃ المسلمین کو توجہ دلائی گئی۔
ریاستی حکومت کی جانب سے مہاراشٹر میںیکساں سول کوڈ (یو سی سی ) کے نفاذ کے سلسلے میں جاری کردہ ۳۷؍ سوالنامے پر اپنی رائے اور اعتراضات درج کرانے کے لئے آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ نے فیڈریشن آف مہاراشٹر مسلمس کے تعاون سے ایک نیا اور آسان کیو آرکوڈ جاری کیا ہے۔ اس کی مدد سے اب صرف ایک کلک کے ذریعے حکومت کے مطلوبہ سوالات کے تمام جوابات درج کئے جاسکتے ہیں۔اس کا آن لائن اجراء آل انڈیا مسلم پرسنل لاء بورڈ کے جنرل سیکریٹری مولانا فضل الرحیم مجددی نے کیا۔
آخری تاریخ۱۵؍نومبر ہے
ریاستی حکومت کی جانب سے یوسی سی کے تعلق سے مشورے اورتجاویز کےلئے آخری تاریخ ۱۵؍نومبرمقرر کی گئی ہے۔ اس سے قبل تک زیادہ سے زیادہ تعداد میں رائے اور اعتراضات کا اندراج ضروری ہےتاکہ حکومت کے ریکارڈ میں محفوظ ہوسکے۔ اس لئے ہر شخص اپنی ذمہ داری سمجھتے ہوئے اس جانب توجہ دے اوردوسروں کی مدد بھی کرے۔
یہ بھی پڑھئے:بھیونڈی میں ایف ڈی اے کی کارروائی،۴۲ء۱۲؍ کروڑ کا غذائی اشیاء ضبط
تاوو وا اس سے قبل بھی آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ نےگزشتہ جمعرات کوممبئی امن کمیٹی کے دفتر میں ایک کیو آرکوڈ کا اجراء کیا تھا۔ اس کے ذریعے بڑی تعداد میں لوگوں نے یوسی سی کے خلاف اپنی رائے حکومت تک پہنچائی۔مگربعض افراد کی جانب سے یہ تجویز پیش کی گئی کہ اُس کیو آرکوڈ کے استعمال میں لوگوں کو دشواری پیش آرہی ہے، اس لئے ایسا آسان طریقہ متعارف کرایا جائے جس کے ذریعے ایک ہی کلک میں تمام مطلوبہ جوابات حکومت کے پورٹل پر جمع ہوجائیں۔
اسی ضرورت پیش نظرآل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ اور فیڈریشن آف مہاراشٹر مسلمس کی تکنیکی ٹیم نے ایک نیاکیو آر کوڈ تیار کیا اوراس کا اجرا منگل ۳؍ نومبر کوبورڈ کے جنرل سیکریٹری مولانا فضل الرحیم مجددی نے جامعہ ہدایہ( جے پور) میں آن لائن بٹن دبا کر کیا۔ اس موقع پر جامعہ ہدایہ میں مولانا ابرار ندوی، مولانا عابد خان رحیمی اور لیکچرار محمد سلیم سمیت بورڈ کے متعدد معاونین موجود تھےجبکہ ممبئی میں آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ اور فیڈریشن آف مہاراشٹر مسلمس کے ذمہ داران نے بھی آن لائن شرکت کی۔ان تفصیلات سے بورڈ کے رکن مولانا محمود خان دریابادی نےنمائندۂ انقلاب کو آگاہ کرایا۔
اس ضمن میں علمائے کرام اور ائمہ مساجد سے خصوصی درخواست کی گئی ہے کہ وہ اپنے خطابات اور جمعہ کے خطبات میںیو سی سی کے مسئلے کو موضوع بنائیں، عوام میں اس سلسلے میں بیداری پیدا کریں اور لوگوں کو اس آسان کیو آر کوڈ کی مدد سےاپنی رائے حکومت تک پہنچانے کی ترغیب دیں۔یہ بھی خیال رہے کہ یہ انتہائی اہم عمل ہے اس میں غفلت نہ ہو، ہر شخص اپنی ذمہ داری سمجھتے ہوئے اس میںعملی طور پرحصہ لے۔