اس کے تینوں کیمرے ۲۰۰؍میگا پکسل اور سیلفی کیمرہ ۵۰؍میگا پکسل کا ہے،بیٹری بھی۸۰؍واٹ سپر فاسٹ چارجنگ کے ساتھ ۸؍ہزار ایم اے ایچ کی ہے۔
EPAPER
Updated: November 16, 2026, 1:20 PM IST | Mohammed Habib | Mumbai
اس کے تینوں کیمرے ۲۰۰؍میگا پکسل اور سیلفی کیمرہ ۵۰؍میگا پکسل کا ہے،بیٹری بھی۸۰؍واٹ سپر فاسٹ چارجنگ کے ساتھ ۸؍ہزار ایم اے ایچ کی ہے۔
اسمارٹ فون کے مختلف زمروں میں قیمتوں میں اضافے کے باوجود موبائل فون بنانےوالی کمپنیاں ایسے فلیگ شپ فون پیش کرنے سےپیچھے نہیں ہٹ رہی ہیں جو ٹیکنالوجی کے نئے معیار قائم کررہے ہیں۔اس سلسلے کی تازہ ترین پیش رفت اوپو فائنڈ ایکس ۱۰؍پرو میکس ہے۔ فائنڈ ایکس ۱۰؍سیریز کے نئے فون کے ساتھ فلیگ شپ اسمارٹ فونز کی دوڑ مزید دلچسپ اور سخت ہوگئی ہے۔
قیمت:ہندوستان میں اس فون کے واحد ماڈل کی قیمت ایک لاکھ ۹۹؍ہزار ۹۹۹؍ یعنی ۲؍ لاکھ روپے رکھی گئی ہے، جس میں ۱۲؍ جی بی ریم اور۵۱۲؍جی بی اسٹوریج دستیاب ہے۔ موجودہ دور کے فلیگ شپ فونز کے لحاظ سے بھی یہ ایک بہت بڑی رقم ہے۔
یہ بھی پڑھئے: سیمسنگ گلیکسی ٹیب ایس۱۲؍ پلس: کیا یہ لیپ ٹاپ کا متبادل بن سکتا ہے؟
ڈیزائن:اوپونےاس فون کو ایک منفرد شناخت دینے کی کوشش کی ہے،تاہم اس کے ڈیزائن کو غیر ضروری طور پر پیچیدہ نہیں بنایا گیا۔ فون میں فلیٹ ایلومینیم فریم،ہلکے گول کنارے اور شیشے کا بیک پینل دیا گیاہے، جو اسے ایک پریمیم اسمارٹ فون کا روپ دیتا ہے۔ اس کے پچھلے حصے میں موجود کیمرہ ماڈیول سب سے زیادہ نمایاں ہے۔ کمپنی نے فون کے فوٹوگرافی پر مرکوز ہونے کو چھپانے کی کوئی خاص کوشش نہیں کی ہے۔ تاہم دوسرے الٹرا اینڈرائیڈ فلیگ شپ فونز کے برعکس اس کا ڈیزائن اپنی صلاحیتوں کا غیر ضروری اظہار نہیں کرتا۔
ڈسپلے:ڈسپلےکے معاملے میں اس فون میں شکایت کی زیادہ گنجائش نہیں رہتی۔ درحقیقت اوپوکےکسی اسمارٹ فون میں کافی عرصے بعد اتنی بہترین اسکرین دیکھنے کو ملی ہے۔ اس فون میں ۶ء۷۸؍انچ کا ایل ٹی پی او امولیڈڈسپلے دیا گیا ہے۔فلیٹ ڈسپلے اور چاروں جانب یکساں۱ء۱۵؍ ملی میٹر کے باریک بیزلز کی وجہ سے اسکرین پر زیادہ جگہ دستیاب ہوتی ہے۔
ہارڈ ویئر:اوپوفائنڈ ایکس ۱۰؍پرو میکس میں میڈیا ٹیک کا ڈائمنسٹی ۹۶۰۰؍پروپروسیسر دیا گیا ہے، جسےٹی ایس ایم سی کے۲؍ نینومیٹرپروسیس پر تیار کیا گیا ہے۔ ہندوستان میں یہ فون ۱۲؍ جی بی ایل پی ڈی ڈی آر۵؍ ایکس ریم اور ۵۱۲؍ جی بی اسٹوریج کے ساتھ دستیاب ہے۔ یہ تمام خصوصیات ایک پریمیم فلیگ شپ فون کے معیارکے مطابق ہیں اور اس کی کارکردگی بھی بڑی حد تک توقعات پر پوری اترتی ہے۔
کی بورڈ: اگراس فون کوخریدنے کی کوئی ایک بڑی وجہ ہے تو وہ اس کاکیمرہ سسٹم ہے۔اوپونےاس فون کے پچھلے حصے میں۲۰۰؍ میگا پکسل کے۳؍کیمرے دیے ہیں۔ ہر کیمرے کو فلیگ شپ سطح کی فوٹوگرافی کے لیے تیار کیا گیا ہے، تاکہ تمام کام صرف ایک مرکزی کیمرے پر منحصر نہ رہے۔مین کیمرے کے ساتھ ۱۳؍ملی میٹر مساوی لینس والا۲۰۰؍میگا پکسل الٹرا وائیڈ کیمرہ اور تقریباً۳؍گنا آپٹیکل زوم فراہم کرنے والا۲۰۰؍میگا پکسل پیرسکوپ ٹیلی فوٹو کیمرہ بھی دیا گیا ہے۔ سیلفی اور ویڈیو کالنگ کے لیے فون کے فرنٹ پر آٹو فوکس کی سہولت والا ۵۰؍ میگا پکسل کیمرہ موجود ہے۔ویڈیو ریکارڈنگ کے لیے اس میں’۸؍کے‘ریکارڈنگ، ۱۲۰؍ فریم فی سیکنڈپر ’۴؍کے‘ویڈیو، ڈولبی وژن اور پروفیشنل فیچرزکی سہولت دی گئی ہے۔
یہ بھی پڑھئے: آئی فون ۱۸؍پرو میکس: شاندار اسمارٹ فون، لیکن زیادہ بڑی تبدیلی نہیں
بیٹری: بیٹری لائف ایک اور اہم وجہ ہے جس کی بنیاد پر فائنڈ ایکس ۱۰؍پرو میکس اپنے حریف اسمارٹ فونز سے الگ نظر آتا ہے۔ اس میں۸؍ہزار ایم اے ایچ کی بڑی سلیکون کاربن بیٹری دی گئی ہے،جو اس سال کے فلیگ شپ اسمارٹ فونزمیں اسے خاص مقام دلاتی ہے۔ خصوصاً ان صارفین کے لیے یہ فون دلچسپی کا باعث ہوسکتا ہے جو زیادہ دیر تک چلنے والی بیٹری کو ترجیح دیتے ہیں۔اس کے ساتھ ہی اس میں تیزرفتاری سے چارجنگ کی بھی سہولت موجود ہے۔ اس میں وائر سے ۸۰؍واٹ کا سوپر وی او او سی ،۵۰؍واٹ کا ائیر وی او او سی وائر لیس چارجنگ کی سہولت موجود ہے۔
چند اہم باتیں
اسکرین
۶ء۷۸ ؍انچ ایل ٹی پی او امولیڈ
پروسیسر
میڈیا ٹیک ڈائمنسٹی ۹۶۰۰؍پرو
سافٹ ویئر
اینڈرائڈ ۱۷؍ کی بنیاد پرکلر او ایس ۱۷
ریم
۱۲؍جی بی
اسٹوریج
۵۱۲؍ جی بی
کیمرے
مین:۲۰۰،الٹراوائڈ:۲۰۰، ٹیلی فوٹو ۲۰۰؍
سیلفی کیمرہ
۵۰؍میگا پکسل
بیٹری
۸؍ہزارایم اے ایچ
فاسٹ چارج
وائر:۸۰؍ واٹ،وائرلیس:۵۰؍واٹ
یاد رہے: یہ محض رہنمائی کا کالم ہے، کسی بھی آلے کی قیمت یا فیچر وغیرہ
کی حتمی تفصیل قارئین خود حاصل کرکے اطمینان کرلیں۔